بیت کی سزا: سنگا پور کا دفاع
9 مارچ 2015
سنگا پور نے پیر کے روز دو جرمنوں کو عدالت کی جانب سے دی جانے والی سزا کا دفاع کرتے ہوئے اِس پر کی جانے والی تنقید کو مسترد کر دیا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ سنگاپور کی عدالتیں غنڈہ گردی اور بیدردی یا جان بوجھ کر سرکاری و نیم سرکاری املاک کو نقصان یا تباہ کرنے کے عمل کو جرم سمجھتے ہوئے سختی کے ساتھ نمٹتی ہیں۔ ایسا ہی جرم سرزد کرنے پر سنگاپور کی ایک شہری عدالت نے دو جرمنوں کو میٹرو ٹرین پر اسپرے پینٹ کرنے کے علاوہ ایک ہائی سکیورٹی ڈپو میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کے جرم میں قید سزا کے ساتھ بیت مارنے کا حکم سنایا ہے۔
جن دو جرمنوں کو سزا سنائی گئی ہے، ان میں ایک بائیس سالہ اندریاس فان کنورے (Andreas Von Knorre) اور دوسرا اکیس برس کا ایلٹن ہائنز(Elton Hinz) ہے۔ عدالت نے ان کو تین تین بیت مارنے کے علاوہ نو ماہ کی قید سزا سنائی ہے۔ دونوں نوجوان جرمنوں نے اسپرے پینٹ کرنے اور سرکاری علاقے میں غیر قانونی داخلے کے افعال گزشتہ برس نومبر میں سرزد کیے تھے۔ ان کو سزا گزشتہ ہفتے کے دوران سنائی گئی ہے۔
امریکی شہر نیویارک میں قائم انسانی حقوق کے بین الاقوامی ادارے ہیومین رائٹس واچ کی جانب سے اِس سزا میں بیت مارنے پر تنقید کرتے ہوئے اِسے ظالمانہ قرار دیا ہے۔ اِس تنقید کے جواب میں سنگا پور کے دفتر استغاثہ کا کہنا تھا کہ جرمن شہریوں کو سزا دے کر یہ واضح کیا گیا ہے کہ سنگاپور میں وہ، ایسا غلط کام کرنے والے دوسرے افراد کے مساوی ہیں۔
اٹارنی جنرل کے دفتر نے یہ بھی وضاحت کی ہے کہ سنگا پور میں املاک کو دانستہ نقصان پہنچانے کی سزا دوسری اقوام پر واضح ہے اور خاص طور پر بیت مارنا ہی اِس جرم کی سزا ہے۔ اٹارنی جنرل کے دفتر کی خاتون ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بیت مارنا کوئی ظلم یا ٹارچر نہیں ہے اور اُن کے ملک میں اِس سزا پر عمل درآمد کرنے کے انتہائی سخت معیار مقرر ہیں۔ خاتون ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ بیت کی سزا کے دوران مجرم کی کیفیت پر نگاہ رکھنے کے لیے ڈاکٹر بھی موجود ہوتا ہے۔
عدالت میں مقدے کے اختتامی پیشی کے دوران دونوں جرمنوں نے اپنے افعال کو بیوقوفانہ غلطی قرار دیا۔ استغاثہ کے مطابق دونوں جرمن شہری سات اور آٹھ نومبر کی درمیانی شب میں میٹرو آپریٹر SMRT کے آئل گودام میں داخل ہوئے۔ اِس گودام میں عام لوگوں کے داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔ یہ گودام ریاست کی ملکیت تصور کیا جاتا ہے۔ اور پھر بعد میں انہوں نے ایک میٹرو ٹرین کے ڈبے پر اسپرے پینٹ سے گریفیٹی بنائی۔ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی مقرر سزا میں بیت کی ضربات بھی شامل ہیں۔