1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت کے دو لڑاکا طیارے گر کر تباہ

28 جنوری 2023

بھارت کے دو جنگی طیارے دہلی کے جنوب میں تربیتی مشق کے دوران گر کر تباہ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں ایک پائلٹ ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے۔

Indien Bharatpur, Rajasthan | Flugzeugabsturz
تصویر: ANI via REUTERS

بھارتی ٹیلی وژن چینل این ڈی ٹی وی نے حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ایس یو 30 جیٹ میں دو پائلٹ سوار تھے جبکہ فرانسیسی ساختہ میراج  2000  میں ایک پائلٹ تھا۔ ان تین میں سے، دو پائلٹ جو بروقت باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے ان کے بارے میں  تلاش اور ریسکیو افسران نے بتایا کہ وہ زخمی ہوئے ہیں جبکہ تیسرے پائؑٹ کو شدید زخم آئے اور وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ اس بارے میں بھارت کی فضائیہ نے ایک ٹوئیٹر پیغام کے ذریعے اطلاع دی۔

ان دونوں جنگی طیاروں نے گوالیار ایئرفورس کے اڈے سے اڑان بھری تھی۔ اس مقام سے 30 میل دور کریش ہونے والے طیاروں کا ملبہ ملا۔ بھارتی نیول آفیسر دھرمندر گورنے اے ایف پی کو بتایا کہ ایک طیارے کے پُرزے ملے ہیں اور زخمی پائلٹ پہاڑ گڑھ جنگل سے ملا ہے۔ انہوں نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو مزید بتایا کہ دوسرا طیارہ ممکنہ طور پر 'جائے وقوعہ سے اور زرا دور جا کر گرا۔  دھر مندر گور نے کہا، ''ہم نے اُسے تلاش کرنے کے لیے اپنی ٹیمیں بھیج دی ہیں۔‘‘

اُدھر مدھیا پردیش کے شہر مورینا میں مقامی رہائشیوں کی طرف سے بنائی گئی ویڈیوز میں حادثے کے مقام سے آگ کے شعلے اُٹھتے اور ملبہ دکھائی دے رہا ہے۔

آج کے بھارت کی حالت بڑی شرمناک ہے، اروندھتی رائے

گوالیار ایئرفورس کے اڈے سے اڑان بھری تھی۔ اس مقام سے 30 میل دور کریش ہونے والے طیاروں کا ملبہ ملاتصویر: ANI via REUTERS

بھارت کا رد عمل

این ڈی ٹی وی نے دفاعی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ فضائیہ نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا طیارے 'فضائی ٹکراؤ‘ کے سبب گر کر تباہ ہوئے یا اس کی دیگر وجوہات تھیں۔

مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے فوری 'ریسکیو اینڈ ریلیف‘ کو یقینی بنانے کے لیے بھارت کی فضائیہ اور مقامی انتظامیہ کے درمیان تعاون پر زور دیا۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دونوں طیاروں کے فضا میں تصادم کی تصدیق کے لیے اتھاریٹیز تحقیقات کر رہی ہیں۔

بھارتی ڈرون طیارہ مارا گرایا، پاکستانی فوج کا دعویٰ

واضح رہے کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران متعدد بار بھارت کے لڑاکا طیارے حادثے کا شکار اور اُن پر سوار پائلٹ زخمی یا ہلاک ہو چُکے ہیں۔ جولائی 2022ء میں بھارت میں لڑاکا طیارہ مگ-21 تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوا تھا اور دو پائلٹ ہلاک ہوگئے تھے۔ اُس سے پہلے دسمبر 2021ء میں ریاست تامل ناڈو میں کُنور کے قریب بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ سمیت 13 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

ہفتے کو لڑاکا طیاروں کا حادثہ ایک ایسے وقت پر پیش آیا جب نئی دہلی حکومت اپنی مسلح افواج کو جدید بنانے اور ہندوستان کے پیچیدہ سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

ک م/ا ب ا(اے ایف پی)

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں