1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: سگريٹ کے پيکٹوں سے جان ٹيری سے مشابہ تصوير ہٹانے کا فیصلہ

11 اپریل 2012

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی ميں وزارت صحت کے اہلکاروں نے کہا ہے کہ سگريٹ کے پيکٹوں پر برطانوی فٹبال ٹيم کے کھلاڑی جان ٹيری سے مشابہت رکھنے والی تصوير ہٹا دی جائے گی۔

تصویر: dapd

خبر رساں ادارے اے ايف پی کے مطابق بھارتی وزارت صحت نے يہ احکامات جاری کر ديے ہيں کہ سگريٹ کے پيکٹوں پر تنازعہ کا سبب بننے والی جان ٹيری کی ممکنہ تصوير کو ہٹا ديا جائے۔ اس سلسلے ميں وزارت کے ايک اہلکار نے اے ايف پی کو بتايا، ’کچھ لوگوں نے تصوير پر اپنے اعتراضات کا اظہار کيا تھا۔ ہم نے سمعی و بصری تشہیر کی ڈائریکٹوریٹ کو يہ احکامات جاری کر ديے ہيں کہ وہ تصوير تبديل کر ديں، جو کہ ڈائریکٹوریٹ کر چکی ہے۔‘ بھارتی وزارت صحت مسلسل اس الزام کو رد کرتی آئی ہے کہ سگريٹ کے پيکٹوں پر ايک شخص کی سر سے کندھوں تک کی تصوير برطانوی فٹبال ٹيم کے سابق کپتان جان ٹيری کی ہے۔

وزارت صحت کے ايک اہلکار نے انڈين ايکسپريس نامی اخبار سے بات کرتے ہوئے کہا، ’اگرچہ تصوير کے سلسلے ميں جاری تنازعہ اشتہاری مہم ميں تبديلی کی اہم وجہ ہے مگر ملک ميں تمباکو نوشی کی روک تھام سے متعلق حکام بھی بطور وارننگ اس تصوير سے ناخوش تھے۔‘ اس اہلکار نے وزارت کے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ تصوير کسی بھی شخص کی ہو سکتی ہے اور يہ محض لوگوں کے تصور ميں جان ٹيری سے مشابہت رکھتی ہے۔ انہوں نے مزيد کہا کہ وہ اس تنازعے سے جان چھڑانا چاہتے ہيں اور يہی وجہ ہے کہ وزارت نئی اشتہاری مہم متعارف کروانے کے عمل ميں ہے۔

واضح رہے کہ يہ تنازعہ رواں سال کے آغاز ميں اس وقت سامنے آيا تھا جب جان ٹیری سے بے انتہا مشابہت رکھنے والے ايک شخص کی برہنہ سینے والی تصویر سگریٹ کے پیکٹوں پر شائع ہوئی اور اس کے نیچے لکھا ہوا تھا کہ ’تمباکو نوشی ہلاکت کا موجب بنتی ہے‘۔ اس وقت معاملے پر بھارت کی سمعی و بصری تشہیر کی ڈائریکٹوریٹ کے ایک اہلکار نے اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس تصویر کا جان ٹیری سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اہلکار نے کہا تھا، ’یہ صرف ایک تخلیقی تصور ہے اور میرے خیال میں اس کا ہوّا کھڑا کرنا درست نہیں۔‘ تنازعہ کے سامنے آنے کے بعد انگلينڈ اور چيلسی کے دفاعی کھلاڑی جان ٹيری متعلقہ بھارتی کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی کا ارادہ بھی رکھتے تھے۔

جان ٹيری گزشتہ کچھ عرصے سے قانونی مسائل کے شکار رہے ہیںتصویر: AP

واضح رہے کہ جان ٹيری گزشتہ کچھ عرصے سے قانونی مسائل کے شکار رہے ہیں۔ ان پر ايک برطانوی عدالت ميں نسل پرستی کے حوالے سے مقدمہ جاری ہے۔ ٹيری پر الزام ہے کے انہوں نے پریمیئر ليگ کے ايک کھيل کے دوران مخالف ٹيم کے ايک سياہ فام کھلاڑی پر نسل پرستی پر مبنی تبصرہ کیا۔ وہ اس الزام کی تردید کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ گزشتہ سال بھی ٹيری شادی شدہ ہونے کے باوجود دیگر عورتوں کے ساتھ تعلقات رکھنے کے حوالے سے سرخيوں ميں رہے اور ايک موقع پر انہيں کپتانی کے عہدے سے بھی ہٹا دیا گیا تھا۔

as/hk/AFP

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں