1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت:اسمبلی انتخابات میں بالآخر پاکستان کی انٹری ہو ہی گئی

جاوید اختر ، نئی دہلی
3 نومبر 2025

وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو بہار کے آرہ میں ایک انتخابی جلسے میں پاکستان کے ذکر کی ’روایت‘ کو برقرار رکھا۔ بھارت میں مقامی پنچایت سے لے کر قومی سطح کا، کوئی بھی الیکشن، پاکستان کے ذکر کے بغیر مکمل نہیں ہوتا۔

وزیرِ اعظم مودی بہار میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے
وزیرِ اعظم مودی نے بہار کی متعدد ریلیوں میں بار بار آپریشن سیندور کا ذکر کیا ہے، بی جے پی اسے حکومت کی بڑی کامیابی کے طور پر پیش کر رہی ہےتصویر: ANI

وزیر اعظم نریندر مودی نے اپوزیشن کانگریس پر سخت طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’آپریشن سیندور‘ کے دوران جب پاکستان میں دھماکے ہو رہے تھے، تو کانگریس کے شاہی خاندان کی نیند اُڑ گئی تھی۔

وزیرِ اعظم مودی نے بہار کے آرہ میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایا کہ کانگریس کے "شاہی خاندان" کو پاکستان میں بھارتی فوج کی طرف سے کیے جانے والے حملے کے سبب ہونے والے دھماکوں کی وجہ سے نیند نہیں آتی تھی، اور کہا کہ پاکستان اور کانگریس کے 'نامدار‘ دونوں ابھی تک "آپریشن سیندور" سے سنبھل نہیں پائے ہیں۔

مودی نے مزید کہا، آج بھارت دہشت گردوں کو ان کے ٹھکانوں میں جا کر مارتا ہے۔ حال ہی میں ہم نے ’آپریشن سیندور‘ کیا۔ کیا ہم نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا؟ کیا ہر بھارتی کو اپنے بہادر فوجیوں پر فخر نہیں ہونا چاہیے؟ لیکن فوج کی کامیابی کے باوجود، کانگریس اور آر جے ڈی ناخوش نظر آتے ہیں۔

وزیرِ اعظم مودی اور وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے بہار کی متعدد ریلیوں میں بار بار ’’آپریشن سیندور‘‘ کا ذکر کیا ہے، بی جے پی اسے حکومت کی بڑی کامیابی کے طور پر پیش کر رہی ہے تاکہ عوامی جذبات کو انتخابی فائدے میں بدلا جا سکے۔

خیال رہے کہ اپریل میں بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں ہونے والے حملے میں تقریباﹰ چھبیس بھارتی شہری مارے گیے تھے۔ نئی دہلی نے اس کے لیے پاکستان کو مورد ال‍زام ٹھہرایا تھا لیکن اسلام آباد نے اس کی تردید کی تھی اور غیرجانبدارانہ بین الاقوامی انکوائری کی تجویز پیش کی تھی۔ لیکن بھارت نے اسے ٹھکرا دیا تھا۔

مئی میں دونوں جوہری ہتھیار رکھنے والے پڑوسیوں کے درمیان مختصر جھڑپ ہوئی تھی۔ بھارت نے اس کا نام آپریشن سیندور رکھا تھا، جس میں دونوں ملکوں کے مزید شہری ہلاک ہوئے۔ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مداخلت کے بعد فائر بندی ہوئی تھی۔

راہول گاندھی نے الزام لگایا کہ مودی نہ صرف امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ڈر گئے، بلکہ وہ بڑے سرمایہ داروں کے ریموٹ کنٹرول پر چلتے ہیںتصویر: ANI

راہول گاندھی کا وزیرِ اعظم مودی پر طنز

بھارتی پارلیمان میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس پارٹی کے رہنما راہول گاندھی نے ’’آپریشن سیندور‘‘ کے بعد پاکستان کے ساتھ فائر بندی کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جب ٹرمپ نے انہیں فون کیا اور مبینہ طور پر دو دن میں جنگ ختم کرنے کو کہا تو مودی کو ’’ َپینِک اَٹیک‘‘ ہوا۔

مودی حکومت نے امریکہ کی کسی مداخلت کے دعوے کو ہمیشہ مسترد کیا ہے، مگر راہول گاندھی نے اپنا مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ ''بھارت نے امریکہ کے اشارے پر پاکستان سے لڑائی ختم کی۔‘‘

راہول گاندھی نے الزام لگایا کہ مودی نہ صرف امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ’’ڈر گئے‘‘، بلکہ وہ بڑے سرمایہ داروں کے ’’ریموٹ کنٹرول‘‘ پر چلتے ہیں۔ ان کا اشارہ بزنس گھرانے امبانی اور اڈانی کی طرف تھا۔

انہوں نے مودی کے ’’56 انچ کی چھاتی‘‘ والے بیان پر طنز کرتے ہوئے کہا، ’’بڑی چھاتی ہونے سے انسان طاقتور نہیں بن جاتا۔‘‘

راہول گاندھی نے مثال دیتے ہوئے کہا، ’’مہاتما گاندھی کی جسمانی ساخت کمزور تھی، مگر انہوں نے اس وقت کی سپر پاور برطانیہ کا مقابلہ کیا۔‘‘

کانگریسی رہنما نے مزید کہا کہ 1971 میں جب امریکہ نے اندرا گاندھی کو دھمکایا تھا، تو انہوں نے ڈرنے کے بجائے وہی کیا جو ضروری تھا۔

خیال رہے کہ بہار میں اسمبلی انتخابات کی ووٹنگ 6 اور 11 نومبر کو ہو گی، اور ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو کی جائے گی۔

تلنگانہ کے وزیرِ اعلیٰ ریونت ریڈی نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں ہمت نہیں تھی کہ بھارت پر حملے کے بعد پاکستان پر بمباری جاری رکھتیتصویر: NOAH SEELAM/AFP

پاکستان کا ذکر جنوبی بھارت بھی پہونچ گیا

تلنگانہ کے وزیرِ اعلیٰ ریونت ریڈی کے ایک بیان نے جنوبی ریاست میں بھی سیاسی تنازع کھڑا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں ’’ہمت نہیں تھی کہ بھارت پر حملے کے بعد پاکستان پر بمباری جاری رکھتی، لیکن آج تلنگانہ میں ووٹ مانگنے کے لیے 'کارپٹ بامبنگ‘ کا نعرہ لگا رہی ہے۔‘‘

تلنگانہ میں اپوزیشن بی جے پی نے ریونت ریڈی کے بیان کو ’’اشتعال گیز اور قابلِ اعتراض‘‘ قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن آف انڈیا میں شکایت درج کرائی ہے۔

بی جے پی نے کہا کہ ریونت کے ریمارکس ’’بھارتی فوج کی توہین‘‘ ہیں اور خاص طور پر ’’سرجیکل اسٹرائکس‘‘ اور ’’آپریشن سیندور‘‘ کے حوالے سے پاکستان کے بیانیے کی تائید کے مترادف ہیں۔

تلنگانہ کی جوبلی ہلز اسمبلی سیٹ پر 11 نومبر کو ضمنی انتخابات ہونے والے ہیں۔

ادارت: صلاح الدین زین

جاوید اختر جاوید اختر دنیا کی پہلی اردو نیوز ایجنسی ’یو این آئی اردو‘ میں پچیس سال تک کام کر چکے ہیں۔
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں