1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: دریائے چناب پر دنیا کے سب سے اونچے ریل پل کا افتتاح

جاوید اختر ، نئی دہلی
6 جون 2025

وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں آج دریائے چناب پر دنیا کے سب سے اونچے ریل پل کا افتتاح کیا۔ پہلگام حملے کے بعد بھارتی وزیر اعظم کا متنازع خطے کا یہ پہلا دورہ تھا۔

چناب ریل پل
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق اس ریل پل نے اپنے زمرے میں چین کے نیجیہی ریلوے پل کو پیچھے چھوڑ دیاتصویر: Omar Abdullah/ANI

وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے جموں ڈویژن میں واقع ریاسی ضلع میں دریائے چناب پر دنیا کے سب سے اونچے اسٹیل آرچ ریل پل 'چناب ریلوے پل' کا افتتاح کیا۔ بھارت نے اسے انجینیئرنگ کا 'شاہکار' قرار دیا ہے۔

بھارت کو کشمیر سے جوڑنے والا اسٹریٹیجک ریلوے پل

یہ ریل پل ادھم پور-سری نگر-بارہ مولہ ریل لنک پروجیکٹ کا کلیدی حصہ ہے۔ اور اس سے وادی کشمیر بھارت کے بقیہ حصے سے ریل کے ذریعہ جڑ گیا ہے۔

وزیر اعظم مودی نے ہندوؤں کے اہم تیرتھ استھان کٹرا میں ماتا ویشنو دیوی مندر اور سری نگر کے درمیان چلنے والی دو 'وندے بھارت' ٹرینوں کو بھی جھنڈی دکھائی۔ 'وندے بھارت' کو بھارتی ریلوے کی جدید ترین ٹرینیں سمجھا جاتا ہے۔

چناب ریلوے پل کی کیا خاصیت ہے؟

وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ یہ پل انجینیئرنگ کا ایک شاندار کارنامہ ہے۔

انہوں نے کہا،" 6 جون واقعی جموں و کشمیر کے میری بہنوں اور بھائیوں کے لیے ایک خاص دن ہے۔ 46,000 کروڑ روپے کے اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا افتتاح کیا جا رہا ہے جس کا لوگوں کی زندگیوں پر بہت مثبت اثر پڑے گا۔"

بھارت کا کشمیر سے لداخ تک سُرنگیں تعمیر کرنے کا فیصلہ

مودی نے افتتاح کے بعد بھارتی قومی پرچم لے کر پل پر کچھ دور چہل قدمی کی۔

گوکہ دنیا میں اور بھی کئی اونچے پل ہیں لیکن گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق اس ریل پل نے اپنے زمرے میں چین کے نیجیہی ریلوے پل کو پیچھے چھوڑ دیا۔

یہ پل پیرس کے ایفل ٹاور سے بھی زیادہ اونچا ہے۔ یہ 331 میٹر اونچا ہے اور اس کی لمبائی 725 میٹر ہے۔ اسے 96 ہائی ٹینسائل کیبلز کے ذریعے سپورٹ کیا گیا ہے۔ اس میں انگریزی زبان کے حروف وائی کی الٹی شکل کا کھمبا ہے جو اس کی بنیاد سے 193 میٹر بلند ہے۔

اس پل میں 653 کلومیٹر طویل کیبل اسٹرینڈز شامل ہیں۔ تاہم، جو چیز واقعی اس ڈھانچے کو انجینئرنگ کے معجزے کے طور پر نمایاں کرتی ہے، وہ یہ ہے کہ یہ صرف 11 ماہ میں مکمل ہوا۔

ایک ہزار تین سو پندرہ میٹر لمبا یہ پل سطح دریا سے 359 میٹر کی بلندی پر ہے۔

کہا جارہا ہے کہ اس پل کے افتتاح کے بعد وادی کشمیر اور بھارت کے باقی حصوں کے درمیان ہمہ موسمی، ہموار ریل رابطہ قائم ہو جائے گا جس سے نقل و حرکت آسان ہو گی اور سماجی و اقتصادی انضمام کو تقویت ملے گی۔

چناب ریل پل کا افتتاح سے قبل جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اس کا معائنہ کرتے ہوئےتصویر: Niklesh Arora/ANI

آپریشن سیندور کے بعد مودی کا کشمیر کا پہلا دورہ

اپریل میں پہلگام حملے، جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے، کے بعد بھارت کی جوابی فوجی کارروائی، آپریشن سیندور کے بعد وزیر اعظم مودی کا بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر کا یہ پہلا دورہ ہے۔

جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا، "میں ایک طویل عرصے سے اس لمحے (پل کے افتتاح) کا انتظار کر رہا ہوں۔ یہ ریل پروجیکٹ اس وقت شروع ہوا جب میں 7ویں یا 8ویں کلاس میں تھا۔ اب، میرے بچوں نے بھی اسکول اور کالج مکمل کرنے کے بعد کام کرنا بھی شروع کر دیا ہے۔ لیکن دیر آید درست آید۔"

انہوں نے امید ‍‍ظاہر کی کہ اس پل کے افتتاح کے بعد خطے کی معیشت پر مثبت اثرات پڑیں گے۔

ادارت: صلاح الدین زین

جاوید اختر جاوید اختر دنیا کی پہلی اردو نیوز ایجنسی ’یو این آئی اردو‘ میں پچیس سال تک کام کر چکے ہیں۔
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں