1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
جرائمبیلجیم

بیلجیم میں تقریباً پانچ ٹن کوکین پکڑی گئی

22 نومبر 2024

بیلجیم حکام نے اینٹویرپ بندرگاہ پر شپنگ کنٹینرز میں چھپائی گئی تقریباً پانچ ٹن کوکین ضبط کر لی ہے۔ ماضی میں بھی جرائم پیشہ گروہ کینیڈا، جنوبی اور وسطی امریکہ سے منشیات اس ملک میں اسمگل کرتے رہے ہیں۔

اینٹویرپ کی بندرگاہ جنوبی امریکہ سے یورپی منڈی میں اسمگل کی جانے والی منشیات کے لیے ایک اہم گیٹ وے ہے
اینٹویرپ کی بندرگاہ جنوبی امریکہ سے یورپی منڈی میں اسمگل کی جانے والی منشیات کے لیے ایک اہم گیٹ وے ہےتصویر: Johanna Geron/AP Photo/picture alliance

بیلجیم میں حکام نے بین الاقوامی تحقیقات کے حصے کے طور پر جمعے کے روز کارروائی کرتے ہوئے اینٹویرپ بندرگاہ پر  تقریباً پانچ ٹن کوکین ضبط کر  لی۔  استغاثہ نے کہا کہ رواں ماہ کے شروع میں بیلجیم اور ہالینڈ میں تلاشی کے بعد آٹھ افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔

ان کارروائیوں کے نتیجے میں ایک لاکھ پچاسی ہزار یورو نقدی کے ساتھ ساتھ ہتھیار، زیورات، لگژری ہینڈ بیگز، گھڑیاں اور 4.78 ٹن کوکین ضبط کی گئی ہے۔

پراسیکیوٹر کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ یہ تفتیش جنوبی امریکہ، وسطی امریکہ اور کینیڈا سے بیلجیم  کوکین اسمگل کرنے میں ملوث مجرمانہ تنظیم پر مرکوز تھی۔

میتھ کی اسمگلنگ اور کوکین کی تجارت عروج پر

اینٹویرپ کی بندرگاہ جنوبی امریکہ سے یورپی منڈی میں اسمگل کی جانے والی منشیات کے لیے ایک اہم گیٹ وے ہے جبکہ اس اہم یورپی بندرگاہ کے قریب قریب کوکین پکڑے جانے کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔

رواں ماہ کے شروع میں بیلجیم اور ہالینڈ میں تلاشی کے بعد آٹھ افراد کو حراست میں لیا گیا تھاتصویر: picture-alliance/AP Photo/V. Mayo

بیلجیم کے اس شہر کے راستے یورپ میں کوکین اسمگل کرنے کی کوشش کرنے والے اسمگلروں کا تعلق زیادہ تر لاطینی امریکی ممالک برازیل، کولمبیا اور ایکواڈور سے ہوتا ہے۔

گزشتہ برس تحقیقاتی اداروں کی طرف سے مجموعی طور پر اس بندرگاہی علاقے میں ریکارڈ 116 ٹن کوکین قبضے میں لی گئی تھی۔

حال ہی میں جرمنی میں بھی ایک ڈسکاؤنٹ سُپر مارکیٹ چین کے ملازمین کو کیلے کے کریٹوں میں سے تقریباً 95 کلو گرام (210 پاؤنڈ) کوکین ملی تھی۔ پولیس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ملنے والی اس کوکین کی مارکیٹ ویلیو تقریباً سات ملین یورو تھی۔

کوکین کے پیکٹ سب سے پہلے 10 ستمبر کو جرمن شہر میونش گلاڈباخ میں دو ڈسکاؤنٹ چین اسٹورز سے کارکنوں کو ملے تھے۔ بعدازاں اسی دن ایسے پیکٹ جرمنی کے شہروں ڈوئسبرگ، کریفیلڈ، فیئرزن، ہائنزبرگ اور نوئس کے اسٹوروں سے بھی ملے۔

پولیس کا خیال ہے کہ یہ کھیپ بھی جنوبی امریکہ سے چلی تھی اور جرمنی میں سپر مارکیٹ کے ڈسٹری بیوشن گودام سے پہلے بیلجیم کی بندرگاہ اینٹویرپ پہنچی تھی۔

بیلجیم نےحال ہی میں ملکی تاریخ میں منشیات کی سمگلنگ کے خلاف سب سے بڑے مقدمات میں سے ایک کا آغاز کیا تھا، جس میں 120 سے زیادہ ملزمان کو کٹہرے میں لایا گیا۔ یہ ملزمان یورپ کے بڑے حصے میں تفتیش کاروں کی ان کوششوں کے بعد پکڑے گئے تھے، جن میں حکام نے منشیات کی سمگلنگ میں ملوث گروہوں کی طرف سے استعمال کی جانے والی میسیجنگ ایپس کے خفیہ کوڈزکریک کیے تھے۔

ا ا / ش ر (ڈی پی اے، اے ایف پی)

یورپی یونین کی بندرگاہوں کی منشیات کی اسمگلنگ روکنے کی کوشش

02:10

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں