بھارت میں ’دشمن‘ کی جائداد کی مالیت جاننے کا فیصلہ
22 اگست 2010حکومت ذرائع کے مطابق ان جائدادوں میں سے زیادہ تر اترپرادیش، مغربی بنگال، نئی دہلی، گجرات، بہار، گوہا، مہاراشٹرا، کیرالہ اور آندھرا پرادیش کی ریاستوں میں ہیں۔ 1971ء میں اس کی مالیت کا اندازہ انتیس کروڑ روپے تھے تاہم خطے میں پراپرٹی کے قیمتیں بڑھنے کے بعد ان جائدادوں کی موجودہ مالیت کئی گنا بڑھ چکی ہیں۔
دو ہزار سے زائد پراپرٹی سائٹس پر مشتمل اس جائداد کو 1968ء کے ایکٹ کے مطابق ’اینمی پراپرٹی قرار‘ دیا گیا تھا جس کی وجہ سے اس کے اصل مالک کو جائداد کی ملکیت کا دعویٰ کرنے کا حق حاصل نہیں تھا۔ مختلف جماعتوں کے مسلم ارکان اور بعض حکومت وزراء کی مسلسل کوششوں کے بعد آج کل اس جائداد سے متعلق نئی قانون سازی کی خبریں گردش میں ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم من موہن سنگھ کی حکومت ایسا قانون بنانے کا سوچ رہی ہے جس کے تحت اس جائداد کے اصل مالک ملکیت کا دعویٰ کرسکیں گے اور اپنی قانونی حیثیت ثابت کرنے کے بعد وہ اپنے آباء و اجداد کی زمین کے دوبارہ مالک بن جائیں گے۔ بھارتی اپوزیشن جماعت، جنتہ پارٹی نے البتہ حکومت کو ایسا کرنے سے خبردار کیا ہے۔
بی جے پی کے سینیئر رہنما لال کرشنا ایڈوانی نے وزیر داخلہ پی چیدم برم سے اپنی حالیہ ملاقات میں اپوزیشن کا مؤقف واضح کیا۔ ایڈوانی نے مبینہ طور پر کہا ہے کہ یہ قانون سازی محمود آباد کے راجہ کو خوش کرنے کے لئے کی جارہی ہے جس کی تمام جائداد 65ء کی جنگ کے بعد ’اینمی پراپرٹی‘ قرار دے دی گئی تھی۔
رپورٹ: شادی خان سیف
ادارت:عصمت جبیں