تابکاری سے متاثرہ علاقوں میں خوراک پر پابندیاں
23 مارچ 2011امریکہ نے بھی جاپان سے مخصوص اشیائے خوردونوش کی درآمد پر پابندیاں لگا دی ہیں۔ اُدھر اقوام متحدہ کے ادارہ برائے جوہری توانائی آئی اے ای اے (IAEA) کا کہنا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ جاپان کے جوہری پاور پلانٹ سے ریڈی ایشن کا اخراج تاحال جاری ہے۔
خبررساں ادارے روئٹرز نے اقوام متحدہ کے جوہری توانائی کے ادارے کے ایک اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ فوکوشیما ڈائچی پلانٹ پر ریڈی ایشن کا اخراج کہاں سے ہو رہا ہے، یہ واضح نہیں ہے۔ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے جاپان حکام کی جانب سے اس بحران سے متعلق معلومات کے ناکافی ہونے پر تشویش بھی ظاہر کی ہے۔ دوسری جانب اس جوہری پاور پلانٹ پر متاثرہ ری ایکٹروں کو ٹھنڈا کرنے کی کوششیں بدستور جاری ہیں۔
بدھ کی صبح جاپان کے شمال مشرقی علاقوں میں زلزلے کے سلسلہ وار آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے۔ حکام نے بتایا ہے کہ ان آفٹر شاکس سے فوکو شیما ڈائچی پلانٹ پر کوئی نیا نقصان نہیں ہوا۔ تاہم ریڈی ایشن کی سطح بڑھنے پر اس پاور پلانٹ کے ری ایکٹر نمبر دو پر کام روکے جانے کی بھی اطلاع ہے۔
اُدھر جاپان کی نیشنل پولیس ایجنسی نے گیارہ مارچ کے زلزلے اور سونامی کے نتیجے میں نوہزار 408 ہلاکتوں کی تصدیق کر دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے اور لاپتہ افراد کی تعداد چوبیس ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ بعض متاثرہ علاقوں میں جرائم کی روک تھام کے لیے مزید نفری تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ گشت بھی بڑھا دیا گیا ہے۔
جاپان کے روزنامہ نکئی نے بدھ کی اشاعت میں بتایا ہے کہ حکومت نے رواں ماہ کی قدرتی آفت کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کا تخمینہ ایک سو پچاسی ارب ڈالر سے تین سو آٹھ ارب ڈالر تک لگایا ہے۔
اس زلزلے اور سونامی کو جاپان کی اٹھاسی سالہ تاریخ کی بدترین قدرتی آفت قرار دیا جا رہا ہے۔ 1923ء میں وہاں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں ایک لاکھ بیالیس ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔
رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے
ادارت: عابد حسین