1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیمار پولستانی گائیوں کا گوشت، کئی یورپی ممالک میں تشویش

2 فروری 2019

یورپی یونین کے کئی ملکوں نے پولینڈ کے ایک بڑے قصائی خانے سے ایکسپورٹ کیے گئے گائے کے گوشت کو ضبط کر لیا ہے۔ ان ملکوں کے حکام کے مطابق شبہ ہے کہ يہ گوشت بیمار گائیوں کو کاٹ کر حاصل کیا گیا تھا۔

Rinderhälften im Schlachthof
تصویر: picture-alliance/dpa/O. Krato

پولینڈ کے دارالحکومت وارسا کے حکام نے شبے کی بنیاد پر گائے کے گوشت کو ضائع کرنے والے ملکوں کو یقین دلایا ہے کہ فراہم شدہ گوشت قطعی طور پر مضرِ صحت نہیں تھا۔ اس دوران پولینڈ کے چیف معالجِ حیوانات (veterinarian) پال نیمچوک نے تصدیق کی ہے کہ پولینڈ سے تقریباً 2.7 ٹن مشتبہ گوشت برآمد کیا گیا تھا۔

یورپی یونین کے مطابق بیمار گائیوں کے گوشت کی دستیابی تیرہ مختلف یورپی ملکوں ميں پائی گئی ہے۔ اس گوشت کو مختلف ممالک کے متعلقہ محکمے اپنے قبضے میں لے کر تلف کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ جن تیرہ ملکوں کو یہ گوشت سپلائی کیا گیا ہے، اُن میں چیک جمہوریہ، ایسٹونیا، فن لینڈ، جرمنی، ہنگری، لٹویا، لتھوینیا، سلوواکیہ اور اسپین بھی شامل ہیں۔

یورپی یونین کے صدر دفتر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس گوشت کی ترسیل کا باقاعدہ جائزہ لینے کے لیے ماہرین کی ایک خصوصی ٹیم اگلے ایام کے دوران پولینڈ روانہ کی جائے گی۔ یہ ٹیم پولینڈ کے مختلف سلاٹر ہاؤسز پہنچ کر گائیوں کے ساتھ ساتھ گوشت کے تازہ اور صحت مند ہونے کا جائزہ لے گی۔ یورپی کمیشن کی خاتون ترجمان کے مطابق گوشت کا جائزہ موقع پر ہی لیا جائے گا۔

ایک یورپی معالج حیوانات گائے کے گوشت کے نمونے لیے ہوئےتصویر: DW/F. Schmidt

فرانسیسی حکام نے بتایا ہے کہ متعلقہ حکام نے غیرصحت مند گوشت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد مختلف قصائی خانوں سے سات سو پچانوے کلوگرام گوشت ضبط کر لیا ہے۔ اس ضبطگی کے بعد ان قصائی خانوں کو جراثیم سے پاک کرنے کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ فرانسیسی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ضبط کیا گیا گوشت پولینڈ سے امپورٹ کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے پانچ سو کلو گرام گوشت  تلف کیا جا چکا ہے۔

فرانسیسی حکام نے یہ بھی بتایا ہے کہ پولینڈ سے امپورٹ کیے گئے گوشت میں سے ایک سو پچاس کلو گرام صارفین خرید چکے ہیں۔ یہ گشت مختلف بازاروں میں قائم گوشت کی دوکانوں سے خریدا گیا۔ فرانس سمیت دوسرے ملکوں کی وزارتِ زراعت نے ریڈیو اور ٹیلی وژن کے ذریعے عوام کو مبینہ طور پر بیمار گائیوں کے گوشت کے استعمال سے گریز کرنے کی تلقین کی ہے۔

دوسری جانب مختلف یورپی ممالک میں اس مشکوک گوشت کو ضبط کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

گوشت حاصل کرنے کا انوکھا طریقہ

04:06

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں