1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’بم دھمکی‘: بھارت آنے والی لفتھانزا کی پرواز جرمنی واپس

جاوید اختر خبر رساں ایجنسیوں کے ساتھ
16 جون 2025

بھارتی شہر حیدرآباد کے ہوائی اڈے کے ایک اہلکار نے پیر کو بتایا کہ یہاں آنے والے لفتھانزا کی ایک پرواز کو بم کے خطرے کی وجہ سے درمیان فضا میں یو ٹرن لے کر فرینکفرٹ واپس لوٹنا پڑا۔

لفتھانزا  بم کی دھمکی
لفتھانزا کی پرواز کو بم کی دھمکی موصول ہوئی تھیتصویر: Jochen Eckel/picture alliance

حیدرآباد کے راجیو گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ایک اہلکار نے پیر کے روز نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ لفتھانزا کی پرواز کو بم کی دھمکی موصول ہوئی تھی، جس کے بعد اسے فضا میں یو ٹرن لے کر جرمنی کے فرینکفرٹ ہوائی اڈہ لے جایا گیا۔

ایئر انڈیا حادثہ: ہلاکتیں 270 تک پہنچ گئیں، خاندان سوگوار

انہوں نے کہا کہ طیارہ نے فرینکفرٹ سے پرواز بھری تھی اور واپس لوٹنے سے قبل بھارتی فضائی حدود میں داخل نہیں ہوا تھا۔

قبل ازیں، لفتھانزا کے ترجمان نے کہا کہ پرواز کو حیدرآباد کے راجیو گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترنے کی اجازت نہیں ملی تھی، اور اس وجہ سے وہ فرینکفرٹ، جرمنی کے سب سے مصروف اور یورپ کے چھٹے مصروف ترین بین الاقوامی ہوائی اڈے فرینکفرٹ، پر واپس آگئی۔

حیدرآباد ہوائی اڈے نے لفتھانزا کی پرواز کو مبینہ طور پر اترنے کی اجازت نہیں دیتصویر: Getty Images/AFP/S. Panthaky

ہم اس بارے میں کیا جانتے ہیں؟

لفتھانزا کی پرواز ایل ایچ سات سو باون اتوار کو مقامی وقت کے مطابق تقریباً سوا دو بجے فرینکفرٹ سے روانہ ہوئی اور اسے پیر کی صبح حیدرآباد میں لینڈ کرنا تھا۔

امریکا: بوئنگ طیاروں کے انجن کے معائنے کا حکم

بھارتی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے ایک مسافر کے حوالے سے بتایا، ’’ہم ابھی تقریباً 15 منٹ پہلے فرینکفرٹ واپس پہنچے ہیں اور ہمیں صرف اتنا بتایا گیا کہ حیدرآباد نے وہاں اترنے کی اجازت نہیں دی ہے۔‘‘

انہوں نے مزید بتایا ’’یہ ایک آرام دہ سفر تھا اور تقریباً دو گھنٹے ہوا میں رہنے کے بعد، ہمیں بتایا گیا کہ ہم فرینکفرٹ واپس جائیں گے۔ اب ہوائی اڈے پر، وہ ہمیں رات کے لیے رہائش فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے ہمیں بتایا ہے کہ ہم مقامی وقت کے مطابق کل صبح 10 بجے اسی پرواز سے روانہ ہوں گے۔‘‘

لفتھانزا کے ایک ترجمان نے اس پورے واقعے کی تصدیق کی ہے۔ لفتھانزا کی ویب سائٹ کے مطابق یہ بوئنگ کا ڈریم لائنر طیارہ ہے۔

فلیپ ایڈجسٹمنٹ فیل ہونے کی وجہ سے برٹش ایئرویز کے طیارے کو ہیتھرو واپس لوٹنا پڑاتصویر: Bayne Stanley/Zuma/picture alliance

ایک دن میں دوسرا واقعہ

یہ اتوار کو یورپ سے بھارت آنے والا دوسرا طیارہ ہے جسے واپس لوٹنا پڑا۔ اس سے قبل برٹش ایئرویز کی لندن سے چینئی جانے والی پرواز لندن واپس لوٹ گئی تھی۔

بوئنگ کمپنی کے اس طیارے میں مبینہ طور پر"فلیپ ایڈجسٹمنٹ کی خرابی" آگئی تھی، جس کی وجہ سے اسے ہیتھرو واپس جانا پڑا۔

ہوا بازی سے متعلق کچھ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے مطابق، فلائٹ کو ’’فلیپ ایڈجسٹمنٹ فیل‘‘ کا سامنا کرنا پڑا، جس کا مطلب ہے کہ پائلٹ فلیپس کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہے۔

خیال رہے بوئنگ 787 ڈریم لائنر گزشتہ ہفتے کے مہلک احمد آباد طیارہ حادثے کی وجہ سے بھارت میں جانچ کی زد میں ہے۔ اس طیارے پر سوار 242 میں سے 241 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ جب کہ مجموعی طور پر، 274 افراد ہلاک ہوئے، جن میں زمین پر موجود افراد بھی شامل تھے۔

یہ طیارہ لندن گیٹوک ایئرپورٹ کے لیے اڑان بھرنے کے چند منٹ بعد گر کر تباہ ہو گیا۔

ادارت: صلاح الدین زین

جاوید اختر جاوید اختر دنیا کی پہلی اردو نیوز ایجنسی ’یو این آئی اردو‘ میں پچیس سال تک کام کر چکے ہیں۔
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں