1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یہ نئے بھارت کی فتح کا نعرہ ہے، نریندر مودی

23 اگست 2023

بھارت کی چندریان تھری نامی خلائی گاڑی بحفاظت چاند پر لینڈ کر گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی بھارت چاند تک پہنچنے والا دنیا کا چوتھا اور چاند کے جنوبی حصے پر اترنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔

بھارت کا مون مشن
بھارتی کی خلائی گاڑی چاند پر کامیابی سے لینڈ کر گئیتصویر: ISRO/AFP

انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن کے مطابق ان کے سائنسدانخلائی گاڑی چاند کی سطح تک بھیجنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ اس سے پہلے صرف سابق سوویت یونین، امریکہ اور چین  چاند پر ایسی لینڈنگ کر چکے ہیں۔

 بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اسے ایک 'تاریخی دن‘  قرار دیا ہے۔ اس موقع پر بھارت میں جشن کا سماں ہے اور لوگ ایک دوسرے کا مبارکبادیں دے رہے ہیں۔ سن دو ہزار انیس میں بھی بھارت نے چندریان ٹو مشن لانچ کیا تھا لیکن تب خلائی گاڑی چاند پر لینڈ کرنے سے پہلے ہی تباہ ہو گئی تھی۔

 چندیان تھری آئندہ دو ہفتوں تک چاند کے جنوبی حصے میں تحقیق اور تلاش کا کام جاری رکھے گی۔ بھارتی سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ چاند کے اس حصے میں برف اور قیمتی معدنیات ہو سکتی ہیں۔

بھارتی کی خلائی گاڑی چاند پر کامیابی سے لینڈ کر گئیتصویر: Aijaz Rahi/AP Photo/picture alliance

اس موقع پر انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن کے چیئرمین ایس سومانتھ کا کہنا تھا، ''بھارت چاند پر پہنچ گیا ہے۔‘‘ وزیر اعظم نریندر مودی کا کہنا تھا، ''یہ نئے بھارت کی فتح کا نعرہ ہے۔ ‘‘

کانگریس کے صدر  ملکارجن کھرگے نے کہا ہے، '' چندریان 3 کی کامیابی ہر بھارتی کی اجتماعی کامیابی ہے۔  ایک پرجوش قوم نے  140 کروڑ امنگوں کے ساتھ آج اپنے چھ دہائیوں پر مشتمل خلائی پروگرام میں ایک نئی کامیابی کا مشاہدہ کیا ہے۔‘‘

 یورپی خلائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل جوزف آشباخر نے بھارت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے، '' ناقابل یقین! اسرو، چندریان 3 اور بھارت کے تمام لوگوں کو مبارکباد! یہ نئی ٹیکنالوجی کا مظاہرہ کرنے اور چاند پر لینڈنگ کا کیا ہی شاندار طریقہ ہے۔ شاباش، میں پوری طرح متاثر ہو گیا ہوں۔‘‘

بھارتی کی خلائی گاڑی چاند پر کامیابی سے لینڈ کر گئیتصویر: R. Satish Babu/AFP

بھارت نے سن 2008 میں پہلی بار تحقیقات کے لیے چاند کے مدار میں اپنا مشن بھیجا تھا۔ پھر سن 2014 میں یہ پہلا ایسا ایشیائی ملک بن گیا، جس نے مریخ کے مدار میں سیٹلائٹ کو لانچ کیا۔ اس کے تین برس بعد اس کی خلائی ایجنسی نے ایک ہی مشن میں 104 سیٹلائٹ لانچ کیے تھے۔

 یہ ایک ایسا مشن ہے، جسے بھارتی خلائی طاقت کے لیے اہم سمجھا جا رہا تھا اور اس سے بھارت کے عالمی قد کاٹھ میں بھی اضافہ ہو گا۔ بھارت کو یہ کامیابی ایک ایسے وقت میں ملی ہے، جب ابھی چند روز پہلے ہی اس سے ملتا جلتا ایک روسی مشن ناکام ہو گیا تھا۔

ا ا / ش خ (ڈی پی اے، اے پی، اے ایف پی)

بھارتی کی خلائی گاڑی چاند پر کامیابی سے لینڈ کر گئیتصویر: Amit Dave/REUTERS
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں