1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت کی آبادی 2050ء میں چین سے آگے

2 اکتوبر 2013

ایک تازہ اسٹڈی کے مطابق دنیا کی آبادی 2050ء تک بڑھ کر 9.7 بلین تک پہنچ جائے گی۔ اس وقت عالمی آبادی 7.1 بلین ہے۔ اس اسٹڈی کے مطابق بھارت اس وقت تک چین کو پیچھے چھوڑ کر آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑا ملک ہوگا۔

Indien Straßenszene Amritsar
تصویر: picture-alliance/dpa

فرانس کے انسٹیٹیوٹ آف ڈیموگرافک اسٹڈیز (Ined) کی طرف سے جاری کی گئی رپورٹ میں اندازہ لگایا گیا ہے کہ رواں صدی کے آخر تک ہمارے اس سیارہ زمین پر 10 سے 11 بلین انسان آباد ہوں گے۔ عالمی آبادی کے حوالے سے یہ ادارہ ہر سال دو رپورٹس جاری کرتا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس وقت آبادی کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا ملک چین ہے جہاں 1.3 بلین افراد بستے ہیں۔ اس کے بعد بھارت کا نمبر ہے جس کی آبادی 1.2 بلین ہے۔ امریکا 316.2 ملین آبادی کے ساتھ تیسرے، انڈونیشیا 248.5 ملین کے ساتھ چوتھے جبکہ برازیل پانچویں نمبر پر ہے جس کی آبادی 195.5 ملین ہے۔

افریقہ میں بچوں کی پیدائش کی حالیہ اوسط شرح 4.8 بچے فی عورت ہےتصویر: dapd

Ined کے اندازوں کے مطابق 2050ء میں بھارت 1.6 بلین آبادی کے ساتھ دنیا بھر میں سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن جائے گا جبکہ دوسرے نمبر پر چین ہو گا جس کی آبادی اس وقت بھی 1.3 بلین ہی ہو گی۔

اس ادارے کی طرف سے لگائے گئے یہ اندازے اقوام متحدہ، عالمی بینک اور دیگر اہم اداروں کی طرف سے مرتب کردہ جائزوں سے مطابقت رکھتے ہیں۔ اقوام متحدہ کی طرف سے کرائی گئی ایک اسٹڈی کی رپورٹ رواں برس جون میں جاری کی گئی تھی جس کے مطابق رواں نصف صدی تک عالمی آبادی 9.6 بلین ہو گی۔ اُس رپورٹ کے مطابق 60 برس سے زائد عمر کے افراد کی موجودہ آبادی 841 ملین سے بڑھ کر 2050ء تک دو بلین تک پہنچ جائے گی جبکہ اگلی صدی کے آغاز تک بزرگ افراد کی آبادی تین بلین تک پہنچ جائے گی۔

اس وقت آبادی کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا ملک چین ہے جہاں 1.3 بلین افراد بستے ہیںتصویر: Hans-Georg Esch

Ined کی رپورٹ کے مطابق افریقہ 2050ء تک دنیا کی ایک چوتھائی آبادی یعنی 2.5 بلین افراد کا گھر ہوگا۔ یہ اندازہ موجودہ آبادی 1.1 بلین کے دو گنا سے بھی زائد ہے۔ رپورٹ کے مصنف گلیس پیسن کے مطابق افریقہ میں بچوں کی پیدائش کی حالیہ اوسط شرح 4.8 بچے فی عورت ہے۔ یہ شرح 2.5 کی شرح کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔

تازہ اندازے کے مطابق براعظم امریکا کی آبادی بھی 2050ء تک 1.2 بلین کے ساتھ ایک ارب کا ہندسہ عبور کر چکی ہوگی۔ اس وقت امریکا کی آبادی 958 ملین ہے۔ جبکہ براعظم ایشیا کی موجودہ آبادی 4.3 بلین سے بڑھ کر 2050ء تک 5.2 بلین تک پہنچ چکی ہو گی۔

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں