1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیٹی کی سالگرہ کے بہانے 23 بچوں کو یرغمال بنانے والا ہلاک

31 جنوری 2020

بھارتی پولیس نے 23 بچوں کو یرغمال بنانے والے شخص کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ہے۔ اس شخص نے اپنی بیٹی کی سالگرہ کے بہانے بچوں کو اپنے گھر مدعو کیا اور بعد میں انہيں یرغمال بنا لیا۔

Geiseln Indien  Farrukhabad, Uttar Pradesh
تصویر: Reuters

یہ واقعہ بھارت کی شمالی ریاست اتر پردیش کے ایک گاؤں میں پیش آیا۔ پولیس ترجمان آنند شرما کے مطابق یرغمال بنائے گئے تمام 23 بچوں کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق بچوں کو یرغمال بنانے والے اس شخص کا نام سبھاش باتھم تھا اور وہ قتل کے ایک مقدمے میں ضمانت پر رہا تھا۔ بچوں کو یرغمال بنانے کے بعد یہ شخص حکام سے مطالبہ کر رہا تھا کہ اس کے خلاف قتل کا مقدمہ ختم کیا جائے۔

مقامی افراد نے بعد ازاں پولیس کارروائی میں ہلاک ہونے والے سبھاش کی اہلیہ کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس ترجمان آنند شرما نے تاہم ان اطلاعات کی تصدیق نہیں کی کہ اس خاتون کو پتھر برسا کر قتل کر دیا گیا ہے۔

بھارت کے این ڈی ٹی وی کے مطابق گاؤں کے لوگوں نے جب سبھاش باتھم کی بیوی کو موقع واردات سے فرار ہوتے ہوئے دیکھا تو انہوں نے اس پر پتھر اور اینٹیں برسائیں۔ یہ خاتون بعد ازاں زخموں کو تاب نہ لاتے ہوئے آج جمعے کو انتقال کر گئی۔

آنند شرما کے مطابق سبھاش نے جمعرات 30 دسمبر کی شام بچوں کو اپنے ہاں یہ کہہ کر مدعو کیا کہ وہ اپنی ایک سالہ بیٹی کی سالگرہ منا رہا ہے اور جب تمام بچے وہاں پہنچ گئے تو اس نے گھر کو بند کر لیا اور بچوں کو بندوق کی نوک پر یرغمال بنا لیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق، ''ہم نے اس سے بات چیت کی کوشش کی مگر وہ مشتعل تھا اور اس نے گھر کے اندر سے فائرنگ کی جبکہ خود سے تیار کردہ بم بھی دکھایا۔ رات بھر جاری رہنے والے اس سلسلے کے بعد بالآخر یہ شخص پولیس کی فائرنگ سے مارا گیا۔‘‘ شرما کے مطابق اس دوران دو پولیس والے زخمی بھی ہوئے۔

پولیس کے مطابق یرغمال بنائے گئے تمام بچے محفوظ ہیں جن کی عمریں چھ ماہ سے لے کر 15 برس تک کے درمیان ہے۔

بھارتی میڈیا نے پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ سبھاش کا کہنا تھا کہ وہ بے قصور ہے اور یہ کہ گاؤں کے لوگوں نے اسے اس مقدمے میں غلط طور پر پھنسایا۔ اس لیے وہ گاؤں والوں سے بدلہ لینا چاہتا تھا۔

ڈی ڈبلیو کے ایڈیٹرز ہر صبح اپنی تازہ ترین خبریں اور چنیدہ رپورٹس اپنے پڑھنے والوں کو بھیجتے ہیں۔ آپ بھی یہاں کلک کر کے یہ نیوز لیٹر موصول کر سکتے ہیں۔

ا ب ا / ع س (ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں