بین الاقوامی میونخ فلم فیسٹول کا آغاز
28 جون 2014میونخ فلمی میلے کے نو ایام کے دوران 51 ملکوں کی 158 فلموں کو خاص اہمیت دی گئی ہے۔ میلے کے ٹاپ ایوارڈز کی دو کیٹگریوں کے لیے تیرہ تیرہ فلمیں رکھی گئی ہے۔ میلے کی افتتاحی تقریب میونخ کے ماٹہیزر فلم پالاسٹ سینیما میں منعقد ہوئی۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر فرانسیسی ہدایتکار ژاں پیئرژُونو (Jean-Pierre Jeunot) کی فلم Young and Prodigious TS Spivet سے کیا گیا۔ اسی فلمی میلے کے دوران انتہائی اہم سائنسی مہماتی فلم ’آئی اوریجنز‘ کو بھی پیش کیا جائے گا۔ اِس فلم کے ہدایت کار مائیک کیہل ہیں۔ پانچ جولائی کو دو ٹاپ انعامات کا بھی اعلان کیا جائے گا۔ ہر انعام کی مالیت 50 ہزار یورو ہے۔ یہ پرائز آری اوسرام ایوارڈ کہلاتا ہے اور اِس کے لیے مقابلے میں 13 فلمیں ہیں۔ تیسرا انعام نوجوان ہدایت کار کے لیے مختص ہے اور اس کا نام سنے وژن ایوارڈ ہے اور اِس کے ساتھ انعام کی رقم 12 ہزار یورو ہے۔
میونخ فلمی میلے کا موٹو ہے ’موسم گرما کی بہترین فلم‘۔ میلے کے نو ایام کے دوران مختصر اور طویل دورانیے کی کُل 462 فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔ ان میں مقابلے میں شریک فلمیں بھی شامل ہیں۔ یہ فلمیں نو مختلف سینما گھروں میں پیش کی جا رہی ہے۔ ان میں 38 فلموں کے اولین پریمیئر بھی میونخ فلم فیسٹول کے دوران ہوں گے۔ میلے کے دوران فلموں کی اسکریننگ کے علاوہ فلم موضوعات پر مذاکرے اور مباحثوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ ان مذاکروں میں مختلف ملکوں کے ہدایتکار، پروڈیوسر اور اسکرین رائٹرز شریک ہیں۔
میونخ فلم فیسٹول کو جرمن دارالحکومت برلن میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی فلم فیسٹول برلینالے کے بعد دوسرا بڑا میلہ قرار دیا جاتا ہے۔ کل سے شروع ہونے والے فلمی میلے میں بھارتی فلم انڈسٹری اور مشرقی یورپی فلمی صنعت پر خاص طور پر فوکس کیا گیا ہے۔ بھارتی فلم انڈسٹری بالی ووڈ سے پانچ فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی۔ اسی طرح مشرقی یورپی فلمی صنعت کی ایک درجن فلموں کو خاص طور پر میلے میں شامل کیا گیا ہے۔ ان فلموں میں کمیونسٹ دور کے زوال کے 25 برس پورے ہونے پر فلم انڈسٹری کی موجودہ ہیت پر خاص توجہ دی گئی ہے۔
جمعے سے شروع ہونے والے فیسٹول میں امریکی ہدایت کار والٹر ہِل کی تخلیق کردہ فلموں کو بھی خصوصی اہمیت حاصل رہے گی۔ اسی طرح جرمن اسکی ایتھلیٹ اور عکاس وِلی بوگنر کو خصوصی خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ ولی بوگنر نے پہاڑوں پر برف باری پر اسکیئنگ کے خوبصورت اور دِل دہلا دینے مناظر کی عکس بندی برسوں کی ہے۔ بوگنر نے کئی جیمز بانڈ سیریز کے لیے بھی اسکیئنگ کے مناظر کو ترتیب دینے کے علاوہ اُن کی عکاسی میں معاونت کی ہے۔ اس میلے میں کئی دوسرے مہمانوں کے علاوہ فرانسیسی اداکارہ ازابیل ہوپر اور بھارتی اداکار عرفان خان کی شمولیت کو بھی اہم خیال کیا گیا ہے۔