بھارتی کابینہ نے ریٹیل سیکٹر میں اصلاحات کی منظوری دے دی
24 نومبر 2011کابینہ میں اس حوالے سے بات چیت جمعرات کو ہوئی۔ وزارت خزانہ اور بیوروکریٹس کا ایک پینل اس کے لیے پہلے ہی رضامندی ظاہر کر چکا تھا۔
کابینہ نے اس حوالے سے جمعرات کے اجلاس میں 51 فیصد فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کی منظوری دی ہے۔
غیرملکی ملٹی نیشنل کمپنیاں بھارتی صارفین کو مصنوعات کی براہ راست فروخت کا راستہ کھولنے کے لیے ایک عرصے سے لابی کر رہی ہیں۔ یوں وہ ایک ایسی ریٹیل مارکیٹ تک رسائی حاصل کرنا چاہتی ہیں، جس کا گلوبل کنسلٹینسی فرم میکنزی کے مطابق سالانہ حجم ساڑھے چار ارب ڈالر ہے۔
ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے بورڈ ممبر گبسن ودامنی نے قبل ازیں خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات چیت میں کہا: ’’اگر یہ تجویز منظور کر لی جاتی ہے، تو صارفین کو انتخاب کے بہت زیادہ مواقع حاصل ہو جائیں گے۔ مصنوعات کی دستیابی کے حوالے سے یہ سرحدوں سے آزاد دنیا بن جائے گی۔‘‘
اس تجویز کے حامیوں کے خیال میں مقامی ریٹیل مارکیٹ تک غیر ملکی کمپنیوں کو رسائی دینے سے خوراک کی فراہمی کے نظام میں بہتری آئے گی، اس کے نتیجے میں قیمتیں نیچے آئیں گی اور افراط زر کی شرح کم ہو گی، جو اس وقت دس فیصد کے قریب ہے۔
اس کے نتیجے میں خوراک کے اسٹوریج اور ٹرانسپورٹیشن کے طریقہ کار میں بھی جدت آئے گی۔ اشیائے خوراک کے گلنے سڑنے کا مسئلہ کم ہو جائے گا اور زیادہ سے زیادہ تازہ اشیاء کی دستیابی یقینی ہو سکے گی۔
دوسری جانب اس منصوبے کے ناقدین کو تشویش ہے کہ اس سے چھوٹے تاجروں کو نقصان پہنچے گا۔ تاہم صنعتی حلقوں کا کہنا ہے کہ بھارتی مارکیٹ بہت بڑی ہے اور اس میں سب کو حصہ مل سکتا ہے۔ بھارت کے لاکھوں کسانوں پر بھی اس پیش رفت کے منفی اثرات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق کانگریس پارٹی کے وزیر اعظم منموہن سنگھ کی قیادت میں کمزور اور کرپشن کی شکار کابینہ کی جانب سے اس تجویز کی منظوری کے بعد اسے پارلیمنٹ میں پہنچنے پر بھی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے
ادارت: مقبول ملک