بچوں سے جنسی زیادتیاں، کولمبیا میں سینکڑوں ملزم گرفتار
22 اپریل 2015قریب 50 ملین کی آبادی والے ملک کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا سے بدھ 22 اپریل کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق اٹارنی جنرل کے دفتر کی طرف سے بتایا گیا کہ بچوں سے جنسی زیادتیوں کے مرتکب افراد کے خلاف ملک کے مختلف شہروں اور قصبوں میں مارے جانے والے ان چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر 298 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔
ریاستی دفتر استغاثہ کے اہلکاروں نے منگل کی رات اے ایف پی کو بتایا کہ بیس اور اکیس اپریل کے روز مارے جانے والے ان چھاپوں کے دوران 21 اپریل کی رات تک قریب تین سو ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا تھا جبکہ مجموعی طور پر 1180 ملزمان کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔
حکام نے کولمبیا میں بچوں سے جنسی زیادتی کے واقعات سے متعلق تازہ ترین اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا کہ سال رواں کےدوران اب تک ملک میں جنسی زیادتی کے 11 ہزار 729 واقعات سے متعلق مقدمات درج کیے جا چکے ہیں اور ان جرائم کا نشانہ بننے والے نابالغ افراد کی تعداد 12 ہزار 921 بنتی ہے۔
جنوبی امریکا میں کولمبیا کو بچوں سے جنسی زیادتی کے واقعات کے حوالے سے ایک ’خطرناک‘ ملک سمجھا جاتا ہے اور وہاں اس سال کے دوران اب تک جنسی زیادتی اور جنسی تشدد کے جتنے بھی واقعات رونما ہوئے، ان میں سے زیادہ تر کا نشانہ ایسے بچے بنے جن کی عمریں 14 سال سے کم تھیں۔
اقوام متحدہ کے بچوں کے امدادی ادارے یونیسیف نے بھی ابھی حال ہی میں اپنی ایک تازہ ترین رپورٹ میں کہا تھا کہ کولمبیا میں جنسی زیادتی کے جتنے بھی واقعات کی سرکاری سطح پر چھان بین کی جاتی ہے، ان میں سے 86 فیصد جرائم میں ایسے حملوں کا نشانہ بننے والے افراد نابالغ لڑکے اور لڑکیاں ہوتے ہیں۔