بھارت نے پاکستان کو فٹ بال میچ میں شکست دے دی
18 اگست 2014اس میچ کے لیے دونوں ملکوں کی ٹیمیں اتوار کو بھارتی شہر بنگلور کے ایک میدان میں اتریں۔ دو میچوں کی سیریز کا یہ پہلا مقابلہ تھا جس میں بھارتی ٹیم نے مقامی مداحوں کی پرزور حمایت کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔
بھارتی اسٹرائیکر روبن سنگھ نے کھیل کے چوالیسویں منٹ میں میچ کا واحد گول کیا۔ میزبان ٹیم کی ایک گول کی یہ سبقت میچ ختم ہونے تک برقرا رہی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ابتدا میں پاکستان میچ پر حاوی تھا تاہم بھارتی کھلاڑیوں نے نئے سرے سے اپنی طاقت یکجا کی اور پاکستان کے لیے مشکلات پیدا کرنا شروع کر دیں۔
بھارتی مِڈ فیلڈر پرونوئے ہیلڈر سولہویں منٹ میں ہی گول کرنے کے قریب تھے تاہم پاکستانی گول کیپر مزمل حسین نے ان کی یہ کوشش ناکام بنا دی۔
اس کے بعد میزبان ٹیم کو گول کرنے کے مزید تین مواقع ملے تاہم پھر بھی بات نہ بن سکی۔ بلآخر روبن سنگھ نے لالریندیکا رالٹے کے ایک کارنر کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی ٹیم کو بازی مارنے کی نہج پر پہنچایا۔
دوسرے ہاف میں پاکستان نے قریب قریب میچ برابر کر ہی دیا تھا لیکن بھارتی گول کیپر امرندر سنگھ نے پاکستانی کپتان کلیم اللہ کے ہیڈر کو ناکام بنا دیا۔
میچ کے بعد بھارتی ٹیم کے کوچ وِم کوئورمینز نے کہا: ’’میں اس کھیل سے بہت خوش ہوں۔ پاکستان نے اچھے کھیل کا آغاز کیا تھا لیکن بعدازاں ہم نے پانسہ پلٹا اور بال کو زیادہ سے زیادہ وقت کے لیے اپنی گرفت میں رکھا۔‘‘
انہوں نےمزید کہا: ’’اسٹیڈیم کا ماحول بہت ہی زبردست تھا۔ یہی تو فٹ بال ہوتا ہے۔ یہ مداحوں کے لیے ہی تو ہوتا ہے۔‘‘
پاکستانی کوچ محمد شاملان المبارک کا کہنا تھا: ’’اب جبکہ ہمیں بھارتی ٹیم کا اندازہ ہو گیا ہے تو ہم (آئندہ میچ کے لے) اس کے حساب سے ہی حکمتِ عملی بنائیں گے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا: ’’ہمیں تیزی سے ابھرنے کی ضرورت ہے ۔۔۔ ہم مثبت نتیجے کے لیے پرامید ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ رابن سنگھ کو دو مرتبہ پیلا کارڈ دکھایا گیا جس کی وجہ سے انہیں میچ سے باہر ہونا پڑا۔ رابن مایوسی سے سر ہلاتے ہوئے گراؤنڈ سے باہر نکلے۔ یوں بھارتی ٹیم نے باقی ماندہ میچ دس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلا۔
اے ایف پی کے مطابق کھیل کے دوران دونوں جانب کے کھلاڑی بارہا غصے میں آئے اور سخت الفاظ کا تبادلہ بھی ہوا۔ بھارت نے 2005ء میں تین میچز کی ایک سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان یہ پہلا مقابلہ تھا۔