1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: ممبئی بم دھماکوں کا مبینہ ملزم فاروق ٹکلا گرفتار

جاوید اختر، نئی دہلی
8 مارچ 2018

بھارت کی مرکزی تفتیشی ایجنسی (سی بی آئی) نے سن 1993 کے ممبئی بم دھماکوں کے مبینہ ملزم داؤد ابراہیم کے دست راست فاروق ٹکلا کو پچیس سال بعد گرفتار کرلیا ہے۔ اسے بھارت کی ایک بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔

Indien Aktivisten Protest Todesstrafe Yakub Memon
تصویر: picture-alliance/dpa/R. Gupta

دبئی سے حوالگی کے ذریعہ بھارت لانے کے بعد فاروق ٹکلا کو دہلی کے اندرا گاندھی قومی ہوائی اڈے پر حراست میں لے لیا گیا۔اس کے بعد اسے ممبئی لے جایا گیا، جہاں اسے انسداد دہشت گردی اور تخریبی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (ٹاڈا) کے تحت مقدمات کی سماعت کرنے والی ایک خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔

ممبئی حملے، چھ ملزمان کومجرم قرار دے دیا گیا

ممبئی دہشت گردانہ حملے کے معاملات میں سرکاری وکیل اجوول نکم نے ٹکلا کی گرفتاری کو بھارت کے لیے ’بہت بڑی کامیابی‘ قرار دیا ہے۔اجول نکم کا کہنا تھا کہ اس سے داؤد ابراہیم گروہ کو زبردست دھچکا لگا ہے۔

ستاون سالہ یاسین منصور محمد فاروق عرف فاروق ٹکلا کو ممبئی میں سن 1993میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں کے مبینہ طور پر حقیقی ملزم داؤد ابراہیم کا انتہائی قریبی اور دست راست سمجھا جاتا ہے۔ سن 1995 میں اس کے خلاف انٹرپول نے ریڈکارنر نوٹس جاری کیا تھا۔ ٹکلا کے خلاف سازش، قتل اور دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔

سی بی آئی نے یہ نہیں بتایا ہے کہ انٹرپول کی طرف سے ریڈکارنر نوٹس جاری کیے جانے کے باوجود ٹکلا دہلی کیسے پہنچ گیا۔ حکومتی اہلکاروں کا تاہم کہنا ہے کہ اسے وفاقی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مدد سے متحدہ عرب امارات سے ملک بدر کیا گیا اور دہلی آنے والی فلائٹ پر سوار کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ 12 مارچ 1993ء کو دوپہر تقریباً ڈیڑھ بجے بھارت کے اقتصادی دارالحکومت ممبئی کی ایئر انڈیا بلڈنگ، بامبے اسٹاک ایکسچینج، زاویری بازار، ہوٹل سی راک اور ہوٹل جوہو سینٹور پر یکے بعد دیگر بارہ بم دھماکے ہوئے تھے جن میں 257 افراد ہلاک اور سات سو سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ ان دھماکوں کی وجہ سے تقریباً ستائیس کروڑ روپے کے املاک کا نقصان بھی ہوا تھا۔ سی بی آئی نے ٹاڈا عدالت میں اس معاملے میں 129 افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی اور سن 2007 میں خصوصی ٹاڈا عدالت نے ایک سو افراد کو سزا سنائی تھی۔ اسی معاملے میں یعقوب میمن کو سن 2015 میں پھانسی دی جاچکی ہے۔

ممبئی کے ان بم دھماکوں سے متعلق ہی ایک معاملے میں فلم اداکار سنجے دت کو غیر قانونی ہتھیار رکھنے کا قصوروار پائے جانے پر ٹاڈا عدالت نے پانچ سال قید کی سزا بھی سنائی تھی۔ ممبئی دھماکوں کے دیگر 27 مبینہ ملزم ابھی تک مفرور ہیں۔ ان میں انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم اور ٹائیگر میمن کے نام شامل ہیں۔

بھارت کا دعویٰ ہے کہ داؤد ابراہیم ممبئی بم دھماکوں کا اصل ماسٹر مائنڈ ہے اور اس نے پاکستان میں پناہ لے رکھی ہے۔ امریکا داؤد ابراہیم کو عالمی دہشت گرد قرار دے چکا ہے جب کہ اقوام متحدہ نے بھی انسداد دہشت گردی کی ایک قرارداد کے تحت داؤد ابراہیم پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔

سنجے دت کو غیر قانونی ہتھیار رکھنے کا قصوروار پائے جانے پرپانچ سال قید کی سزا بھی سنائی تھیتصویر: picture alliance/AP Photo

سینئر فوجداری وکیل اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رکن پارلیمان مجید میمن نے فاروق ٹکلا کی گرفتاری کے حوالے سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’وہ لوٹ آیا ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ مقدمے کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے۔ اسے یقینی طور پر حراست میں بھیج دیا جائے گا۔ اسے ضمانت ملنے کا تو کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔‘‘

میڈیا رپورٹوں کے مطابق داؤد ابراہیم نے بھی کچھ عرصہ قبل بھارت آنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ سپریم کورٹ کے معروف وکیل اور سابق وزیر قانون رام جیٹھ ملانی نے انکشاف کیا تھا کہ داؤد نے ان سے بھارت آ کر خودسپردگی کرنے کی بات کہی تھی۔ تاہم ابراہیم نے اس ضمن میں بعض شرطیں بھی رکھی تھیں لیکن اس وقت کے بھارتی رہنماؤں نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی۔

دریں اثنا سی بی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیشی ایجنسی ممبئی میں فاروق ٹکلا سے پوچھ گچھ کررہی ہے۔ سی بی آئی کے مطابق ٹکلا سے داؤد ابراہیم کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

پٹھان کوٹ حملہ، پاکستانی تفتیشی ٹیم بھارت میں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں