1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں امبانی خاندان کی میگا ویڈنگ تقریبات کا آغاز

12 جولائی 2024

ایشیا کے امیر ترین شخص کے بیٹے کی شادی کی حتمی چار روزہ تقریبات میں عالمی شخصیات شرکت کر رہی ہیں۔ 29 سالہ اننت امبانی اپنی دیرینہ گرل فرینڈ رادھیکا مرچنٹ سے شادی کر رہے ہیں۔

اننت امبانی اور ان کی اہلیہ رادھیکا مرچنٹ
اننت امبانی اور ان کی اہلیہ رادھیکا مرچنٹ تصویر: Ashish Vaishnav/SOPA Images/Imago Images

ایشیا کے سب سے امیر ترین شخص مکیش امبانی کے سب سے چھوٹے بیٹے کی شادی میں شرکت کے لیے مشہور عالمی شخصیات، بزنس ٹائیکون اور سیاست دان آج 12 جولائی بروز جمعہ بھارت کے مالیاتی دارالحکومت ممبئی پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔

حیرت انگیز دولت اور اثر ورسوخ کی نمائش

شادی کی اس تقریب نے بھارتی ارب پتی کاروباری شخصیت مکیش امبانی کی حیرت انگیز دولت اور بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کو اجاگر کیا ہے۔ 29 سالہ اننت امبانی اپنی دیرینہ گرل فرینڈ رادھیکا مرچنٹ سے شادی کر رہے ہیں۔

66 سالہ مکیش امبانی 116 بلین ڈالر کی مجموعی مالیت کے ساتھ دنیا کے نویں اور ایشیا میں پہلے نمبر پر امیر ترین شخص ہیںتصویر: AP

اس شادی کو بہت سے لوگوں نے ''ویڈنگ آف دی ائیر ‘‘ قرار دیا ہے۔ یہ تقریبات ممبئی میں امبانی کے زیر ملکیت Jio ورلڈ کنونشن سنٹر اور ان کے خاندانی گھر میں ہو رہی ہیں اور یہ مہینوں پر محیط اس شادی کی جاری تقریبات کا نقطہ اختتام بھی ہیں۔ شادی کے مختلف مراحل پر  ریحانہ اور جسٹن بیبر سمیت عالمی پاپ اسٹارز کی شرکت اور پرفارمنس بھی شامل تھی۔

ان موجودہ چار روزہ شادی کی تقریبات کا آغاز جمعہ کو روایتی ہندو شادی کی تقریب کے ساتھ ہوا، جس کے بعد اختتام ہفتہ پر ایک شاندار استقبالیہ منعقد کیا جائے گا۔ مقامی میڈیا کے مطابق مہمانوں کی فہرست میں سابق برطانوی وزرائے اعظم ٹونی بلیئر اور بورس جانسن، سعودی آرام کو کمپنی کے سی ای او امین ایچ ناصر، امریکی سیلیبریٹز کم کارداشیان،  لانا ڈیل رے برطانوی گلوکارہ ایڈیل، سابق  فٹ بالر ڈیوڈ بیکہم اور کینیڈین ریپیر ڈریک شامل ہیں۔ امبانی خاندان نے مہمانوں کی فہرست کی تصدیق نہیں کی۔

سخت سکیورٹی انتظامات

پولیس نے شادی کے مقام کے ارد گرد جمعہ سے پیر تک ٹریفک کا رخ موڑ دیا ہے تاکہ ممبئی شہر میں آنے والے مہمانوں کی آمد کو سنبھالا جا سکے، جہاں گزشتہ ایک ہفتے سے مون سون کی شدید بارشوں نے سیلاب کا سبب بننے کے ساتھ ساتھ  پروازوں میں خلل ڈالا ہے۔

بل گیٹس بھی ان مشہور شخصیات میں شامل تھے جنھوں نے امبانی خاندان کی پری ویڈنگ تقریبات میں شرکت کی تھیتصویر: Reliance group/AP Photo/picture alliance

جریدے فوربس کے مطابق دولہا کے والد 66 سالہ مکیش امبانی 116 بلین ڈالر کی مجموعی مالیت کے ساتھ دنیا کے نویں امیر ترین آدمی ہیں۔ وہ ایشیا کے امیر ترین شخص بھی ہیں۔ ان کی ریلائنس انڈسٹریز ایک بہت بڑا گروپ ہے، جس کی سالانہ آمدنی  100 بلین  ڈالر سے زائد ہے۔ یہ گروپ پیٹرو کیمیکل، تیل اور گیس سے لے کر ٹیلی کام اور ریٹیل تک  کے کاروبار میں شامل ہے۔

شاندارانٹیلیا

امبانی خاندان دیگر اثاثوں کے علاوہ ممبئی میں ایک بلین ڈالر کی 27 منزلہ نجی  انٹیلیا نامی رہائشی عمارت کا مالک ہے۔ اس میں تین ہیلی پیڈ، ایک 160 کاروں کا گیراج اور ایک نجی فلم تھیٹر بھی ہے۔ امبانی کے صاحبزادے اننت  اپنے کاروباری گروپ کے قابل تجدید اور سبز توانائی کے توسیع منصوبوں کی نگرانی کرتے ہیں ۔ وہ ریاست گجرات  میں اپنے آبائی قصبے جام نگر میں 3,000 ایکڑ پر جانوروں کے لیے قائم کیا گئے ایک وسیع وعریض شیلٹر کی نگرانی بھی کرتے ہیں۔

یہ امبانی خاندان کی شادی کی تقریبات ہی تھیں ، جن کی وجہ سے پہلی بار بالی ووڈ کے تینوں خان ایک ااسٹیج پر اکٹھے ہوئےتصویر: Reliance/AP Photo/picture alliance

امبانی خاندان کی بہو کون؟

جریرے ووگ کے مطابق انتیس سالہ دلہن رادھیکا مرچنٹ بھارت کے فارماسیوٹیکل ٹائیکون ویرن مرچنٹ کی بیٹی ہیں اور اپنی کمپنی، Encore Healthcare کی مارکیٹنگ ڈائریکٹر ہیں۔ امبانی کے ناقدین کا کہنا ہے کہ ان کی کمپنی بنیادی طور پر 1970 اور 80 کی دہائیوں میں کانگریس پارٹی کی قیادت والی حکومتوں کے دوران اور 2014 کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کے دور حکومت میں سیاسی رابطوں کی وجہ سے پروان چڑھی ہے۔

 ان ناقدین کے مطابق  بھارت میں ''کرونی کیپٹلزم‘‘ نے امبانی سمیت کچھ دیگر کارپوریشنوں کی ترقی کی منازل طے کرنے میں مدد کی ہے۔

امبانی خاندان کی شادی سے پہلے کی تقریبات شاندار اور ستاروں سے بھری ہوئی ہیں۔ مارچ میں، انہوں نے اپنے بیٹے کے لیے 1,200 مہمانوں کے ساتھ تین روزہ شادی کی تقریب کا آغاز کیا جن میں سابق عالمی رہنما، ٹیک ٹائیکونز اور بالی ووڈ کے میگا اسٹارز شامل تھے، اور ریحانہ، اکون اور دلجیت دوسانج، جو بین الاقوامی شہرت حاصل کرنے والے پنجابی گلوکار ہیں نے پرفارم کیا تھا۔ تقریب میں ٹیک ارب پتی مارک زکربرگ اور بل گیٹس نے بھی شرکت کی۔

ریرے ووگ کے مطابق انتیس سالہ دلہن رادھیکا مرچنٹ بھارت کے فارماسیوٹیکل ٹائیکون ویرن مرچنٹ کی بیٹی ہیںتصویر: Rafiq Maqbool/AP Photo/picture alliance

پری ویڈنگ تقریبات کی چکا چوند

یہ شادی سے پہلے مہینوں تک جاری رہنے والی شاندار تقریبات کا آغاز تھا، جس نے عالمی شہ سرخیوں کو اپنی گرفت میں لے لیا اور سوشل میڈیا پر بھی ایک جنون کو ہوا دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مئی میں امبانی خاندان مہمانوں کو اٹلی سے فرانس کے تین روزہ کروز سیاحتی دورے پر لے گیا، جس میں کیٹی پیری نے اپنا ہٹ ''فائر ورک‘‘گانا پیش کیا  جب کہ پٹبل کی پرفارمنس بھی شامل تھی۔

 اس خاندان نے تقریبات کے ایک حصے کے طور پر دو جولائی کو 50 سے زیادہ غیر مراعات یافتہ جوڑوں کی اجتماعی شادی کا بھی اہتمام کیا۔ پچھلے ہفتے جسٹن بیبر نے سینکڑوں مہمانوں کے لیے پرفارم کیا۔

امبانی خاندان کی شادی کی تقریبات تقریباﹰ چار ماہ قبل شروع ہو گئی تھیںتصویر: Reliance Industries/Handout/REUTERS

شادی سے پہلے کے نجی کنسرٹ  میں بالی ووڈ اسٹارز عالیہ بھٹ، رنویر سنگھ اور سلمان خان کی پرفارمنس شامل تھی۔

مہنگی شادیوں کی روایت

 امبانی نے 2018 میں بھی اس وقت شہ سرخیوں میں جگہ بنائی تھی، جب ان کی بیٹی نے شادی سے پہلے کی تقریبات میں بیونسے کی شاندار پرفارمنس کے ساتھ شادی کی تقریبات منعقد کی تھیں۔ سابق امریکی وزرائے خارجہ ہلیری کلنٹن اورجان کیری ان لوگوں میں شامل تھے جنہوں نے مغربی ہندوستان کے شہر اودے پور میں ہندوستانی مشہور شخصیات اور بالی ووڈ ستاروں کے ساتھ اس شادی میں شرکت کی تھی۔

ش ر⁄ اب ا (اے پی)

مکیش امبانی کون ہے؟

01:21

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں