1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیلجیم: مشتبہ دہشت گرد کے گھر سے داعش کا پرچم برآمد

عدنان اسحاق16 مارچ 2016

بیلجیم میں گزشتہ روز پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے مشتبہ دہشت گرد کے پاس سے اسلامک اسٹیٹ کا جھنڈا اور ایک کلاشنکوف برآمد ہوئی ہے۔ پولیس فائرنگ کے اس واقعے میں ملوث مزید دو افراد کی تلاش میں ہے۔

تصویر: picture-alliance/dpa/Belga/B. Fahy

بیلجیئم کے دفتر استغاثہ کے ترجمان تھیئری ویرٹس نے آج بدھ کے روز بتایا کہ برسلز کے ایک فلیٹ پر چھاپے کے دوران دو افراد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی تلاش جاری ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز مارے جانے والے اس چھاپے کا تعلق گزشتہ برس تیرہ نومبر کو پیرس میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں سے تھا، جن میں ایک سو تیس سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

تھیئری ویرٹس نے مزید بتایا کہ مشتبہ شخص مبینہ طور پر پیرس حملوں میں ملوث تھا۔ ان کے بقول پینتیس سالہ محمد بلقائد کا تعلق الجزائر سے تھا جبکہ وہ غیر قانونی طور پر بیلجیئم میں رہائش پذیر تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تلاشی کے دوران اس کے فلیٹ سے اسلامک اسٹیٹ کا پرچم اور دیگر مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ ان کے بقول لاش کے قریب سے سلفی گروپ کا ایک کتابچہ بھی ملا ہے۔

تصویر: Getty Images/AFP/D. Waem

یہ کارروائی بیلجیئم اور فرانس کی پولیس نے مشترکہ طور پر کی تھی اور اس دوران زخمی ہونے والوں میں بیلجیئم کے تین اور فرانس کا پولیس اہلکار شامل ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق بلقائد کا ریکارڈ پولیس کے پاس پہلےسے موجود تھا کیونکہ 2014ء میں چوری کے الزام میں اسے گرفتار کیا جا چکا تھا۔ ذرائع کے مطابق اس کے علاوہ ایک اور شخص کو بھی پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ بلقائد کا پڑوسی ہے۔

بیلجیئم حکام کے مطابق انسداد دہشت گردی کا یونٹ شدت پسندوں کی تلاش میں لگا ہوا ہے اور اس دوران اسے کچھ کامیابیاں بھی حاصل ہوئی ہیں۔ تاہم اس کے باوجود دہشت گردی کا خطرہ بدستور موجود ہے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں