1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیلجیم کا امدادی کارکن ایرانی جیل سے رہا

27 مئی 2023

بیلجین امدادی کارکن اولیویئر وانڈا کاسٹیل ایرانی قید سے رہائی پانے کے بعد ایک خصوصی پرواز کے ذریعے واپس وطن پہنچ گئے ہیں۔ جاسوسی کے الزام میں وہ گزشتہ پندرہ ماہ سے تہران کی ایک جیل میں قید تھے۔

Belgien Melsbroek | Freilassung von belgischem Hilfsarbeiter Olivier Vandecasteele nach Inhaftierung im Iran
تصویر: Didier Lebrun/AP Photo/picture alliance

قیدیوں کے تبادلے کی ڈیل کے نتیجے میں بیلجیم سے تعلق رکھنے والے امدادی کارکن اولیویئر وانڈا کاسٹیل کی آزادی ممکن ہوئی ہے۔ جمعے کے دن جب وہ ایک خصوصی پرواز کے ذریعے دارالحکومت برسلز میں واقع ایک فوجی اڈے پہچے، تو ان کے گھر والے ان کے استقبال کے لیے وہاں موجود تھے۔

قیدیوں کے تبادلے کی اس ڈیل میں عمان نے ثالثی کا کردار ادا کیا ہے۔ برسلز اور تہران حکومتوں نے اس ضمن میں مسقط حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔

بیالیس سالہ وانڈا کاسٹیل رہائی کے بعد ایران سے عمان گئے، جہاں سے ایک ملٹری جہاز انہیں بیلجیم لایا گیا۔

 دہشت گردی کے الزام میں سزا پانے والے ایک ایرانی سفارت کار کی رہائی کی بدلے ایرانی حکام نے اس بیلجین امدادی کارکن کو آزاد کیا ہے۔

قیدیوں کے تبادلے پر امریکہ اور ایران کے متضاد دعوے

ایران نے بیلجیم کے امدادی کارکن کو اٹھائیس سال قید کی سزا سنا دی

ایرانی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سن 2018 میں پیرس میں ایرانی اپوزیشن ریلی پر بم حملے کی سازش کے الزام کے تحت گرفتار کیے گئے ایرانی سفارت کار اسد اللہ اسدی کو رہائی مل گئی ہے اور وہ واپس وطن روانہ ہو چکے ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے اپنی ایک ٹویٹ میں اسدی کی رہائی کی نوید سناتے ہوئے دہرایا کہ وہ کسی جرم میں ملوث نہیں تھے اور وہ بے قصور تھے۔

ایرانی حکومت کے مطابق اسد اللہ اسدی بے قصور ہیںتصویر: IRINN /AP/picture alliance

اولیویئر وانڈا کاسٹیل کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا جبکہ تہران کی ایک عدالت نے انہیں چالیس برس سزائے قید اور چوہتر کوڑے مارنے کا حکم سنایا تھا۔

بیلجیم کے وزیر اعظم الیگزینڈر ڈے کرو نے اولیویئر وانڈا کاسٹیل کی رہائی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بے گناہ شخص کو تہران کی جیل میں 455 دن ناقابل برداشت حالات میں گزارنا پڑے۔

بیلجیم اور ایران نے قیدیوں کے تبادلے کے لیے گزشتہ برس ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔    

ناقدین نے البتہ الزام لگایا تھا کہ قیدیوں کے تبادلے کا ایسا کوئی بھی معاہدہ صرف تہران کے لیے فائدہ مند ہوگا کیونکہ اس کے ذریعے ایران بیلجیم کے باشندوں کو یرغمال بنا کر دہشت گردی کے جرائم میں گرفتار اسدی جیسے ایجنٹوں کی واپسی کے لیے سودے بازی کر سکے گا

ایرانی اپوزیشن کے ایک جلا وطن گروپ نیشنل کونسل آف ریزسٹنس نے بھی اس معاہدے کو بیلجیم کی آئینی عدالت میں چیلنج بھی کیا تھا۔ اسدی پر الزام تھا کہ وہ اسی جلا وطن ایرانی اپوزیشن تنظیم کی ایک ریلی پر بم حملہ کرنے کی سازش میں ملوث تھے۔

ایران کی بدنام زمانہ اوین جیل کے اندر کی جھلک

ایران اور بیلجیم کے مابین قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کی توثیق

اس جلا وطن ایرانی اپوزیشن گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ برسلز حکومت نے اسدی کو رہا کرتے ہوئے عدالت کے اس حکم کی خلاف ورزی کی، جس میں کہا گیا تھا کہ قیدیوں کے کسی بھی ایسے تبادلے سے قبل دیگر فریقین سے مشورہ کرنا ضروری ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے یہ بھی کہا کہ قیدیوں کے ایسے تبادلوں سے استثنیٰ دینے کے ماحول کو فروغ ملے گا۔

اسدی ویانا میں مقیم ایک ایرانی سفارت کار تھے، جنہیں بیلجیم میں مقیم ایک ایرانی جوڑے کو دھماکہ خیز مواد کے حصول میں مدد کرنے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ بعدازاں انہیں دہشت گردی اور قتل کی کوشش ع معاونت اور دہشت گرد گروپ کا رکن ہونے کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔ 

بیلجیم کے حکام نے کہا کہ اولیویئر وانڈا کاسٹیل کی رہائی کے لیے ان کے پاس اسدی کو آزاد کرنے کے سوا کوئی اور راستہ نہیں تھا۔ حکام نے یہ بھی کہا ہے کہ ایرانی سفارت کار کی گرفتاری کے بعد سے بیلجیم  کو ایران کی جانب سے خطرات کا سامنا تھا۔

اس ماہ کے شروع میں ہی ایران نے ایک فرانسیسی شہری بینجمن بریری اور ایک فرانسیسی آئرش شہری برنارڈ فیلان کو بھی رہا کیا تھا۔ لیکن اب بھی ایران میں دو درجن غیر ملکی زیر حراست ہیں۔ ایران میں مقید ان افراد کے گھر والوں کے بقول ایران نے ان مغربی باشندوں کو یرغمال بنا رکھا ہے۔

م ق /  ع ب (خبر رساں ادارے)

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں