1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین سے تحفظ کے لیے بھارتی بحریہ کا بحر ہند میں نیا اقدام

15 جنوری 2025

بھارتی بحریہ نے اندرون ملک تیار کردہ ایک آبدوز، ایک ڈسٹرائر اور ایک فریگیٹ بدھ کو ایک ساتھ بحر ہند میں لانچ کر دیے، جو وہاں چینی موجودگی کے خلاف جوابی بھارتی اقدام ہے۔ بھارت کی 95 فیصد تجارت اسے آبی راستے سے ہوتی ہے۔

بھارتی  بحریہ کا آئی این ایس وکرانت
بھارتی بحریہ کے آئی این ایس وکرانت، کو کوچین شپ یارڈ لمیٹڈ نے بنایا تھا تصویر: Zuma/picture alliance

بھارتی وزیر دفاع نے اس موقع پر کہا کہ بحر اوقیانوس کی اہمیت اب بحر ہند کے خطے میں منتقل ہو گئی ہے، جو بین الاقوامی طاقت کے لیے رقابت کا مرکزبنتا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا، ''بھارت اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے اپنی بحریہ کو طاقت ور بنانے کو سب سے زیادہ اہمیت دے رہا ہے۔''

بھارت کا غیر معمولی اقدام: بیک وقت گیارہ آبدوزیں تعینات

آبدوز، ڈسٹرائر اور فریگیٹ کو ممبئی کے مزگاؤں ڈاک یارڈ میں تیار کیا گیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ان تینوں کو کمیشن کیا۔ انہوں نے کہا، ''تینوں بڑے بحری جہازوں کی کمیشننگ اس بات کا ثبوت ہے کہ ڈیفنس مینوفیکچرنگ اور میری ٹائم سکیورٹی میں عالمی رہنما بننے کا بھارت کا وژن عملی جامہ پہننے لگا ہے، اور یہ اس سمت ایک لمبی چھلانگ ہے۔‘‘

بھارت بحرہند میں چین کے بڑھتے ہوئے عزائم کا مقابلہ کرنے کے لیے اقدامات کررہا ہےتصویر: picture-alliance/dpa/Indian Navy

بحر ہند میں بھارت کے بڑھتے دفاعی اقدامات

دفاعی تجزیہ کار راہول بیدی کے مطابق بھارت کے اہم حریف چین کے بڑھتے ہوئے عزائم کی وجہ سے بحر ہند کے خطے کی صورت حال چیلنجنگ ہے۔

بھارت اپنی بحری طاقت کو وسعت کیوں دے رہا ہے؟

بیدی نے کہا کہ آئی این ایس واگشیر آبدوز، فرانسیسی لائسنس کے تحت تیار کلواری (اسکارپین) کلاس روایتی ڈیزل الیکٹرک آبدوزوں میں چھٹی آبدوز ہے۔ اس کا مقصد بھارت کے پرانے ہو چکے زیر آب پلیٹ فارمز کو تبدیل کرنا اور موجودہ صلاحیت کے سنگین خلا کو دور کرنا ہے۔ بھارت کے پاس اب مجموعی طور پر 16 آبدوزیں ہیں۔

بیدی نے کہا کہ پی پچھتراسکارپین آبدوز پروجیکٹ آبدوزوں کی تعمیر میں بھارت کی بڑھتی ہوئی مہارت کی نمائندگی کرتا ہے۔ بھارت یہ آبدوز فرانس کے نیول گروپ کے اشتراک سے تیار کر رہا ہے۔

توقع ہے کہ بھارتی وزارت دفاع وزیر اعظم مودی کے آئندہ دورہ فرانس کے دوران مزید تین اسکارپین آبدوزوں کی تیاری کے لیے ایک معاہدہ کرے گی۔ مودی ممکنہ طور پر اگلے ماہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس ایکشن سمٹ میں شرکت کے لیے پیرس جائیں گے۔ اس سمٹ کی میزبانی فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں کر رہے ہیں۔

تاہم بھارتی بحریہ کے مطابق ان آبدوزوں میں سے پہلی کی تیاری 2031 تک شروع ہونے کا امکان ہے۔

بھارت نے علاقائی حریف چین کے بہت زیادہ وسیع اور بڑھتے ہوئے بحری بیڑے کا مقابلہ کرنے کے لیے 2022 میں اپنا پہلا ملک میں ہی تیار کردہ طیارہ بردار بحری جہاز کمیشن کیا تھا۔ اس کے بعد سے ملک میں جہاز سازی کی صلاحیتوں کو مزید وسعت دی گئی ہے۔

بھارت کا دوسرا آپریشنل طیارہ بردار بحری جہاز آئی این ایس وکرانت ہے۔ سنسکرت کے اس لفظ کے معنی طاقت ور یا دلیر کے ہیں۔ اسے سوویت یونین کے دور کے آئی این ایس وکرمادتیہ کے ساتھ شامل کیا گیا تھا، جسے بحر ہند اور خلیج بنگال کا دفاع کرنے کے لیے بھارت نے روس سے 2004 میں خریدا تھا۔

ج ا ⁄ م م (اے پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں