1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیلاروس کے راستے گیارہ ہزار سے زائد تارکین وطن جرمنی پہنچے

28 دسمبر 2021

وفاقی جرمن پولیس کے مطابق اس سال مشرقی یورپی ملک بیلاروس کی یورپی یونین کے ساتھ سرحد پار کر کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے تقریباﹰ سوا گیارہ ہزار تارکین وطن غیر قانونی طور پر پولینڈ کے راستے جرمنی میں داخل ہوئے۔

بیلاروس اور پولینڈ کی سرحد کے قریب جمع، پولینڈ میں داخلے کے خواہش مند تارکین وطنتصویر: State Border Committee of the Republic of Belarus/TASS/picture alliance

بیلاروس اور پولینڈ کے درمیان بین الاقوامی سرحد یورپی یونین کی بیرونی سرحد بھی ہے۔ جرمن دارالحکومت برلن میں وفاقی پولیس کی طرف سے منگل اٹھائیس دسمبر کے روز بتایا گیا کہ سال رواں کے دوران یہ رجحان بہت زور پکڑ گیا تھا کہ ہزاروں کی تعداد میں تارکین وطن مختلف ممالک سے بیلاروس پہنچتے اور پھر پولینڈ کی سرحد پار کر کے یورپی یونین میں داخلے کی کوشش کرتے۔

پولینڈ میں داخل ہونے کی کئی کوششیں ناکام بنا دی گئیں

چند روز بعد ختم ہونے والے سال 2021ء میں اس طرح نہ صرف ہزارہا تارکین وطن یورپی یونین میں داخل ہوئے بلکہ بیلاروس او پولینڈ کی سرحد پر ایسے بےشمار تارکین وطن کا اجتماع، جنہین روکنے کی بیلاروس کی حکومت نے کوئی فیصلہ کن کوشش نہیں کی تھی، یورپی یونین اور بیلاروس کے مابین بحران کی شکل اختیار کر جانے والی کشیدگی کی وجہ بھی بن گیا تھا۔

خزاں میں ریکارڈ ماہانہ تعداد

وفاقی جرمن پولیس نے بتایا ہے کہ اس سال اتوار 26 دسمبر تک بیلاروس کے راستے غیر قانونی طور پر یورپی یونین اور جرمنی پہنچنے والے تارکین وطن کی مجموعی تعداد 11 ہ‍زار 126 ہو چکی تھی۔ ماہانہ بنیادوں پر یہ تعداد اس سال کے شروع میں تو کافی کم تھی، مگر دوسری اور تیسری ششماہی میں یہ تعداد بہت زیادہ ہو گئی تھی۔

بیلاروس کی سرحد سے عراقی مہاجرین کی واپسی، یورپی یونین میں داخل ہونے کی خواہش ادھوری رہ گئی

تصویر: State Border Committee of the Republic of Belarus/TASS/dpa/picture alliance

یورپی یونین کی نئی پابندیاں، بیلاروس کو کتنا نقصان ہو گا؟

اس سال کی چوتھی سہ ماہی کے آغاز پر بیلاروس کے راستے جرمنی پہنچنے والے تارکین وطن کی ماہانہ تعداد ریکارڈ حد تک زیادہ ہو گئی تھی مگر پھر رواں ماہ کے دوران یہ دوبارہ بہت کم ہو گئی۔

دسمبر میں پانچ سو سے کم

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس سال جنوری سے جولائی تک بیلاروس سے آکر جرمن پولش بارڈر پار کر کے جرمنی پہنچنے والے تارکین وطن کی مجموعی تعداد صرف 26 رہی تھی۔ پھر اگست میں یہ تعداد 474، ستمبر میں 1903، اکتوبر میں 5285 اور نومبر میں 2849 رہی تھی۔

عراق سے بیلاروس تک کا روٹ، مہاجرین یورپ کیسے پہنچ رہے ہیں؟

رواں برس کے یہی وہ چند مہینے تھے، جب بیلاروس کی وجہ سے یورپی یونین کی بیرونی سرحد پر بحرانی صورت حال شدید تر ہو گئی تھی۔ اس سال دسمبر میں اب تک اس راستے سے جرمنی پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد 470 ریکارڈ کی گئی ہے۔

یورپی یونین بیلاروس پر مزید پابندیاں لگا سکتی ہے

غیر قانونی مہاجرین لتھوینیا پہنچ گئے

02:26

This browser does not support the video element.

بیلاروس کے صدر پر الزام

یورپی یونین اور جرمنی کی طرف سے بیلاروس کے صدر آلیکسانڈر لوکاشینکو پر الزام لگایا جاتا ہے کہ وہ زیادہ تر مشرق وسطیٰ کی بحران زدہ ریاستوں سے آنے والے تارکین وطن کے پولینڈ، لیتھوانیا اور لیٹویا کے راستے یورپی یونین میں اسمگل کیے جانے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

پولینڈ اور بیلاروس کی سرحد پر مہاجرین کا بحران

برسلز اور برلن کے مطابق صدر لوکاشینکو ایسا اس لیے کرتے ہیں کہ یوں ان پابندیوں کا بدلہ لے سکیں، جو یورپی یونین نے بیلاروس میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں کی وجہ سے سابق سوویت یونین کی اس ریاست کے خلاف عائد کر رکھی ہیں۔

بیلاروس کے ساتھ اپنی قومی سرحد پر گزشتہ کئی ماہ سے پائی جانے والی بحرانی صورت حال پر قابو پانے کے لیے وارسا حکومت وہاں بہت بڑی تعداد میں حفاظتی دستے تعینات کرنے کے علاوہ بہت سے رکاوٹیں بھی کھڑی کر چکی ہے۔

م م / ا ا (اے ایف پی، ڈی پی اے)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں