نریندر مودی کو فرانس کا اعلیٰ ترین اعزاز دے دیا گیا
14 جولائی 2023![Frankreich | Macron empfängt den indischen Premierministers Modi](https://static.dw.com/image/66224955_800.webp)
پیرس میں صدر ایمانوئل ماکروں کے دفتر کی طرف سے جمعہ 14 جولائی کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ بھارتی سربراہ حکومت نریندر مودی کو یہ اعزاز باستیل ڈے کہلانے والے فرانسیسی قومی دن سے ایک رات قبل جمعرات 13 جولائی کو پیش کیا گیا۔
بھارت نے چندریان سوم راکٹ کو کامیابی سے لانچ کر دیا
پیرس میں ایلیزے پیلس کی طرف سے بتایا گیا کہ قصر صدارت میں منعقدہ اس تقریب میں بھارتی وزیر اعظم کو جو 'گرینڈ کراس آف لیجن آف آنر‘ پیش کی گئی، وہ فرانس کی طرف سے دیے جانے والے قومی اعزازات میں سے اعلیٰ ترین اعزاز ہے۔
اس موقع پر صدر ماکروں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم کو یہ اعزاز دیا جانا ان کے اس کردار کا اعتراف ہے، جو انہوں نے فرانس اور بھارت کو جوڑنے والے اعتماد اور دوستی کے مظہر شاندار تعلقات کے لیے ادا کیا ہے۔
بھارت نے فرانس سے رافال جنگی طیارے خریدنے کو منظوری دی
مودی کا اظہار تشکر
نریندر مودی نے ایلیزے پیلس میں منعقدہ سرکاری تقریب میں یہ اعزاز وصول کرنے کے بعد فرانسیسی زبان میں کی گئی اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا، ''میں اپنے لیے اس گرینڈ کراس آف لیجن آف آنر کو بڑی عاجزی سے قبول کرتا ہوں۔‘‘ اپنی اس ٹویٹ میں بھارتی وزیر اعظم نے فرانسیسی صدر کے ساتھ اس تقریب میں اتاری گئی تصاویر بھی پوسٹ کیں۔
وزیر اعظم مودی فرانس کے دورے پر، بڑے دفاعی معاہدوں کی توقع
ساتھ ہی اس ٹویٹ میں بھارتی سربراہ حکومت نے مزید لکھا، ''یہ بھارت کے 1.4 بلین باشندوں کے لیے بھی ایک اعزاز ہے، جو صدر ماکروں اور فرانسیسی عوام کے دلوں میں بھارت کے لیے گہری محبت اور بھارتی قوم سے دوستی کے تسلسل کو بھی دکھاتا ہے۔‘‘
مصر کے بھارت کے ساتھ تعلقات دن بہ دن مضبوط ہوتے ہوئے
'لیجن آف آنر‘ اعزاز ہے کیا؟
فرانس کا 'لیجن آف آنر‘ اعزاز ایک ایسا ایوارڈ ہے، جو فرانس کے لیے بڑی کامیابیاں حاصل کرنے والی یا نمایاں خدمات انجام دینے والی سول اور فوجی دونوں طرح کی شخصیات کو دیا جاتا ہے۔
مودی پر دستاویزی فلم کے حوالے سے بی بی سی کو عدالتی نوٹس
یہ اعلیٰ ترین قومی اعزاز دیے جانے کا سلسلہ 1802ء میں شروع ہوا تھا۔ تب یہ اعزاز فرانس کے نپولین اول کہلانے والے بادشاہ اور جنرل نپولین بوناپارٹ نے متعارف کرایا تھا۔
یہ پانچ مختلف درجات کا حامل فرانسیسی قومی اعزاز ہے، جو 'شیوالیئر آف لیجن آف آنر‘ سے شروع ہو کر اپنی اعلیٰ ترین شکل 'گرینڈ کراس آف لیجن آف آنر‘ پر ختم ہوتا ہے۔
م م / ع ت (اے ایف پی، اے پی)