1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی خلائی ٹیکنالوجی ایک قدم اور آگے

امجد علی5 جنوری 2014

آج بھارت کا ایک چار سو پندرہ ٹن وزنی اور تقریباً پچاس میٹر لمبا راکٹ کامیابی کے ساتھ فضا میں پرواز کر گیا اور اُس نے ایک دو ٹن وزنی جدید ترین مواصلاتی سیارے کو کامیابی کے ساتھ زمین کے مدار میں مقررہ مقام پر پہنچا دیا۔

پانچ جنوری 2014ء کو مقامی وقت کے مطابق شام چار بج کر اٹھارہ منٹ پر بھارتی راکٹ کی پرواز کا ایک منظر
پانچ جنوری 2014ء کو مقامی وقت کے مطابق شام چار بج کر اٹھارہ منٹ پر بھارتی راکٹ کی پرواز کا ایک منظرتصویر: picture alliance/AP

یہ پرواز بھارتی خلائی پروگرام کے لیے ’تخت یا تختہ‘ کا درجہ ر کھتی تھی اور اس کی کامیابی پر بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے اپنے سائنسدانوں کو مبارکباد دی ہے۔ 80 بڑے ہاتھیوں جتنے وزن کے حامل اور ایک سترہ منزلہ عمارت جتنے بلند اس راکٹ GSLV-D5 کی پرواز کو بھارتی خلائی ٹیکنالوجی کے لیے ایک تاریخی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

جنوب مشرقی بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں سری ہاری کوٹا کے مقام سے روانہ ہونے والے اس مشن کی خاص بات یہ ہے کہ اس راکٹ میں پہلی مرتبہ بھارت میں مقامی سطح پر تیار کیا گیا راکٹ استعمال کیا گیا ہے۔ GSAT-14 نامی بھارتی مواصلاتی سیارے کو فضا میں پہنچانے کے اس مشن پر 350 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔ یہ مواصلاتی سیارہ GSAT-3 کی جگہ لے گا، جسے 2004ء میں لانچ کیا گیا تھا۔

بھارتی خلائی تحقیق کا مرکزتصویر: picture-alliance/AP

اکیس سال پہلے 1992ء میں بھارت نے یہ راکٹ ٹیکنالوجی روس سے درآمد کرنے کی کوشش کی تھی تاہم امریکا کی جانب سے مزاحمت کے سبب یہ کوشش ناکام ہو گئی تھی۔

طاقتور بوسٹر ٹیکنالوجی کے حامل اس بھارتی راکٹ میں انتہائی سرد مائع ایندھن (آکسیجن اور ہائیڈروجن) استعمال کیا جاتا ہے، جو بھاری سیٹلائٹس کو بھی زیادہ بلندی پر مثلاً زمین سے 36 ہزار کلومیٹر تک کی دوری پر بھی چھوڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

2001ء سے بھارت اس طرح کے کرایوجینک انجن روس سے خرید رہا تھا، جن میں سے اُس نے سات انجن مختلف مشنوں میں استعمال کیے۔

آج کی کامیاب پرواز کے ساتھ بھارت بھی دو ٹن سے زیادہ وزنی کمرشل سیٹیلائٹس لانچ کرنے والے اُن چند ممالک کی صف میں شامل ہو گیا ہے، جن میں امریکا کے ساتھ ساتھ روس، فرانس، جاپان اور چین بھی شامل ہیں۔ سیٹلائٹس فضا میں پہنچانے کی پُر کشش منڈی میں بھارت نے سب سے پہلے 2007ء میں قدم رکھے تھے، جب اُس نے ایک اطالوی مواصلاتی سیارے کو زمین کے مدار میں پہنچایا تھا۔

مریخ کی جانب بھیجا جانے والا بھارتی راکٹتصویر: picture-alliance/dpa

آج کی کامیاب پرواز کے فوراً بعد بھارت کے خلائی تحقیق کے ادارے ’انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن‘ ISRO کے سائنسدانوں نے ایک خصوصی تقریب میں اپنی کامیابی پر اظہار خیال کرتے ہوئے اس بات پر خوشی اور فخر کا اظہار کیا کہ جو ٹیکنالوجی بھارت کو دینے سے انکار کیا گیا تھا، بھارتی سائنسدان برسوں کی محنت کے بعد اُسے خود ہی تیار کرنے کے قابل ہو گئے ہیں۔ یہ اور بات ہے کہ اس منصوبے کو اس کامیابی سے پہلے بہت سی رکاوٹوں کا بھی سامنا رہا ہے۔

پہلی مرتبہ جب اس راکٹ کو اپریل 2010ء میں لانچ کیا گیا تھا تو یہ پرواز کے تھوڑی ہی دیر بعد خلیج بنگال میں گر کر تباہ ہو گیا تھا کیونکہ اس پر موجود کرایوجینک انجن آگ ہی نہیں پکڑ سکے تھے۔

گزشتہ سال اُنیس اگست کو اسے لانچ کرنے کا فیصلہ مقررہ وقت سے 74 منٹ قبل پہلے اُس وقت روک دیا گیا تھا، جب یہ پتہ چلا تھا کہ اس کے ایک انجن میں شگاف ہے۔

ابھی دو مہینے ق‍بل نومبر میں بھارت نے ایک خلائی جہاز کامیابی کے ساتھ مریخ کی جانب روانہ کیا تھا۔ بھارت اپنے اس مریخ مشن کے ذریعے اس سرخ سیارے تک پہنچنے والی پہلی ایشیائی ریاست بننا چاہتا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں