1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بٹ کی کھلاڑیوں کو صبر و تحمل کی تلقین

18 جولائی 2010

ٹیسٹ کرکٹ کے لئے پاکستانی دستے کے نئے کپتان سلمان بٹ نے جیت کے لئے کھلاڑیوں میں تحمل اور برداشت کو انتہائی اہم قرار دیا ہے۔

سلمان بٹتصویر: AP

شاہد خان آفریدی کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ کو دوبارہ خیر باد کہہ دینے کے بعد سلمان بٹ کو ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے۔

آفریدی نے آسٹریلیا سے لارڈز ٹیسٹ میں 150 رنز کی شکست کے فوری بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ اطلاعات ہیں کہ آفریدی آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے بعد ذمہ داریاں سلمان بٹ کو منتقل کریں گے۔

انضمام الحق کے مطابق آفریدی کو ٹیسٹ کپتان مقرر کرنے کا فیصلہ ہی غلط تھاتصویر: AP

بیشتر سابق کرکٹرز نے موجودہ صورتحال پر اپنے تبصروں میں کرکٹ بورڈ کی پالیسیوں کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز انضمام الحق کے بقول آفریدی کو قائد بنانے کا فیصلہ سرے سی ہی غلط تھا۔ ’’آفریدی پر زبردستی یہ ذمہ داری ڈالنے کا نقصان پاکستان کرکٹ کو ہوا ہے۔ ‘‘ انضمام 2006ء کے دورہ ء انگلینڈ کے موقع پر کپتان تھے، انہوں نے فوری طور پر ٹیم میں یونس خان اور محمد یوسف کی واپسی پر زور دیا ہے۔

یاد رہے کہ یونس پر عائد پابندی اٹھالی گئی ہے اور بہت زیادہ امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ وہ دورہ ء انگلینڈ کے لئے منتخب کر لئے جائیں گے تاہم مبینہ طور پر بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ نے انہیں ’کلیئر‘ قرار نہیں دیا۔ یوسف اگرچہ کرکٹ کو خیر باد کہہ چکے ہیں تاہم پاکستانی میڈیا میں قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ شاید انہیں دوبارہ ٹیم میں بلا لیا جائے۔

آفریدی کے بقول ان کا مزاج پانچ روزہ کرکٹ کھیلنے جیسا نہیں، وہ ایک روزہ اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی پر توجہ دینا چاہتے ہیںتصویر: AP

سابق ٹیسٹ کرکٹر اور سابق چیف سلیکٹر اقبال قاسم کے بقول آفریدی کی جانب سے اچانک ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ٹیم کے مورال پر منفی اثر مرتب کرسکتا ہے۔ قاسم کا کہنا ہے، ’’ ہم سب جانتے ہیں کہ اس نے کپتانی کی ذمہ داری نہ چاہتے ہوئے قبول کی تھی مگر جب ایک مرتبہ ذمہ داری اٹھائی تو پھر اسے پورا کرنا چاہئے تھا۔ ‘‘

ٹیسٹ ٹیم کے نئے کپتان سلمان بٹ افتتاحی بلے باز ہیں اور گزشتہ میچ میں نمایاں کارکردگی دکھا چکے ہیں۔ انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی دونوں اننگز میں سب سے زیادہ، 63 اور 92 رنز بنائے۔ بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے پچیس سالہ بٹ اب تک 28 ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں۔ وہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے تین سنچریاں بناچکے ہیں اور ان کی بیٹنگ اوسط 32.75 ہے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں