1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

'بہت خطرناک' طوفان 'بیرل' کیریبین کی طرف بڑھتا ہوا

30 جون 2024

اندیشہ ہے کہ ونڈورڈ جزائر تک پہنچتے پہنچتے بیرل چوتھے درجے کے "انتہائی خطرناک" طوفان میں تبدیل ہو چکا ہو گا۔

طوفان بیرل کی ایک سیٹلائٹ امیج
طوفان بیرل کی ایک سیٹلائٹ امیج تصویر: NOAA/ZUMAPRESS/picture alliance

امریکی موسمیاتی اداروں نے بتایا ہے کہ جنوب مشرقی کیریبین کی طرف بڑھتا ہوا سمندری طوفان 'بیرل' اتوار کو تیسرے درجے کے "بہت خطرناک" طوفان میں تبدیل ہوگیا۔ یہ اس سال 'اٹلانٹک سیزن' میں آنے والا پہلا سمندری طوفان ہے۔

امریکہ کے 'نیشنل ہریکین سینٹر' کے مطابق اٹلانٹک سیزن سے مراد یکم جون سے 30 نومبر کے درمیان کا وہ عرصہ ہے جس میں بحر اوقیانوس میں طوفان آنے کے امکانات ہوتے ہیں۔

بیرل کے بارے میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ یہ متاثرہ علاقوں میں ہواؤں کی رفتار میں اس قدر تیزی اور سطح سمندر میں اس حد تک اضافے کا باعث بن سکتا ہے کہ ان سے جان کو خطرہ ہو۔

ہفتے کی رات برج ٹاؤن کے ایک گیس اسٹیشن پر گاڑیوں کی قطار کی تصویرتصویر: Chandan Khanna/AFP/Getty Images

نیشنل ہریکین سینٹر نے اپنے انتباہ میں کہا ہے کہ متوقع طور پر اس طوفان کا مرکز (طوفان کی آنکھ) پیر کو ونڈورڈ جزائر سے گزرے گا۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ بیرل کی شدت میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جس سے اس بات کا اندیشہ ہے کہ یہ ونڈورڈ جزائر تک پہنچنے پہنچتے چوتھے درجے کے "انتہائی خطرناک" طوفان میں تبدیل ہو چکا ہو گا۔

دریں اثناء، بارباڈوس کے دارالحکومت برج ٹاؤن میں گیس اسٹیشنز پر گاڑیوں کی قطاریں دیکھی گئیں۔ بازاروں میں بھی لوگوں کا رش رہا، جو متوقع ہنگامی صورتحال کے پیش نظر اشیا خورونوش اور ضرورت کا دیگر سامان خریدتے نظر آئے۔

بارباڈوس کے علاوہ سینٹ لوسیا، سینٹ ونسینٹ، گریناڈائنز، گریناڈا اور ٹوباگو میں بھی طوفان سے متعلق انتباہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ 

م ا ⁄ ر ب (اے ایف پی) 

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں