بھارت آج اپنا 77واں یومِ جمہوریہ منا رہا ہے
26 جنوری 2026
بھارت نے پیر کو اپنے 77ویں یومِ جمہوریہ کا آغاز دارالحکومت کے مرکزی شاہراہ ’کرتویہ پتھ‘ پر شاندار فوجی مظاہرے کے ساتھ کیا، اس تقریب کا مرکزی موضوع ’وندے ماترم‘ کے 150 سال تھے۔ بھارت نے اس پریڈ میں میزائل، جنگی طیارے، نئی قائم شدہ فوجی یونٹس اور آپریشن سیندور کے دوران استعمال ہونے والے مہلک ہتھیاروں کی نمائش کی۔
روایتی پریڈ میں یورپی کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈیر لائن اور یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا مہمانان خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔
پریڈ کا آغاز صدر دروپدی مرمو کی جانب سے سلامی لینے سے ہوا۔ وہ فان ڈیر لائن اور کوسٹا کے ہمراہ ایک بگھی میں کرتویہ پتھ پہنچیں۔
وزیرِ اعظم نریندر مودی، وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ، دیگر مرکزی وزرا، ملک کی اعلیٰ فوجی قیادت، غیر ملکی سفارت کار اور سینیئر حکام شرکاء میں شامل تھے۔
پریڈ میں براہموس اور آکاش میزائل نظام، راکٹ لانچر 'سوریہ استر‘، جنگی ٹینک ارجن اور دیسی ساختہ فوجی پلیٹ فارمز و آلات شامل تھے۔
اس موقع پر بھارت کی رنگا رنگ ثقافت پر مشتمل جھانکیاں بھی نکالی گئیں۔ تقریباً 100 فنکاروں نے 'تنوع میں اتحاد‘ کے موضوع پر موسیقی کے شاندار مظاہرے کے ساتھ پریڈ کا آغاز کیا، جس میں ملک کی وحدت اور ثقافتی تنوع کی بھرپور عکاسی کی گئی۔
ارزولا فان ڈیر لائن نے کیا کہا؟
ایسے وقت میں جب بھارت اور یورپی یونین کے درمیان ایک اہم تجارتی معاہدے پر پیش رفت ہو رہی ہے، یورپی کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈیر لین نے پیر کے روز کہا کہ ''ایک کامیاب بھارت دنیا کو زیادہ مستحکم، خوشحال اور محفوظ بناتا ہے۔‘‘
ایکس پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فان ڈیر لین نے لکھا، یومِ جمہوریہ کی تقریبات میں مہمانِ خصوصی ہونا زندگی کا ایک بڑا اعزاز ہے۔ ایک کامیاب بھارت دنیا کو زیادہ مستحکم، خوشحال اور محفوظ بناتا ہے، اور اس سے ہم سب مستفید ہوتے ہیں۔‘‘
ان کا یہ بیان وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ بھارت-یورپی یونین سمٹ سے قبل آیا ہے۔ نئی دہلی اور برسلز 27 جنوری کو ہونے والے سمٹ میں طویل عرصے سے زیرِ التوا آزاد تجارتی معاہدے(ایف ٹی اے) کے مذاکرات مکمل ہونے کا اعلان کرنے والے ہیں۔
یورپی یونین بھارت کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ ان دونوں کے درمیان مالی سال 2023–24 میں دوطرفہ تجارت کا حجم 135 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گیا۔ حکام کے مطابق مجوزہ آزاد تجارتی معاہدہ دونوں فریقین کے درمیان تجارتی روابط کو نمایاں طور پر فروغ دے سکتا ہے۔
اس دوران آج خبر رساں ادارے روئٹرز کی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت ممکنہ آزاد تجارتی معاہدے کے تحت یورپی یونین سے درآمد ہونے والی گاڑیوں پر کسٹم ڈیوٹی موجودہ زیادہ سے زیادہ 110 فیصد سے کم کرکے 40 فیصد کرنے پر غور کر رہا ہے، اور یہ معاہدہ منگل تک حتمی شکل اختیار کر سکتا ہے۔
پدم شری ایوارڈز میں جرمن اسکالر بھی شامل
یوم جمہوریہ کے موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کے اعزاز میں حکومت کی جانب سے اعلیٰ سویلین ایوارڈز، پدم ایوارڈز، کا اعلان کیا جاتا ہے۔
مرکزی وزارتِ داخلہ کی طرف سے جاری پدم ایوارڈز 2026 کی فہرست میں بھارتی صدر نے مجموعی طور پر 131 اعزازات کی منظوری دی ہے۔ فہرست میں 5 پدم وبھوشن، 13 پدم بھوشن اور 113 پدم شری شامل ہیں۔
پدم شری کی فہرست میں جرمنی کے لارس کرسچیئن کوخ بھی شامل ہیں، جو جرمن موسیقی کے ماہر، محقق اور میوزیم ڈائریکٹر ہیں۔
کوخ برلن کے ہمبولٹ فورم میں پچھلے سات سالوں سے ایتھنولوجیکل میوزیم اور میوزیم فؤر ایشیاٹشے کُنست کے ڈائریکٹر ہیں۔ ان کا کام اس لیے اہم سمجھا جاتا ہے کہ انہوں نے 30 سال سے زیادہ عرصے تک بھارت میں موسیقی پر تحقیق کی ہے۔ ان کے تحقیقی شعبوں میں شمالی بھارتی موسیقی کا نظریہ و عمل، سازوں کا مطالعہ، ثقافتی تناظر میں آڈیو ویژول میڈیا، عوامی موسیقی اور شہری ثقافت، تاریخی تناظر میں موسیقی کی تشریحات اور موسیقی کا تحفظ شامل ہیں۔
ادارت: صلاح الدین زین