بھارتی ایئرلائن انڈیگو اب عالمی سفر پر
20 جنوری 2011کمپنی کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہوابازی سے متعلق بھارتی وزارت نے انڈیگو کو مسقط، دبئی، سنگاپور اور بنکاک میں پروازیں شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ اس وقت انڈیگو کے پاس 34 ایئربس طیارے ہیں اور بھارت میں یومیہ 24 مقامات کی طرف221 پروازیں روانہ کی جاتی ہیں۔
انڈیگو کی طرف سے نئے طیاروں کی خریداری کے بارے میں ایئر بس بنانے والی کمپنی نےکہا ہے کہ تجارتی ہوا بازی کی تاریخ میں یہ کسی بھی ایک فرم کی طرف سے طیاروں کی خریداری کا سب سے بڑا آرڈر ہے۔ کم قیمت ٹکٹوں کے حوالے سے شہرت رکھنے والی اس ایئر لائن نے جس سمجھوتے پر دستخط کئے ہیں، اس کے تحت جدید ترین ایئر بس اے 320 طیارے خریدے جائیں گے۔ ان جدید ہوائی جہازوں میں ایسے انجن نصب کئے جائیں گے، جو زیادہ سے زیادہ تیل کی بچت کریں گے۔
انڈیگو وہ پہلی کمپنی ہے جو یہ جدید ترین ہوائی جہاز خریدنے جا رہی ہے۔ ان ہوائی جہازوں کی ترسیل 2016ء سے شروع ہوگی۔ انڈیگو کے بانی راکیش گنگوال کا کہنا ہے کہ کم ایندھن خرچ کرنے والے ان ہوائی جہازوں کی خرید سے انہیں کم کرائے والی ٹکٹوں کی پیشکش جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔ یہ ہوائی جہاز 15 فیصد تک تیل کی بچت کریں گے، جس کے ماحول پر بھی اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔
گنگوال کا کہنا ہے، ’نئے ہوائی جہازوں کا آرڈر بھارت کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے دیا گیا ہے۔ ہم نے یہ فیصلہ اس لئے بھی کیا ہے کہ نہ صرف تیل کی بچت ممکن ہوگی بلکہ یہ طیارے ماحول دوست بھی ہیں۔‘
ایئربس کمپنی کے چیف آپریٹنگ آفیسر کا کہنا ہے کہ اس معاہدے سے انڈیگو کمپنی کو بھارتی ہوائی سفر کی صنعت میں ایک مضبوط پوزیشن حاصل ہو جائے گی۔ ان کا کہنا ہے،’اس معاہدے سے متوقع طور پر انڈیگو مزید کامیابیوں کی طرف گامزن ہو جائے گی اور ہمیں خوشی ہے کہ یہ ہوائی کمپنی مستقبل کی تعمیر کے لئے ہمارے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔‘
ایئربس کمپنی نے کہا ہے کہ وہ اب تک 4500 طیارے 310 مختلف ایئر لائنز کو فروخت کر چکے ہیں، جبکہ تیرہ سو مزید ہوائی جہازوں کی تیاری کے آرڈر انہیں مل چکے ہیں۔
رپورٹ: امتیاز احمد
ادارت: افسراعوان