بھارت: چھیاسی فیصد ریپ رشتے داروں اور جاننے والوں نے کیے
21 اگست 2015بھارت کے نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو نے اکیس اگست جمعے کو اپنی سالانہ رپورٹ جاری کی ہے، جس کے مطابق 2014ء میں خواتین کے خلاف تشدد، جنسی حملوں، چھیڑ چھاڑ اور عصمت دری کی تین لاکھ سینتیس ہزار نو سو بائیس شکایات درج کروائی گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ سن دو ہزار تیرہ کے مقابلے میں یہ شکایات نو فیصد زائد تھیں، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ خواتین کے تحفظ کے لیے کیے گئے تمام تر حکومتی اقدامات کے باوجود ایسے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
اسی طرح بھارت میں جنسی زیادتی کے واقعات میں بھی نو فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سن دو ہزار چودہ میں بھارت بھر میں جنسی زیادتی کے تینتیس ہزار سات سو سات واقعات پیش آئے جبکہ ان میں سے اٹھارہ سو تیرہ واقعات کے ساتھ دارالحکومت نئی دہلی سرفہرست شہر رہا۔ جنسی زیادتی کے یہ وہ واقعات ہیں، جن کی رپورٹیں درج کروئی گئیں جبکہ ایسے درج نہ کروائے جانے والے واقعات کی تعداد کے بارے میں کوئی بھی نہیں جانتا۔ بھارت میں سینکڑوں خواتین اپنی اور اپنے خاندان کی بدنامی کے ڈر سے ایسے واقعات پر خاموشی اختیار کر لیتی ہیں جبکہ متعدد خواتین اَن پڑھ یا غریب ہونے کی وجہ سے پولیس تک ہی نہیں پہنچ پاتیں۔
اسی طرح بھارت کا شہر ممبئی جنسی زیادتی کے چھ سو سات واقعات کے ساتھ دوسرے جبکہ بنگلور ایک سو تین واقعات کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ جاری کیے گئے اعداو شمار سے واضح ہوتا ہے کہ بھارت میں چھیاسی فیصد ریپ قریبی رشتے داروں نے کیے، جن میں اُن کے والد، بھائی، انکل، ہمسائے اور دفاتر میں اُن کے ساتھ کام کرنے والے شامل تھے۔ رپورٹ کے مطابق جن خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، ان میں سے اڑتیس فیصد (چودہ ہزار ایک سو دو) کی عمریں اٹھارہ برس سے بھی کم تھیں۔
نئی دہلی میں سماجی امور کی تحقیق کے مرکز کی ڈائریکٹر رنجنا کماری کا کہنا تھا، ’’ہمیں اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے تمام محاذوں پر لڑنا ہو گا۔ یہ مسئلہ صرف بہتر پولیس جبکہ عوامی اور ٹرانسپورٹ مقامات کو محفوظ بنانے سے حل نہیں ہو گا۔ اعداد و شمار ہمیں یہ بتاتے ہیں کہ ہمیں اپنے ارد گرد، گھروں، محلوں اور دفاتر میں بھی اس حوالے سے نظر رکھنا ہو گی۔‘‘
انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس رپورٹ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اصل واقعات کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے اور اُس حقیقی تعداد کو منظر عام پر لانا بہت ضروری ہے۔