بھارتی پولیس نے شعیب کا پاسپورٹ ضبط کر لیا
5 اپریل 2010پولیس نے شعیب ملک سے ان کی ہونے والی اہلیہ ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کے گھر میں تفتیش کرتے ہوئے ان کا بیان بھی ریکارڈ کیا۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائی عائشہ صدیقی نامی خاتون کی طرف سے شعیب ملک کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر کے بعد حقائق جاننے کے لئے کی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر میں عائشہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پاکستانی کرکٹرسٹار شعیب ملک نے 2002ء میں ٹیلی فون پر ان سے شادی کی تھی۔ دوسری جانب شعیب ملک کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف لگائے جانے والے الزامات جھوٹے ہیں اور صدیقی فیملی کی جانب سے پیش کردہ نکاح نامہ جعلی ہے۔
ایک پاکستانی ٹیلی وژن کے مطابق عائشہ نے اپنے بیان میں الزام لگایا ہے کہ اسے شعیب کی طرف سے زبان بند رکھنے کے لئے دس لاکھ ڈالر کی پیش کش کی گئی ہے۔ حیدرآباد پولیس کے سربراہ اے کے خان کا کہنا ہے کہ شعیب ملک پولیس کی اجازت کے بغیر بھارت نہیں چھوڑ سکتے۔ عائشہ کے والد کی طرف سے دفعہ -A498 ہِراس مِنٹ، دفعہ 420 دھوکہ دہی،اور انڈین کریمینل کوڈ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی شادی 15 اپریل کو حیدر آباد میں ہو رہی ہے۔
رپورٹ : بخت زمان
ادارت : افسر اعوان