1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: ہسپتال میں زیرعلاج مریضوں کو اب بھجن سنایا جائے گا

6 اکتوبر 2023

مشرقی ریاست اوڈیشہ میں ایک سرکاری ہسپتال کے حکام نے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں زیر علاج مریضوں کو میوزک تھیراپی اور سکون فراہم کرنے کے لیے 'روحانی بھجن' سنانے کی سفارش کی ہے۔

ہسپتال کے حکام نے کہا کہ بھجن سے روحانی اور مثبت ماحول پیدا ہو گا اور اس سے مریض کے صحت یاب ہونے کی رفتار تیز ہو جائے گی
ہسپتال کے حکام نے کہا کہ بھجن سے روحانی اور مثبت ماحول پیدا ہو گا اور اس سے مریض کے صحت یاب ہونے کی رفتار تیز ہو جائے گیتصویر: Danish Siddiqui/REUTERS

بھارتی میڈیا میں شائع رپورٹوں کے مطابق مشرقی ریاست اوڈیشہ کے کٹک ضلعے میں ایس سی بی میڈیکل کالج اور ہسپتال کے تمام آئی سی یوز میں ڈاکٹروں کی مدد کے لیے اب زیر علاج مریضوں کو "روحانی بھجن" سنائے جائیں گے۔ ہندو دیوی دیوتاوں کی تعریف میں گائے جانے والے نغموں کو بھجن کہتے ہیں۔

ہسپتال کے ماہرین صحت کا اصرار ہے کہ عقیدت مند گیت یعنی بھجن کے موسیقی ورژن انتہائی نازک حالت والے مریضوں کے لیے "بہت موثر" ہوں گے۔ اس لیے ایس سی بی میڈیکل کالج کے حکام نے ہسپتال کے انتہائی نگہداشت والی تمام یونٹوں میں میوزک تھیراپی کے طور پر روحانی بھجن بجانے کا فیصلہ کیا ہے۔

میڈیکل سرجری پر بھارت میں ایلوپیتھک اور آیورویدک ڈاکٹروں میں ٹکراو

ہسپتال کے حکام نے بدھ کے روز یہ فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ بھجن سے روحانی اور مثبت ماحول پیدا ہوگا اور اس سے مریض کے شفا یاب ہونے کی رفتار تیز ہو جائے گی۔

ہسپتال کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اگر ہم آئی سی یو کے اندر سازو ں پر کچھ موسیقی بجا سکتے ہیں تو اس پرسکون آواز سے شفایابی میں مدد ملے گیتصویر: picture-alliance/Zumapress/M. McCarthy

میوزک تھیراپی کے موثر ہونے کا دعویٰ

ایس سی بی میڈیکل کالج ہسپتال کے سربراہ ڈاکٹر ابیناش راوت کا کہنا تھا کہ،"اگر ہم آئی سی یو کے اندر سازو ں پر کچھ موسیقی بجا سکتے ہیں تو اس پرسکون آواز سے شفایابی میں مدد ملے گی۔ تجویز پر غورو خوض کرنے کے بعد ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہسپتال کے تمام آئی سی یوز کے اندر موسیقی بجائے جائیں گے۔ اس پر جلد ہی عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔"

ہیلتھ کیئر کے معاملے میں بھارت 195ملکوں میں 145ویں نمبر پر

انہوں نے مزید بتایا کہ سرکاری طریقہ کار کے مطابق میوزک تھیراپی فراہم کرنے کی ذمہ داری نجی فرموں کو تفویض کرنے کے لیے ٹینڈر جاری کیا جائے گا۔

بھارتی ریاست چھتیس گڑھ، گائے کے پیشاب کی سرکاری خریداری شروع

بھارت میں ہسپتالوں میں میوز ک تھیراپی کے استعمال کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ سن 2020 میں کورونا وائرس کی وبا کے پہلے دور کے دوران گجرات کے ودودرا (بڑودہ) میں سر سیاجی راو جنرل ہسپتال میں مریضوں کے علاج کے حصے کے طورپر میوزک تھیراپی اور لافٹر تھیراپی استعمال کیے گئے تھے۔

میڈیکل جرنل لانسیٹ کی ایک تحقیق کے مطابق ڈپریشن بڑی عمر کے بالغ افراد کی ایک عام ذہنی صحت  کی حالت ہے۔ ڈپریشن میں میوزک تھیراپی کو ایک حد تک موثر پایا گیا ہے۔ لیکن دیگر بیماریوں میں اس کے اثرات ابھی واضح نہیں ہوئے ہیں۔

 ج ا/ ص ز (نیوز ایجنسیاں)

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں