بھارت میں ریالٹی شوز پر کریک ڈاؤن
18 نومبر 2010جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے بھارتی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزرات برائے براڈکاسٹنگ و انفارمیشن نے ٹیلی وژن چینلز کو نوٹس بھیج دیا ہے کہ ایسے شوز، جن میں بالغ مواد شامل ہوتا ہے، وہ رات گیارہ اور صبح پانچ بجے کے درمیان ہی نشر کئے جا سکتے ہیں۔
ابھی حال ہی میں ’بگ برادر‘ کا بھارتی ورژن ’بگ بوس‘ اور ’راکھی کا انصاف‘ نامی ریالٹی شوز پر کافی تنقید دیکھنے میں آئی تھی۔ بھارتی حکام کے مطابق ان شوز میں متنازعہ مناظر اور زبان کے استعمال کی وجہ سے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ حکام کے مطابق انہیں ان پروگراموں کے بارے میں بے انتہا شکایات موصول ہوئی ہیں، جس کے نتیجے میں وہ ان پروگراموں کا وقت تبدیل کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔
خبر رساں ادارےIANS کے مطابق بھارتی حکام نے بدھ کو نوٹس جاری کئے ہیں کہ اب ایسے تمام ٹیلی وژن ریالٹی شوز، جن میں متنازعہ زبان کا استعمال کیا گیا ہو یا پھر بالغ مناظر ہوں دن کے وقت نہیں دکھائے جا سکتے۔ بھارتی حکام نے کہا ہے کہ ان شوز میں دکھایا جانے والا مواد بچوں کے لئے مناسب نہیں ہے، اس لئے یہ تبدیلی کی گئی ہے۔
بھارتی حکام کی طرف سے یہ فیصلہ اسی دن کیا گیا ہے، جس دن Baywatch کی سابقہ سٹار پامیلہ اینڈرسن بھارتی ریالٹی شو ’بِگ بوس‘ میں شرکت کے لئے بھارت پہنچیں۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: شادی خان سیف