1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: کشميری طلباء کے خلاف بغاوت کا الزام واپس

عاصم سليم7 مارچ 2014

کرکٹ کے ايک ميچ ميں بھارت کی پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد اُتر پرديش ميں پاکستان کی کاميابی پر مسرت کا اظہار کرنے پر مقامی پوليس نے قريب ساٹھ طلباء کے خلاف بغاوت کا الزام درج کر ليا، جِسے بعد ازاں واپس بھی لے ليا گيا۔

تصویر: Reuters

مقامی پوليس نے جمعرات چھ فروری کے روز اِن کشميری طلباء کے خلاف ايف آئی آر درج کی، جِس ميں اُن پر بغاوت کا الزام عائد کيا گيا تھا۔ بعد ازاں اِس پيش رفت پر بھارت کے زیر کنٹرول وادی کشمير ميں کافی احتجاج ديکھا گيا۔ جموں اور کشمير کے وزير اعلیٰ عمر عبد اللہ نے پوليس کے اِس اقدام کو ’ناقابل قبول اور انتہائی سخت‘ قرار ديتے ہوئے اُتر پرديش کی حکومت سے مطالبہ کيا کہ اِس اقدام کو واپس لے ليا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ پوليس کے اِس اقدام سے طلباء کا مستقبل خراب ہو سکتا ہے۔

نيوز ايجنسی پريس ٹرسٹ آف انڈيا کے مطابق عمر عبداللہ نے گزشتہ روز ہی اُتر پرديش کے وزير اعلیٰ اکھيليش يادو سے رابطہ کيا، جِن کا بھی يہی خيال تھا کہ طلباء کے خلاف بغاوت جيسا سنگين الزام عائد کرنا درست نہيں۔ يادو کے بقول متعلقہ طلباء نے اپنی سرگرميوں کے نتائج کے بارے ميں سوچے سمجھے بغير ايسے ہی جوش ميں کچھ کہہ ديا ہوگا۔

بھارت ميں بغاوت جیسے جرم کی کم از کم سزا تين برس قيد اور زيادہ سے زيادہ سزا عمر قيد ہے۔ تاہم جمعرات کی رات اُتر پرديش کے پرنسپل سيکرٹری داخلہ نونيت سہگل نے بتايا کہ طلباء کے خلاف بغاوت کا الزام واپس لے ليا گيا ہے۔

دريں اثناء ميرٹھ کی ضلعی اتھارٹيوں نے میرٹھ کی سوامی وویک آنند سبھارتی یونیورسٹی کے طلباء کے اخلاق کے حوالے سے تحقيقات کرانے کے احکامات جاری کر ديے ہيں۔ يونيورسٹی کے وائس چانسلر منظور احمد نے بتايا کہ ايک کشميری پروفيسر کی سربراہی ميں تين رکنی کميٹی قائم کر دی گئی ہے اور طلباء کی معطلی کو واپس ليے جانے کا فيصلہ کميٹی کی رپورٹ کے نتائج آنے کے بعد ہی ليا جائے گا۔ اس کميٹی کی رپورٹ آئندہ چند روز ميں متوقع ہے۔

طلباء کی جانب سے ايسے خدشات کے اظہار کے بعد کہ اُنہيں يونيورسٹی واپس جانے پر نشانہ بنايا جا سکتا ہے، منظور احمد نے اُنہيں يقين دہانی کرائی کہ ايسا نہيں ہوگا۔

واضح رہے کہ بنگلہ ديش ميں جاری ايشيا کرکٹ کپ کے گزشتہ اتوار کو کھيلے جانے والے ايک ميچ ميں پاکستان نے روايتی حريف بھارت کو ايک سنسنی خيز مقابلے کے بعد شکست دے دی تھی۔ اس ميچ ميں پاکستان کی حمايت کرنے پر مقامی اتھارٹيوں نے سوامی وویک آنند سبھارتی یونیورسٹی کے ساٹھ سے زائد کشمیری طلباء کو ہوسٹل چھوڑ دينے کی ہدايت کی تھی۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں