1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بہاولپور، آئل ٹینکر میں دھماکے سے کم از کم 148 افراد ہلاک

عابد حسین اے ایف پی
25 جون 2017

آج اتوار پچیس جون کی صبح پاکستانی صوبے پنجاب کے جنوبی حصے میں آئل ٹینکرالٹ گیا۔ اِس حادثے کے بعد لدے پٹرول کے پھیلنے سے آگ لگ گئی اور پٹرول اکھٹا کرنے والے اُس کی لپیٹ میں آ گئے۔

Screenshot Twitter Usman Dar
تصویر: Quelle Twitter/Usman Dar

پاکستان کے شہر بہاولپور کے قریب احمد پور شرقیہ میں ایک تیز رفتار آئل ٹینکر موڑ کاٹتے ہوئے الٹ گیا۔ اِس کے الٹنے کے بعد بکھرنے والے پٹرول میں آگ لگ گئی اور اُس آگ نے قریبی علاقے کو اپنی لیٹ میں لے لیا۔ اس آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آ کر کم از کم 148 افراد ہلاک اور ایک سو سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ کئی لاش اس حد تک جل چکی ہیں کہ اُن کی شناخت بھی ناممکن ہو کر رہ گئی ہے۔

Oil tanker explosion kills more than 123 in Pakistan

00:31

This browser does not support the video element.

اندازہ لگایا گیا ہے کہ جب آئل ٹینکر الٹا تو قریب ہی لوگ سگریٹ نوشی کر رہے تھے اور امکاناً اُس کی وجہ سے پھیلنے والے تیل میں آگ لگی۔ آگ کی لپیٹ میں آنے والے زیادہ تر وہ لوگ تھے جو قریب ہی رہتے تھے اور پٹرول اکھٹا کرنے کی خاطر وہاں پہنچے تھے لیکن کچھ دیر میں ہی آگ کے شعلوں نے انہیں اپنی گرفت میں لے لیا۔ زخمیوں اور جلی ہوئی لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اور بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق آگ کی لپیٹ میں آ کر کم از کم چھ کاریں اور ایک درجن موٹر سائیکل بھی جل کر تباہ ہو گئی ہیں۔ امدادی عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ فائربریگیڈز آگ بجھانے کی کوشش میں ہیں۔

تصویر: Twitter/Usman Dar

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی فوج کے جوانوں کو آگ لگنے کے مقام پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن میں شامل ہونے کی ہدایت کی ہے۔ فوج کے ہیلی کاپٹرز جھلسے ہوئے افراد کو ہسپتالوں اور بَرن سینٹرز میں پہنچانے میں مصروف ہیں۔

سن 2015 میں ایسے ہی ایک حادثے میں باسٹھ افراد جل کر ہلاک ہو گئے تھے۔ خواتین اور بچوں سمیت یہ افراد بس اور آئل ٹینکر کی ٹکر کے بعد لگنے والی آگ کی لپیٹ میں آ گئے تھے۔ پاکستان کے سماجی حلقے ملکی سڑکوں کو موت کی گزرگاہوں سے تعبیر کرتے ہیں کیونکہ ان پر تیز رفتار بسیں، ٹرک اور موٹرکاریں انسانی جانوں کی پرواہ نہیں کرتی ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں