1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی وزير کی اہليہ سونندا پشکر کی ’پراسرار موت‘

عاصم سليم18 جنوری 2014

رواں ہفتے ہی اپنے شوہر بھارتی وزير ششی تھرور کے ايک پاکستانی خاتون صحافی کے ساتھ مبينہ معاشقے کا بھانڈا پھوڑنے والی سونندا پُشکر جمعے کے روز نئی دہلی کے ايک فائيو اسٹار ہوٹل ميں مردہ حالت ميں پائی گئی ہيں۔

تصویر: picture-alliance/AP

بھارتی وزير برائے ہيومن ريسورسز ششی تھرور کے سیکرٹری ابھينو کمار کے بقول ششی تھرور کو سونندا پُشکر کی لاش اُس وقت ملی، جب وہ جمعرات کی شب اپنی جماعت کے اجلاس ميں شرکت کے بعد واپس اپنے ہوٹل کے کمرے ميں پہنچے۔ کمار نے رپورٹروں سے بات کرتے ہوئے بتايا، ’’ايسا لگ رہا تھا کہ وہ معمول کے حساب سے سو رہی ہيں تاہم بعد ميں پتا چلا کہ وہ دم توڑ چکی ہيں۔‘‘

ششی تھرور کے سيکرٹری ابھينو کمار کے مطابق تاحال اِس حوالے سے کوئی شواہد نہيں ملے ہيں کہ سونندا پُشکر کی موت کے پيچھے کسی کا ہاتھ ہو تاہم پوليس نے مقدمہ درج کر ليا ہے اور موت کی وجہ کا تعين کرنے کے ليے پوسٹ مارٹم کيا جائے گا۔ اُنہوں نے مزيد بتايا کہ سونندا پُشکر کی موت کا وقت اور درست وجہ تاحال واضح نہيں۔ نئی دہلی کے اپنے ذاتی مکان ميں جاری تعميراتی کام کے سبب ششی تھرور اپنی اہليہ سونندا پُشکر کے ہمراہ نئی دہلی کے ليلہ پيلس نامی اِس نو منزلہ ہوٹل ميں جمعرات سے قیام پذیر تھے۔

بھارتی وزير برائے ہيومن ريسورسز ششی تھرورتصویر: UNI

باون سالہ سونندا پشکر تپ دق کی مريضہ تھيں۔ اُنہوں نے ابھی دو ہی روز قبل مائیکرو بلاگنگ ويب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے متعدد پیغامات میں اپنے شوہر کے ایک پاکستانی خاتون صحافی کے ساتھ مبينہ افیئر کا بھانڈا پھوڑا تھا۔ اپنے اِن پیغامات میں اُنہوں نے تسلیم کیا تھا کہ اُنہوں نے اپنے شوہر کا اکاؤنٹ ہیک کر کے اُس سے متعدد پیغامات بھی ارسال کیے، تاکہ اِس معاشقے کا معلوم ہو سکے۔ پیغامات میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی صحافی مہر تارڑ کے ساتھ پیغامات کے تبادلے میں تارڑ نے ششی تھرور کے ساتھ محبت کا اظہار کیا اور تھرور نے تارڑ کو بتایا کہ اُن کی بیوی کو اِن تعلقات کے بارے میں پتہ چل گيا ہے۔

اِس کے برعکس مہر تارڑ نے ششی تھرور کے ساتھ معاشقے کی خبروں کو مسترد کر ديا ہے۔ اُنہوں نے سونندا پُشکر کی موت پر مندرجہ ذيل پيغام جاری کيا، ’’مجھے دھچکا لگا ہے اور ميرے پاس اِس کے ليے الفاظ نہيں ہيں۔ يہ اتنا افسوسناک واقعہ ہے کہ ميں يہ جانتی ہی نہيں ہوں کہ ميں کيا کہوں۔‘‘

ششی تھرور کے بيٹے ايشان نے ٹوئٹر پر لوگوں سے درخواست کی ہے اِس وقت اُن کے اہل خانہ کو اکيلا چھوڑ ديا جائے اور اِس واقعے سے نمٹنے کے ليے وقت ديا جائے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں