1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں اے ٹی ایم سے اب سونا بھی نکل رہا ہے

9 دسمبر 2022

بھارت کے جنوبی شہر حیدرآباد میں واقع گولڈ سکہ پرائیوٹ لمیٹیڈ نے گولڈ اے ٹی ایم نصب کیا ہے۔ یہ ملک میں سونے کا سکہ دینے والا پہلا اے ٹی ایم ہے۔

Indien I erster "Gold-Automat", der Goldmünzen ausgibt, in Hyderabad
تصویر: Stringer/REUTERS

جس طرح لوگ آٹومیٹیڈ ٹیلر مشین یعنی اے ٹی ایم سے پیسے نکالتے ہیں، اسی طرح سے اب لوگ ایک خاص اے ٹی ایم سے سونے کے سکے نکال سکیں گے۔

جنوبی شہر حیدرآباد میں واقع گولڈ سکہ پرائیوٹ لمیٹیڈ نے گولڈ اے ٹی ایم نصب کیا ہے۔ یہ ملک میں سونے کا سکہ دینے والا پہلا اے ٹی ایم ہے۔

کیسی ہے یہ مشین؟

 جب آپ اس مشین کو باہر سے دیکھیں گے تو یہ عام اے ٹی ایم مشین کی طرح ہی دکھائی دے گی۔ لیکن اس سے نوٹ نہیں بلکہ سونے کے سکے نکلتے ہیں۔ وہ بھی صرف ایک بٹن دباتے ہی۔

کیا دنیا میں سونے کی قلت ہونے کو ہے؟

بھارت میں لوگ سونے کو بہت محفوظ سرمایہ سمجھتے ہیں اور محفوظ مستقبل کے لیے اس میں سرمایہ کاری کرتے ہیں۔

100گرام تک سونا نکلے گا

حیدرآباد میں گولڈ سکہ کمپنی نے جو گولڈ اے ٹی ٹیم مشین لگائی ہے وہ صرف ایک بٹن دباتے ہی 0.5گرام سے لے کر 100گرام تک سونے کے سکے آپ کے ہاتھوں میں دے دے گی۔ اس گولڈ اے ٹی ایم میں سب سے خالص سمجھے جانے والے 24 قراط کے سکے نکلیں گے۔

دنیا میں سب سے زیادہ سونا کس کے پاس؟

100گرام سونے کے سکے کے لیے آپ کو پانچ لاکھ 75ہزار روپے سے کچھ زیادہ خرچ کرنے پڑیں گے۔ اس اے ٹی ایم سے نکلنے والا سونے کا سکہ مارکیٹ میں سونے کی اس وقت کی قیمت پر منحصر ہوگا۔

سونے کے استعمال کے لحاظ سے بھارت دنیا میں دوسرے نمبر پر ہےتصویر: AFP/Getty Images/Narinder Nanu

کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کا استعمال

گولڈ سکہ کمپنی کے نائب صدر پرتاپ کا کہنا ہے کہ "زیورات کے شوروم جانے کے بجائے کسٹمر اب براہ راست یہاں آسکتے ہیں اور وہ یہاں سے سونے کے سکے خرید سکتے ہیں۔''

سونے کے استعمال کے لحاظ سے بھارت دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔ سونے کی مانگ میں دو تہائی حصہ بالعموم دیہی علاقوں کا ہے جہاں لوگ زیورات کو ایک روایتی دولت سمجھتے ہیں۔

مہنگائی کے سبب بھارتی خواتین اپنے سہاگ کی نشانی فروخت کر رہی ہیں

گولڈ سکہ اے ٹی ایم پانچ کلو گرام تک سونے کواسٹور کرسکتا ہے۔ 3دسمبر کو لانچ ہونے کے بعد سے گزشتہ کئی دنوں کے دوران متعدد کسٹمراس خاص مشین کے پاس قطار میں کھڑے دکھائی دیے۔ انہوں نے کریڈٹ کارڈ استعمال کرتے ہوئے اپنی پسند کا سونے کا سکہ خریدا۔

ایک کسٹمر کا کہنا تھا،"پورے لین دین میں ایک منٹ سے بھی کم وقت لگا۔ اس لیے جو کوئی بھی سرمایہ کاری کے بار ے میں سوچ رہا ہے مجھے لگتا ہے کہ سونا خریدنے کا یہ سب سے اچھا طریقہ ہے۔"

کمپنی کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں اس طرح کے اے ٹی ایم ملک کے دیگر حصوں میں بھی لگائے جائیں گے۔

 ج ا/ ص ز (روئٹرز)

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں