1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت:کورونا متاثرین کی تعداد ساڑھے چارلاکھ سے متجاوز

جاوید اختر، نئی دہلی
24 جون 2020

بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں تقریباً 16ہزار ریکارڈ نئے کیسز کے ساتھ کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد ساڑھے چار لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

Coronavirus Bestattung der Toten in Indien
تصویر: Reuters/F. Mascarenhas

 بھارت میں کووڈ 19 سے اب تک 14ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں تاہم اس وائرس کا شکار تقریباً ڈھائی لاکھ مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

بھارتی وزارت صحت کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق منگل 23 جون کو15968 نئے کیسز سامنے آئے جو ایک دن میں اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ اس کے ساتھ ہی کورونا وائرس سے متاثرین کی مجموعی تعداد چار لاکھ 56 ہزار 552 ہوگئی ہے۔ پچھلے 24 گھنٹے میں 465 لوگوں کی موت ہوگئی جس کے ساتھ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 14ہزار 483 ہوگئی ہے۔ البتہ پچھلے 24 گھنٹوں میں 10500مریض صحت یاب بھی ہوئے جس کے ساتھ صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ 58 ہزار 600ہوگئی ہے۔ اس طرح صحت یاب ہونے والوں کی شرح 56.70 فیصد ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت میں چونکہ ٹیسٹنگ بہت محدود تعداد میں ہورہی ہے اس لیے کووڈ19 سے متاثرین کی اصل تعداد کہیں زیادہ ہے۔ ایک ارب 30 کروڑ سے زیادہ آبادی والے بھارت میں اب تک صرف 75 لاکھ افراد کی ٹیسٹنگ ہوسکی ہے۔حکومت نے کل منگل کے روز 1000ویں ٹیسٹنگ لیباریٹری کا افتتاح کیا۔

بھارت کا قومی دارالحکومت دہلی کورونا وائرس سے متاثرین اور ہلاک ہونے والوں کے لحاظ سے اب دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ دہلی میں کووڈ 19 سے متاثرین کی تعداد 66 ہزار 602 ہوگئی ہے جبکہ 2301 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ تاہم شمشان گھاٹوں اور قبرستانوں کے ریکارڈ کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔

اسپتالوں میں بدنظمی پر سپریم کورٹ نے حکومت کی سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا تھا کہ مریضوں کا حال جانوروں سے بھی بدتر ہے۔تصویر: DW/A. Sharma

بھارت میں ملک گیر لاک ڈاون کے دوران عائد بندشوں پر جزوی چھوٹ دیے جانے کے بعد سے مختلف صوبوں اور بالخصوص دہلی میں نئے کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ منگل کے روز صرف ایک دن میں تقریباً چار ہزار نئے کیسز سامنے آئے، جو اب تک کی سب زیادہ تعداد ہے۔

دہلی کی تشویش ناک صورتحال کے مدنظر حکومت نے چھ جولائی سے ہر گھر کی اسکریننگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ دہلی کے اسپتالوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کے بدنظمی پر سپریم کورٹ نے اروند کیجریوال حکومت کی سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان مریضوں کا حال جانوروں سے بھی بدتر ہے۔

کورونا سے سب سے زیادہ متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے مغربی صوبہ مہاراشٹر اب بھی سرفہرست ہے۔ مہاراشٹر میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 40 ہزار کے قریب ہے جبکہ6531 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ جنوبی ریاست تمل ناڈو تیسرے نمبر پر ہے جہاں متاثرین کی تعداد 64 ہزار 603 ہے اور ایک ہزار 710 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

دریں اثنا مغربی بنگال میں حکمراں ترنمول کانگریس کے رکن اسمبلی تموناش گھوش کی کورونا سے آج موت ہوگئی۔ ان کی عمر 60 برس تھی۔ وہ مئی کے اواخر میں کورونا پازیٹیو پائے گئے تھے اور زیر علاج تھے۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتابنرجی نے تموناش گھوش کی وفات پر ٹویٹ کرکے کہا کہ وہ پچھلے 35 برسوں سے پارٹی سے وابستہ تھے، تین مرتبہ رکن اسمبلی رہے اور 1998سے پارٹی کے خازن تھے۔

بھارت: قیدیوں سے بھری جیلیں، کووڈ انیس کا گڑ بن سکتی ہیں

03:10

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں