1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت:خالصتان حامیوں کے خلاف کارروائی پر اکال تخت برہم

جاوید اختر، نئی دہلی
28 مارچ 2023

بھارتی سکھوں کے اعلیٰ ترین مذہبی ادارے اکال تخت نے حکومت سے کہا ہے کہ مبینہ خالصتان نواز رہنما امرت پال سنگھ کی حمایت کے الزام میں گرفتار سینکڑوں سکھ نوجوانوں کو چوبیس گھنٹے کے اندر رہا کرے۔

Indien Punjab Amritsar Amritpal Singh am Goldenen Tempel
تصویر: Stringer/REUTERS

سکھوں کے اعلیٰ ترین مذہبی ادارے اکال تخت نے خالصتان  حامی رہنما امرت پال سنگھ کے خلاف پنجاب پولیس کی کارروائی پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ اکال تخت نے پنجاب کی بھگونت مان حکومت اورمرکز کی نریندر مودی حکومت سے سوال کیا ہے کہ "جو لوگ ہندو راشٹر کا مطالبہ" کر رہے ہیں ان کے خلاف بھی اسی طرح کی کارروائی کیوں نہیں کی جارہی ہے؟

اکال تخت کے جتھیدار گیانی ہرپریت سنگھ نے ریاستی حکومت کو 24گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ امرت پال سنگھ کے خلاف کارروائی کے دوران جن سکھ نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے انہیں رہا کیا جائے۔

بھارتی پنجاب: خالصتان نواز رہنما پارلیمانی الیکشن میں کامیاب

خیال رہے کہ اکال تخت سکھوں کا اعلیٰ ترین ادارہ ہوتا ہے اور اس کے جتھیدار اس کے اعلیٰ ترجمان ہوتے ہیں۔

امرت پال سنگھ اور علیحدہ خالصتان کی مبینہ حمایت  کرنے کے الزام میں گرفتار کیے گئے افراد کے خلاف سیاہ قانون نیشنل سکیورٹی ایکٹ (این ایس اے) کے اطلاق پر سوال اٹھاتے ہوئے جتھیدار ہرپریت سنگھ نے کہا،

"ہندو راشٹر کا مطالبہ کرنے والے لاکھوں لوگ ہیں۔ انہیں بھی گرفتار کیا جانا چاہیے۔ انہیں بھی این ایس اے کے تحت گرفتار کیا جانا چاہئے۔"

اکال تخت کے جتھیدار نے متنبہ کیا کہ اگر گرفتار نوجوانوں کو رہا نہ کیا گیا تو پرتشدد مظاہرے ہو سکتے ہیںتصویر: IANS

'اگر رہا نہ کیا گیا تو تشدد پھوٹ سکتے ہیں'

پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے ریاستی پولیس سے کہا ہے کہ جن لوگوں کو احتیاطی اقدامات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے اور جو کسی ملک دشمن سرگرمی میں ملوث نہ پائے جائیں انہیں رہا کردیا جائے۔ انہوں نے تاہم کہا ہے کہ جوکوئی بھی امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ احتیاطی اقدامات کے تحت 353 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا ان میں سے 197 کو رہا کر دیا گیا ہے۔

اکال تخت کے جتھیدار نے متنبہ کیا کہ اگر گرفتار نوجوانوں کو رہا نہ کیا گیا تو پرتشدد مظاہرے ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا،"ہمیں جارحانہ نہیں ہونا چاہئے لیکن سفارتی لہجے میں جواب دینا چاہئے۔" انہوں نے مزید کہا کہ وہ پولیس کی حراست سے نوجوانوں کو رہائی کے لیے عدالت سے رجوع کریں گے۔

بھارت: سکھ علیحدگی پسندوں نے پنجاب کی 'خود مختاری اور آزادی' کا مطالبہ کر دیا

اکال تخت کے رہنما نے کہا کہ وہ بیساکھی کے بعد اس معاملے کو پورے ملک اور دنیا بھر میں اٹھائیں گے۔"ہم ہر ایک کو بتائیں گے کہ ہمارے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔"

انہوں نے مبینہ طورپر سکھوں کو بدنام کرنے پر نیوز چینلوں کو بھی نشانہ بنایا اور کہا کہ تفتیشی ایجنسیوں اور نیوز چینلوں کے ذریعہ سکھوں کے خلاف "بیانیہ" طے کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

جھتیدار نے کہا، "نیوز چینل منافرت پھیلارہے ہیں۔ ہمیں ان کے خلاف قانونی کارروائی کرنی ہوگی۔ کیا ہم دہشت گرد ہیں۔"

پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ احتیاطی اقدامات کے تحت 353 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا ان میں سے 197 کو رہا کر دیا گیا ہےتصویر: Narinder Nanu/AFP via Getty Images

امرت پال سنگھ کہاں ہیں؟

 بھارتی میڈیا کے مطابق امرت پال سنگھ بھارت سے نیپال چلے گئے ہیں۔

نیپال کے محکمہ امیگریشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت کی درخواست پر امرت پال سنگھ کو سرویلینس لسٹ پر ڈال دیا گیا ہے۔

بھارت: امرت پال سنگھ کی گرفتاری کے لیے چھاپے، متعدد گرفتار

نیپال کے محکمہ اطلاعات کے انفارمیشن افسر کمل پرساد پانڈے کا کہنا تھا، "ہمیں کٹھمنڈو میں بھارتی سفارت خانے سے ایک تحریری درخواست اور امرت پال سنگھ کے پاسپورٹ کی نقل موصول ہوئی ہے۔ خط میں شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ امرت پال نیپال میں داخل ہوگیا ہے۔"

اکال تخت نے اس سے قبل ایک بیان میں امرت پال سنگھ سے کہا تھا کہ وہ پولیس کے سامنے خودسپردگی کردے اور تفتیش میں تعاون کرے۔

انہوں نے پولیس کی اہلیت پر بھی سوال اٹھائے اور اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ پولیس آخر اب تک انہیں گرفتار کیوں نہیں کرسکی؟

 

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں