1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: ہندوؤں کو 'مسلمان بنانے‘ کے الزام میں مبلغین گرفتار

جاوید اختر، نئی دہلی
22 جون 2021

ڈاکٹر عمر گوتم اور مفتی جہانگیر قاسمی کی گرفتاری کو اتر پردیش میں آئندہ برس ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ہندو ووٹروں کو متحد کرنے کی کوشش کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔ حکمران بی جے پی ان دنوں داخلی چپقلش کا شکار ہے۔

Aktionstag der deutschen Muslime 19.9.2014 Muslime gegen Hass
تصویر: Reuters/Hannibal

اتر پردیش کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے معروف مبلغ ڈاکٹر محمد عمر گوتم اور مفتی قاضی جہانگیر عالم قاسمی پر دولت، ملازمت اور شادی وغیرہ کا لالچ دے کر سینکڑوں ہندوؤں کا مذہب تبدیل کرانے کا الزام عائد کیا ہے۔ ریاستی وزیر اعلیٰ یوگی ادیتیہ ناتھ نے ان دونوں کے خلاف سیاہ قانون گنیگسٹر ایکٹ اور قومی سلامتی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرانے اور ان کے اثاثوں کو ضبط کرنے کا بھی حکم دے دیا ہے۔

نئی دہلی کے مسلم اکثریتی علاقے جامعہ نگر سے اسلامک دعوۃ مرکز کے نام سے تبلیغی سرگرمیاں انجام دینے والے عمر گوتم اور ان کے ساتھی جہانگیر قاسمی کو اتر پردیش اے ٹی ایس نے مذہبی فرقوں کے درمیان منافرت پیدا کرنے، مجرمانہ سازش کرنے، دھوکہ دہی اور انسداد تبدیلی مذہب جیسے سخت قوانين کے تحت گرفتار کر لیا ہے۔ ان پر پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی سے مالی اعانت حاصل کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔ اتر پردیش پولیس نے دعوی کیا کہ پولیس ملزمان اور اسلامی دعوۃ مرکز کی سرگرمیوں پر ایک عرصے سے نگاہ رکھے ہوئے تھی اور ان کے خلاف شواہد جمع ہو جانے کے بعد انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔

ریاستی وزیر اعلیٰ یوگی ادیتیہ ناتھ نے گنیگسٹر ایکٹ اور قومی سلامتی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرانے کا حکم دیا ہے۔تصویر: Imago/Hindustan Times/A. Yadav

’گرفتاریاں ایک بڑی سازش ہے‘

مسلم رہنما اور ڈاکٹر عمر گوتم کی سرگرمیوں کو قریب سے جاننے والے اس کارروائی کو مسلمانوں کو خوف زدہ اور ہراساں کرنے کی کوششوں کا حصہ قرار دیتے ہیں۔

سينٹرل یونیورسٹی جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبہ مطالعات اسلامی کے پروفیسر ایمریٹس پدم شری اختر الواسع نے ڈی ڈبلیو اردو سے بات چیت کرتے ہوئے کہا، ”عمر گوتم ایک عرصے سے اسلامی دعوۃ سینٹر چلا رہے ہیں۔ حکومت نے آخر اس وقت ہی انہیں کیوں گرفتار کیا؟ اس سے قبل کیا ان کی سرگرمیاں حکومت کی نگاہ میں نہیں تھیں؟" عمر گوتم سے ایک عرصے سے واقف پروفیسر اخترالواسع کا کہنا تھا کہ 'اتر پردیش میں الیکشن جیسے جیسے قریب آ رہے ہیں، اس طرح کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اگر حکومت کو عمر گوتم کی مبینہ سرگرمیوں کا پہلے سے علم تھا تو انہیں پہلے گرفتار کیوں نہیں کیا گیا؟‘

بھارتی آئین کسی بھی مذہب پر عمل کرنے اور اس کی تبلیغ کی اجازت دیتا ہے۔تصویر: AP

تبدیلی مذہب کوئی جرم نہیں

دہلی اقلیتی کمیشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر ظفر الاسلام خان نے اس حوالے سے ایک ٹوئٹ میں کہا، ”زبردستی تبدیلی مذہب کرانے اور آئی ایس آئی کے ساتھ تعلق جیسے الزامات بے بنیاد اور گھٹیا ہیں اور یہ عدالت میں ٹک نہیں پائیں گے۔ ان (عمر گوتم) پر لوگوں کو اسلام قبول کرانے کا الزام لگایا گیا ہے۔ تبدیلی مذہب کوئی جرم نہیں ہے۔ آئین میں اس کی اجازت ہے۔"

دہلی اقلیتی کمیشن کے سابق چیئرمین کا کہنا تھا، ”آئی ایس آئی کے ساتھ تعلق کے حوالے سے اے ٹی ایس کا دعوی فرضی ہے۔ حالیہ دہائیوں میں ایسے سینکڑوں افراد بری ہوئے ہیں جن پر اس طرح کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ ایجنسیاں اکثر بے گناہ لوگوں کو پھنساتی رہتی ہیں۔" ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ گرفتاریاں در اصل اتر پردیش کے آئندہ اسمبلی انتخابات میں ایک موضوع بنانے کے لیے کی گئی ہیں۔

عمر گوتم کے پڑوس میں رہنے والے اور دہلی اسمبلی کے رکن امانت اللہ خان کا کہنا تھا کہ 'اتر پردیش کے آئندہ اسمبلی انتخابات کے مدنظر بی جے پی کسی بھی طرح اپنی ڈوبتی کشتی کو پار لگانا چاہتی ہے اور اس کے لیے کوئی بھی غیر آئینی طریقہ اپنانے کے لیے تیار ہے۔‘ عمر گوتم اور جہانگیر قاسمی کی گرفتاری شہريوں کے آئینی حقوق پر حملہ ہے کیونکہ بھارتی آئین کسی بھی مذہب پر عمل کرنے اور اس کی تبلیغ کی اجازت دیتا ہے۔

کون ہیں عمر گوتم؟

ڈاکٹر محمد عمر گوتم کا اصلی نام شیام پرتاپ سنگھ گوتم ہے۔ ان کی پیدائش سن 1962میں اتر پردیش میں فتح پور ضلع کے ایک راجپوت خاندان میں ہوئی۔ بیس برس کی عمر میں انہوں نے اسلام قبول کر لیا اور اپنا نام محمد عمر گوتم رکھا۔ وہ گزشتہ تین دہائیوں سے جامعہ نگر کے بٹلا ہاؤس محلے میں قیام پذیر ہیں۔

جی بی پنت ایگری کلچر اینڈ ٹيکنالوجی یونیورسٹی سے زرعی سائنس میں گریجویٹ عمر گوتم نے اسلام قبول کرنے کے بعد جامعہ ملیہ اسلامیہ میں اسلامک اسٹڈیز کی ڈگری حاصل کی اور کچھ عرصے کے لیے وہاں لکچرر بھی رہے۔ انہوں نے بعد میں اسلام کی تبليغ و اشاعت کو اپنا مقصد بنایا اور مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا۔ اپنے کام کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے انہوں نے اسلامک دعوۃ سینٹر کے نام سے ایک اور مرکز قائم کیا۔

انٹرنیٹ پر ایسی بہت سی ویڈیوز موجود ہیں جن میں ڈاکٹر عمر گوتم نے اپنے قبول اسلام کے واقعے کو تفصیل سے بیان کیا ہے اورکہا ہے کہ ان کے رابطے میں آنے والے ہزاروں افراد اسلام قبول کر چکے ہیں۔

سیکولر بھارتی آئین کا مستقبل خطرے میں، نوبل انعام یافتہ امرتیا سین

01:18

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں