بھارتی مسافر طیارہ بھینس سے ٹکرا گیا
7 نومبر 2014نئی دہلی سے موصولہ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق یہ واقعہ مغربی بھارتی ریاست گجرات کے شہر سورت کے ہوائی اڈے پر پیش آیا، جو اپنے ماحول اور مضافات کی وجہ سے کافی حد تک کسی دیہی علاقے کا ہوائی اڈہ قرار دیا جا سکتا ہے۔
اس واقعے میں سپائس جیٹ Spicejet نامی ایئر لائن کا ایک مسافر طیارہ سورت ایئر پورٹ پر ایک ایسی بھینس سے ٹکرا گیا تھا، جو اس علاقے میں چلتی پھرتی اس ہوائی اڈے کے رن وے تک پہنچ گئی تھی۔ متعلقہ ایئر لائن کے ترجمان کے بقول ’مسافر طیارے اور بھینس کی ٹکر‘ اس وقت ہوئی جب سپائس جیٹ کی ایک کمرشل پرواز ٹیک آف کرنے ہی والی تھی۔
طیارے میں عملے کے ارکان کے علاوہ 140 مسافر بھی سوار تھے، جن میں سے کوئی بھی زخمی نہیں ہوا۔ طیارے کے ساتھ اس ٹکر کے نتیجے میں بھینس کا کیا بنا، اس بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔
کم کرائے والی مسافر پروازوں کے لیے مشہور اس بجٹ ایئر لائن کے مطابق اس نے فی الحال سورت جانے والی اور وہاں سے ٹیک آف کرنے والی اپنی تمام پروازیں معطل کر دی ہیں۔ ساتھ ہی سپائس جیٹ کی طرف سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ کہیں بھی پہنچ جانے والے لاوارث مویشی اور دیگر جانور بھارت کے چند ہوائی اڈوں پر ’بڑھتا ہوا مسئلہ‘ بنتے جا رہے ہیں۔
Spicejet نے اپنے جمعہ سات نومبر کو جاری کردہ ایک بیان میں یہ تو نہیں بتایا کہ بھینس طیارے سے کس دن ٹکرائی تاہم یہ ضرور کہا گیا ہے کہ رات کے وقت ’تاریک پس منظر کی وجہ سے بھینس بالکل نظر نہیں آ رہی تھی‘۔ فضائی کمپنی کے مطابق اس واقعے کی چھان بین کی جا رہی ہے۔