1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیونسے، بالی وڈ اور ہلیری، بھارت کی امیر ترین بیٹی کی شادی

12 دسمبر 2018

کئی دنوں کی شاہانہ تقریبات کے بعد امیر ترین بھارتی شخص کی بیٹی کی شادی آج بدھ کے روز ہو رہی ہے۔ مشہور شخصیات کے علاوہ ہلیری کلنٹن بھی ان تقریبات میں شریک تھیں جبکہ بیونسے کے خصوصی کنسرٹ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

Indien Wohnhaus von Mukesh Ambani | Hochzeit von Tochter Isha
تصویر: Getty Images/AFP

عیشا امبانی ٹائیکون مُکیشن امبانی کی بیٹی ہیں اور ان کی شادی انند پیرامل سے ہو رہی ہے۔ انند پیرامل بھارت کے ارب پتی صنعت کار اجے پیرامل کے بیٹے ہیں۔ بدھ کے روز ان کی شادی کی حتمی رسومات ممبئی میں امبانی خاندان کے ستائیس منزلہ گھر ادا کی جا رہی ہیں۔

اس شادی کی شاہانہ تقریبات کئی روز پہلے ہی صحرائی ریاست راجھستان کے اودے پور محل میں شروع ہو گئی تھیں۔ وہاں مشہور امریکی گلوکارہ بیونسے کے ایک کنسرٹ کا بھی انعقاد کیا گیا تھا۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بیونسے عیشا امبانی کی پسندیدہ ترین گلوکارہ ہیں۔

ان تقریبات میں سابق امریکی صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن اور سابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے ساتھ ساتھ بالی وڈ کی مشہور شخصیات نے بھی شرکت کی۔ ان میں سلمان خان، عامر خان اور کرکٹ سٹار سچن ٹنڈولکر بھی شامل تھے۔

بتایا گیا ہے کہ بھارت کی امیر ترین بیٹی کی شادی کی تقریبات میں سُپر امیر ایلیٹ شامل تھی۔ کئی شرکاء اپنے خصوصی طیاروں کے ذریعے اودے پور کے ایئرپورٹ پر پہنچے تھے۔ وہ ایئرپورٹ، جو سال بھر سنسان رہتا ہے، وہاں لگژری گاڑیوں کی بھرمار تھی۔

بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا  اور امریکی سنگر نک جونس نے رواں ماہ کے آغاز پر شادی کی تھی اور وہ بھی اس شادی میں شرکت کے لیے جھیل پچولا کے کنارے  واقع محل میں موجود تھے۔

اس شادی کی حتمی رسومات بدھ کے روز ادا کی جا رہی ہیں اور اس فنکشن کو نجی قرار دیتے ہوئے صرف چھ سو قریبی دوستوں اور  رشتہ داروں کو ہی مدعو کیا گیا ہے۔ اس میں کئی سیاستدان بھی شریک ہوں گے۔ ممبئی میں واقع امبانی ہاؤس کے ارد گرد پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ جب سن دو ہزار دس میں یہ گھر بنایا گیا تھا تو اس پر ایک ارب ڈالر لاگت آئی تھی۔ اس شادی پر آنے والے اخراجات کے حوالے سے بھارتی میڈیا میں مختلف اعداد و شمار گردش کر رہے ہیں۔ محتاط اندازوں کے مطابق اس پر پندرہ ملین ڈالر خرچ کیے گئے ہیں جبکہ دیگر ماہرین کے مطابق یہ شادی تقریبا ایک سو ملین ڈالر میں ہوئی ہے۔

ستائیس سالہ امبانی اور تینتیس سالہ پیرامل کی منگنی ستمبر میں اطالوی جھیل کومو کے مقام پر کی گئی تھی۔ اس شادی کے ساتھ ہی بھارت کے دو سب سے بڑے صنعتی خاندان ایک دوسرے سے جڑ گئے ہیں۔ مکیش امبانی تقریبا سینتالیس ارب ڈالر کے مالک ہیں اور حال ہی میں انہوں نے ایشیا کے امیر ترین چینی بزنس مین جیک ما کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔ یہ دونوں خاندان آئندہ دنوں میں بھی ممبئی میں متعدد تقریبات کا انعقاد کریں گے۔

تاہم بھارت میں ہر کوئی اس شادی سے خوش نہیں ہے۔ ایک ٹویٹر صارف کا اس حوالے سے کہنا تھا، ’’ عیشا امبانی کی شادی بھارت میں دولت کی غیر منصفانہ تقسیم کی بہترین مثال ہے۔‘‘ اس خاتون صارف نے مزید لکھا، ’’یہاں پر قوم کا امیر ترین خاندان ہے، جو اس قدر زیادہ دولت خرچ کر رہا ہے اور دوسری طرف ایسے لاکھوں بھارتی ہیں، جن کے پاس نہ تو کھانا اور نہ ہی چھت۔‘‘

ایک دوسرے ٹویٹر صارف کا تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’ ذرا تصور کیجیے، شاہانہ بھارتی شادی کا نیا اسٹینڈر بیونسے ہے۔‘‘ 

ا ا / ع ا ( اے ایف پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں