بٹ اور عامر پر پابندی برقرار
31 اکتوبر 2010یہ فیصلہ دبئی میں آئی سی سی کے صدر دفتر میں دو روزہ سماعت کے بعد کیا گیا۔ عالمی کرکٹ کونسل میں ضابطہ اخلاق کے کمشنر مائیکل بیلوف نے سماعت کے بعد کہا کہ درخواست کے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھنے کے بعد پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد اب سلمان بٹ، محمد عامر اور محمد آصف پر بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کی عارضی پابندی برقرار رہے گی۔ محمد آصف کے دبئی میں داخلے پر چونکہ پابندی ہے لہٰذا انہوں نے اپنی درخواست پہلے ہی واپس لے لی تھی۔
فیصلے کے مطابق تینوں کھلاڑیوں کو اب آئی سی سی میں ضابطہ اخلاق کے کمیشن کے سامنے پیش ہونا ہوگا، جس کی تاریخ جلد طے کی جائے گی۔ انگلینڈ میں سپاٹ فکسنگ کا سکینڈل سامنے آنے کے بعد سے سابق ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ اور فاسٹ بولرز محمد عامر اور محمد آصف پر بین الاقوامی میچز کھیلنے کی پابندی ہے۔
برطانوی جریدے دی نیوز آف دی ورلڈ میں سپاٹ فکسنگ کی خبر شائع ہونے کے بعد برطانوی پولیس بھی ان پاکستانی کھلاڑیوں سے پوچھ گچھ کرچکی ہے تاہم ان پر باضابطہ طور پر کوئی جرم عائد نہیں کیا گیا۔
دبئی میں درخواست کی سماعت کے دوران بٹ اور عامر نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کو مسترد کیا تاہم بیلوف کا کہنا تھا کہ وہ اس بات کے مجاز نہیں کہ کھلاڑیوں کو گناہ گار یا بے گناہ قرار دیں البتہ آئی سی سی کا کمیشن اس کا فیصلہ کرے گا۔
رپورٹ: شادی خان سیف
ادارت: ندیم گِل