1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت کی مدد کے لیے ہالی ووڈ اور بالی ووڈ ستاروں کا کنسرٹ

جاوید اختر، نئی دہلی
4 مئی 2020

کورونا وائرس کی وبا سے بھارت میں متاثرین کے لیے فنڈ جمع کرنے کے خاطر اتوار کو ایک آن لائن کنسرٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں ہالی ووڈ اور بالی ووڈ کے متعدد ستاروں نے حصہ لیا۔

Indien "I For India" Konzert - Online-Spendenaktion - Shah Rukh Khan
تصویر: AFP/J. Sawad

’آئی فار انڈیا‘ نامی اس پروگرام کو 70سے زائد ملکوں میں لاکھوں افراد نے اپنے اپنے گھروں میں بیٹھ کر فیس بک پر دیکھا۔ اس میں ہالی ووڈ اور بالی ووڈ کے علاوہ بھارتی کرکٹ کی اہم شخصیات نے حصہ لیا، ناظرین کی تفریح کی اور کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں مالی مدد کرنے کی اپیل کی۔

تقریباً پانچ گھنٹے تک چلنے والے اس پروگرام کا مقصد بھارت میں کورونا وائرس کی وجہ سے روزگار سے محروم ہوجانے والے افراد او ر مریضوں کے علاج کے لیے پیسے اکٹھا کرنا تھا۔ ایک اندازے کے مطابق اس آن لائن کنسرٹ کے ذریعہ تین کروڑ 75 لاکھ روپے جمع ہوئے۔ بالی ووڈ کے ہدایت کار کرن جوہر اور زویا اختر کی پہل پر منعقدہ اس کنسرٹ کو بھارت میں سب سے بڑا ’ہوم۔ ٹو۔ہوم‘  پروگرام قرار دیا جارہا ہے۔

اس کنسرٹ میں بالی ووڈ کے جن اہم ستاروں نے حصہ لیا ان میں امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، اکشے کمار، انیل کپور، عامر خان، شبانہ اعظمی، رن ویر سنگھ، کترینا کیف، پریانکا چوپڑا، انوشکا شرما، سیف علی خان، کرینا کپور، رانی مکھرجی، عالیہ بھٹ، آیوشمان کھورانہ، ابھیشک بچن، ایشوریہ رائے، مادھوری دیکشت، دیا مرزا، ٹوئنکل کھنہ جیسے فنکار شامل تھے۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے بھی اس میں حصہ لیا۔

ہالی ووڈ کے ستاروں میں ول اسمتھ، جیک بلیک، کیٹ یوس ورتھ کے علاوہ گلوکار میک جیگر، جوئے جوناس اور کناڈیائی سنگر برین ایڈمس نے بھی ناظرین کو محظوظ کیا۔

ول اسمتھ اور میک جیگر نے بھار ت میں لاک ڈاون کی وجہ سے بے روزگار ہوجانے والے مہاجر مزدوروں کی پریشانیوں کے بارے میں باتیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ شہری علاقوں میں پھنسے ہوئے ہیں اور اس وقت ان کے پاس کوئی روزگار نہیں ہے۔ میک جیگر نے کہا”ہوسکتا ہے کہ ایسے لوگ اور ان کے خاندان بھوک سے بے حال ہوں، آپ سے جس قدر ممکن ہو مدد کریں۔“

شاہ رخ خان اپنے بیٹے ابرام خان کے ساتھ اس آن لائن پروگرام میں شریک ہوئے۔ انہوں نے اپنے مخصوص انداز میں ناظرین کی تفریح کی اور ایک گانا بھی گایا۔ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے اپنے مداحوں سے امدادی فنڈ میں عطیہ دینے کی اپیل کی۔ عامر خان اور ان کی اہلیہ کرن راو نے ناظرین سے کووڈ انیس کی جنگ میں اپنے حوصلے بلند رکھنے اور امیدیں قائم رکھنے کی اپیل کی۔ انہوں نے گیت بھی سنائے۔

شبانہ اعظمی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں پوری دنیا ایک ساتھ مل کر عالمگیر وبا کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ’ایک نئی دنیا‘ سامنے آئے گی۔ نغمہ نگار جاوید اختر نے اپنی نظم ’بھوک‘ سنائی اور لوگوں سے تعاون کی اپیل کی تاکہ کوئی بھوکا نہ مرے۔

فلم ’مسٹر انڈیا‘ میں سپر ہیرو کا کردار ادا کرنے والے انیل کپور نے کہا کہ ’آپ سب سپر ہیرو ہیں کیوں کہ لاک ڈاون کی وجہ سے آپ سب اپنے اپنے گھروں پر رہ رہے ہیں۔“

گلوکار سونو نگم، شیریا گھوشال، پپون، سنیدھی چوہان، بی پارک، ہرش دیپ کور، لیزا مشرا  اور آسکر ایوارڈ یافتہ اے آر رحمان نے نغموں سے سامعین کو محظوظ کیا جب کہ استاد ذاکر علی خان، سردو نواز استاد امجد علی خان اور ان کے بیٹے امان علی او رایان علی بنگش نے کلاسیکی موسیقی کے رنگ بکھیرے۔

خیال رہے کہ بھارت میں دومرحلوں میں چالیس روزہ لاک ڈاون کے اختتام پر آج سے چودہ دن کے لیے تیسرے مرحلے کے لاک ڈاون کا آغا ز ہوگیا ہے لیکن اس کے باوجودکورونا وائرس کی وبا سے متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ متاثر ہونے والوں کی تعداد 42765 اور ہلا ک ہونے والوں کی تعداد 1396ہوچکی ہے۔

بھارت میں لاک ڈاؤن اور روہنگیا کی حالت زار

03:56

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں