1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: کیا ’کاکروچ‘ مودی کی سیاسی گرفت کو چیلنج کر سکتے ہیں؟

کشور مصطفیٰ سیرت چھابا
14 اکتوبر 2026

ہزاروں افراد کی گرفتاری، رہنماؤں کی حراست اور پولیس کی مبینہ تشدد کے باوجود نوجوانوں کی قیادت میں جاری احتجاجی تحریک توجہ کا مرک‍ز بنی ہوئی ہے، تاہم ماہرین کے مطابق مودی حکومت کو جھکانا آسان نہیں ہے۔

10 اکتوبر 2026 : بھارت کے چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ کرنے والی 'کاکروچ جنتا پارٹی' (CJP) کے احتجاج کے دوران سکیورٹی اہلکار  مظاہرین کو حراست میں لے رہے ہیں
سی جے پی دراصل ایک طنزیہ آن لائن تحریک کے طور پر اس وقت وجود میں آئی جب بھارت کے چیف جسٹس سوریا کانت نے ایک غیر رسمی تبصرے میں بے روزگار نوجوانوں کو ’’کاکروچ‘‘ قرار دیاتصویر: Adnan Abidi/REUTERS

بھارت  میں نوجوانوں کی تحریک ''کاکروچ جنتا پارٹی‘‘ (سی جے پی) نے شاید جولائی میں اپنے پہلے احتجاجی مظاہروں کے بعد  حکومتی ردعمل کا اندازہ لگا لیا تھا، لیکن 10 اکتوبر کو نئی دہلی میں اپنے رہنماؤں کا جس سخت سکیورٹی، رکاوٹوں اور گرفتاریوں سے سامنا ہوا، وہ ان کی توقعات سے کہیں زیادہ تھا۔

سی جے پی دراصل ایک طنزیہ آن لائن تحریک کے طور پر اس وقت وجود میں آئی جب بھارت کے چیف جسٹس سوریا کانت نے ایک غیر رسمی تبصرے میں بے روزگار نوجوانوں کو ''کاکروچ‘‘ قرار دیا۔  اس تحریک کا نام وزیراعظم نریندر مودی  کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے نام پر طنزیہ انداز میں رکھا گیا۔

تحریک کے تازہ احتجاجی مرحلے میں کارکن چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ان کا الزام ہے کہ ملک بھر میں ووٹر فہرستوں سے 13 کروڑ سے زائد نام خارج کیے گئے ہیں، جس کے باعث انتخابی عمل کی شفافیت پر سوالات اٹھے ہیں۔

ویک اینڈ پر کیا ہوا؟

تحریک کے بانی ابھیجیت دیپکے کو اپنے ساتھی رہنماؤں آشوتوش رانکا اور سورو داس کے ہمراہ ہفتے کے روز نئی دہلی پہنچنے پر طیارے سے ہی حراست میں لے لیا گیا۔

دوسری جانب پولیس نے سوشل میڈیا کی ایک سرگرم شخصیت دھرو راٹھی سمیت تحریک سے وابستہ کئی نمایاں افراد کے گھروں کے باہر بھی نفری تعینات کر دی۔ دھرو راٹھی کے انسٹاگرام پر تقریباً دو کروڑ فالوورز ہیں۔

تحریک کے کارکن چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیںتصویر: Indranil Mukherjee/AFP

مرکزی دہلی میں مظاہرین کو بسوں میں بھر کر مختلف مقامات پر منتقل کیا گیا، جہاں انہیں کئی گھنٹوں تک روکے رکھا گیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق شہر بھر میں کم از کم 3,000 افراد کو حراست میں لیا گیا۔

حکومت مظاہروں سے کیسی نمٹ رہی ہے؟

مظاہرے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب نریندر مودی مسلسل 25 برس سے منتخب  حکومتوں کی قیادت کر رہے ہیں، پہلے ریاست گجرات کے وزیرِ اعلیٰ اور پھر بھارت کے وزیرِ اعظم کے طور پر۔

دہلی میں مقیم مصنف نیلنجن مکھوپادھیائے کے مطابق، یہ ایک دلچسپ اتفاق ہے کہ حکمراں کے طور پر مودی کے پچیس سال کا جشن ایسے وقت منایا جا رہا ہے جب وہ سیاسی طور پر نسبتاً کمزور پوزیشن میں دکھائی دیتے ہیں۔ مکھوپادھیائے مودی کی 2013 کی سوانح عمری

Narendra Modi:The Man,The Times  کے مصنف ہیں۔

انہوں نے حکومت کے موجودہ ردعمل کا موازنہ جولائی میں ہونے والے ان مظاہروں سے کیا، جب ہزاروں نوجوان امتحانی پرچوں کے بار بار لیک ہونے کے خلاف اور وزیرِ تعلیم کے استعفے کے مطالبے کے لیے سڑکوں پر نکل آئے تھے۔

اس وقت حکام نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج، گرفتاریاں اور پیلٹ گنوں کا استعمال کیا تھا۔ تاہم اس بار حکمتِ عملی مختلف رہی۔ انتظامیہ نے بڑے پیمانے پر سکیورٹی اہلکار تعینات کیے اور پیشگی  اقدامات کیے، جن میں سابق احتجاجی سرگرمیوں سے وابستہ افراد کو نوٹسز جاری کرنا، نقل و حمل میں رکاوٹیں، انٹرنیٹ کی بندش اور ہوائی اڈوں پر گرفتاریاں شامل تھیں۔

تحریک کے بانی ابھیجیت دیپکے کو اپنے ساتھی رہنماؤں آشوتوش رانکا اور سورو داس کے ہمراہ ہفتے کے روز نئی دہلی پہنچنے پر طیارے سے ہی حراست میں لے لیا گیاتصویر: Indranil Mukherjee/AFP

دنیا بھر میں تنازعات، جنگوں، احتجاجی مظاہروں، تشدد اور سکیورٹی سے متعلق واقعات کا ڈیٹا جمع اور تجزیہ کرنے والے ایک آزاد تحقیقی ادارے  اے سی ایل ای ڈی کے ایشیا ایکسپرٹ اور سینئر تجزیہ کار پرل پانڈیا نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ''حکومت نے اپنے گزشتہ تجربات سے سبق سیکھا ہے۔ اس نے لوگوں کو جنتر منتر پر زیادہ دیر تک جمع ہونے کی اجازت نہیں دی، جس سے احتجاجی تحریک کو وسعت نہیں مل سکی۔‘‘ 

انہوں نے مزید کہا، ''تشویش کی بات یہ ہے کہ کہیں یہ مستقبل کے لیے ایک نمونہ نہ بن جائے، جہاں لوگوں کو احتجاج کرنے کا حق ہی نہ دیا جائے۔‘‘ ان کا اشارہ حکومت کے اس فیصلے کی جانب تھا جس کے  تحت دہلی کے تاریخی جنتر منتر کو احتجاج کے لیے مختص مقامات کی فہرست سے خارج کر دیا گیا۔

تاہم حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ قومی دارالحکومت میں احتجاج کے لیے تین نئے مقامات مختص کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب مکھوپادھیائے نے اس صورتحال کو مختلف زاویے سے دیکھا۔ ان کے بقول، ''سکیورٹی کی اس غیر معمولی تعیناتی کو دراصل مودی حکومت کی ناکامی سمجھا جا سکتا ہے۔‘‘

انہوں نے استدلال کیا کہ اگر ایک بالکل نئی سماجی و سیاسی تحریک کے احتجاج سے نمٹنے کے لیے حکومت کو اتنے بڑے پیمانے پر سکیورٹی فورسز تعینات کرنا پڑیں، تو یہ خود حکومت کے لیے ایک دھچکا ہے۔

حکومت کی فوری تبدیلی کا امکان کم

ماہرین کے مطابق بھارت میں موجودہ احتجاجی تحریک کے باوجود حکومت کی فوری تبدیلی یا اقتدار کے خاتمے کا امکان کم ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نیپال اور بنگلہ دیش کے برعکس بھارت کے  ریاستی ادارے نسبتاً مضبوط ہیں اور اپوزیشن بھی نظام کو گرانے کے بجائے اداروں کی بحالی کا مطالبہ کر رہی ہے۔

ماہرین کے مطابق بھارت میں موجودہ احتجاجی تحریک کے باوجود حکومت کی فوری تبدیلی یا اقتدار کے خاتمے کا امکان کم ہےتصویر: Dibyangshu Sarkar/AFP

تجزیہ کاروں کے مطابق عدلیہ پر عوامی اعتماد بھی ان احتجاجوں کو حکومت مخالف عوامی  انقلاب میں تبدیل ہونے سے روک سکتا ہے۔ تاہم مسلسل عوامی بے چینی آئندہ انتخابات، خصوصاً 2029 کے عام انتخابات اور ریاستی انتخابات میں حکومت کے لیے مشکلات پیدا کر سکتی ہے اور وزیراعظم نریندر مودی کی مقبولیت کو متاثر کر سکتی ہے۔

ماہرین کے نزدیک سب سے تشویش ناک پہلو انتخابی ادارے کی ساکھ پر اٹھنے والے سوالات ہیں۔ ان کے بقول آج کے نوجوان صرف احتجاج نہیں کر رہے بلکہ اپنے ووٹ کے حق اور انتخابی نظام پر اعتماد کے تحفظ کے لیے بھی آواز اٹھا رہے ہیں۔

جاوید اختر

بھارت کے پارلیمانی انتخابات، کشمیری نوجوان کیا سوچتے ہیں؟

02:50

This browser does not support the video element.

کشور مصطفیٰ ڈی ڈبلیو اردو کی سابق سربراہ اور سینئر ایڈیٹر ہیں۔ دو دہائیوں سے ڈوئچے ویلے سے منسلک ہیں۔
ادارت: جاوید اختر
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں