صرف مرد ہی شہنشاہ کیوں: اقوام متحدہ کے سوال پر جاپان ناراض
30 جنوری 2025
جاپان میں شاہی خاندان کے صرف کسی مرد رکن کے ہی تخت نشین ہونے کے صدیوں پرانے قانون میں تبدیلی کے اقوام متحدہ کی ایک رائٹس کمیٹی کے مطالبے کے باعث ٹوکیو حکومت اس عالمی ادارے سے واضح طور پر ناراض ہو گئی ہے۔
جاپان کے موجودہ شہنشاہ ناروہیٹو اور ان کی اہلیہ، شہزادی ماساکو کی 2023ء میں انڈونیشیا کے ایک سرکاری دورے کے دوران لی گئی ایک تصویرتصویر: The Yomiuri Shimbun via AP /picture alliance
اشتہار
جاپان مشرق بعید کا ایک ایسا ملک ہے، جسے چڑھتے ہوئے سورج کی سرزمین بھی کہا جاتا ہے اور جاپانی معاشرہ اپنی تمام تر ترقی کے باوجود ایک روایتی اور قدامت پسند معاشرہ ہے۔ اس تناظر میں ٹوکیو حکومت کی اقوام متحدہ سے شدید ناراضی کی وجہ اس عالمی ادارے کی ایک کمیٹی کا موقف بنا، جو گزشتہ برس اکتوبر میں سامنے آیا تھا اور جس پر جاپانی حکومت نے اپنے باقاعدہ ردعمل کا اعلان آج جمعرات 30 جنوری کے روز کیا۔
ٹوکیو حکومت کا اعلان
ٹوکیو میں جاپانی حکومت نے کہا ہے کہ وہ آئندہ اقوام متحدہ کی خواتین کے حقوق سے متعلق ایک کمیٹی کے لیے کوئی مالی وسائل مہیا نہیں کرے گی۔ اس کے علاوہ اسی کمیٹی کی ایک خاتون رکن کا مجوزہ دورہ جاپان بھی معطل کر دیا گیا ہے۔
جاپانی کابینہ کے سیکرٹری یوشی ماسا ہایاشی نے کہا کہ اب اقوام متحدہ کی خواتین کے خلاف امتیازی سلوک کی روک تھام کے لیے قائم کمیٹی کی ایک رکن کا جاپان کا دورہ بھی منسوخ کر دیا گیا ہے اور جاپان اس کمیٹی کے لیے کوئی فنڈز بھی فراہم نہیں کرے گا۔
جاپانی شہنشاہ ناروہیٹو کی بیٹی، شہزادی آئیکو کی گزشتہ برس مارچ میں لی گئی ایک تصویرتصویر: Richard A. Brooks/AFP/Getty Images
ساتھ ہی ٹوکیو حکومت نے اقوام متحدہ کی اس کمیٹی سے یہ مطالبہ بھی کیا کہ وہ جاپانی شاہی قوانین سے متعلق اپنا موقف اور سفارشات بھی واپس لے۔ ٹوکیو حکومت میں وزیر کے عہدے پر فائز اور کابینہ کے سیکرٹری کہلانے والے ہایاشی نے کہا کہ جاپان میں شاہی وارث کے طور پر تخت نشین کون ہو گا، اس کا انسانی حقوق اور کسی بھی طرح کے صنفی امتیاز سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
اشتہار
اقوام متحدہ کی کمیٹی نے کیا کہا تھا؟
گزشتہ برس اکتوبر میں اقوام متحدہ کی خواتین سے متعلق اس رائٹس کمیٹی نے مطالبہ کیا تھا کہ جاپان کو اپنے ہاں ''وارث کے طور پر تخت نشینی کے قدیمی قوانین میں مردوں اور خواتین کے مابین صنفی مساوات کو یقینی بنانا چاہیے۔‘‘
ساتھ ہی اس کمیٹی نے یہ سفارش بھی کی تھی کہ جاپان اس سلسلے میں خود کو دیگر بادشاہتوں کی طرف سے متعارف کردہ ''اچھی مثالوں‘‘ سے ہم آہنگ بنائے۔
کمیٹی کے اس مطالبے کے برعکس جاپان میں صدیوں سے رائج شاہی قوانین کے تحت روایت یہ ہے کہ شاہی خاندان کے سربراہ کی اولاد میں سے صرف بیٹے ہی تخت نشین ہو کر ''شہنشاہ‘‘ بن سکتے ہیں۔
شہنشاہ ناروہیٹو کے بھائی اور ولی عہد آکی شینو کی سب سے بڑی بیٹی ماکو، جو تخت نشینی کے امکانات میں کہیں نظر نہیں آتیںتصویر: Imperial Household Agency of Japan via REUTERS
موجودہ شاہی خاندان
جاپان کا موجودہ شاہی خاندان اس ملک کا قدیمی حکمران گھرانہ ہے اور جاپانی قوم اپنے شہنشاہ کو بڑی تقدیس کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ اس گھرانے میں بھی ان دنوں شاہی وارث کے طور پر تخت نشینی سے متعلق مروجہ قوانین کے بارے میں کچھ کچھ بحث ہو رہی ہے۔
نومبر دو ہزار نو میں لی گئی ایک تصویر: (اب سابق) امریکی صدر اوباما ٹوکیو کے شاہی محل میں اس دور کے شہنشاہ اور ناروہیٹو کے والد، شہنشاہ آکی ہیٹو اور ان کی اہلیہ شہزادی میچی کو سے ملتے ہوئےتصویر: AP
موجودہ شہنشاہ ناروہیٹو کے جانشین ان کے بھائی ہو سکتے ہیں، جو عمر میں ان سے چند ہی برس چھوٹے ہیں۔
اس کے برعکس شہنشاہ ناروہیٹو کی اپنی ایک بیٹی بھی ہے، جن کی عمر اس وقت 24 سال ہے مگر وہ خاتون ہونے کی وجہ سے تخت نشین نہیں ہو سکتیں۔
مزید یہ کہ وقت آنے پر ناروہیٹو اور ان کے چھوٹے بھائی کے بعد جاپان کو اگر اپنے لیے شاہی خاندان کا نیا سربراہ تلاش کرنے کی ضرورت پڑی، تو وہ اس خاندان کے واحد نوجوان مرد رکن، 18 سالہ شہزادہ ہیساہیٹو ہوں گے۔
ہیساہیٹو موجودہ شہنشاہ کے بھتیجے اور مستقبل میں جانشینی کے حق دار کے طور پر ولی عہد بنائے گئے پرنس آکی شینو کے بیٹے ہیں۔
رائے عامہ کا رخ کس طرف؟
جاپان میں رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق ملکی رائے دہندگان میں سے کئی اس امکان کے لیے ہمدردانہ سوچ رکھتے ہیں کہ شاہی خاندان کی رکن خواتین کو بھی اصولی طور پر تخت نشینی کے حق دے دیا جائے۔
جاپانی کرنسی ین کی قیمت میں کمی، سیاحوں کی چاندی
01:17
This browser does not support the video element.
لیکن اپنی پدر شاہی روایات اور سخت سماجی اخلاقیات کے لیے مشہور ملک جاپان میں عوام کی اکثریت قدامت پسند ہے۔
خاص طور پر بادشاہت کے حوالے سے اس قدامت پسندی کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ اگر جاپانی شہزادیوں کو بھی شاہی گھرانے کی سربراہ بننے کا حق دے دیا گیا، تو یہ پوری جاپانی قوم کے لیے ایک ''بہت بڑی تبدیلی‘‘ ہو گی۔
یہ بنیادی تبدیلی اگلے چند برسوں میں شاید اس لیے عملی شکل اختیار نہ کر سکے کہ جاپانی پارلیمان میں شاہی وراثت سے متعلق معاملات کے حل کے موضوع پر ہونے والی طویل بحثوں کا بھی تاحال کوئی ٹھوس نتیجہ نہیں نکل سکا۔
م م / ع ا (اے ایف پی)
جاپانی شہنشاہ اور ’دیوتا‘ آکی ہیٹو کی تخت سے دستبرداری
جاپانی شہنشاہ آکی ہیٹو تیس سال تک تخت پر براجمان رہنے کے بعد اپنی ذمے داریوں سے دستبردار ہو رہے ہیں۔ وہ گزشتہ دو صدیوں کے دوران تخت سے دستبردار ہونے والے پہلے شہنشاہ ہیں۔ جاپان کے نئے شہنشاہ ان کے بیٹے ناروہیٹو ہوں گے۔
تصویر: Reuters/Japan Pool
شاہی خاندان کی روایات میں تبدیلی
جاپانی شاہی خاندان میں آنے والی اس بہت بڑی تبدیلی کا ایک انتہائی اہم پہلو یہ ہے کہ آکی ہیٹو جاپان میں گزشتہ دو سو سال میں تخت سے دستبردار ہونے والے پہلے شہنشاہ ہیں۔ مشرق بعید کی اس بادشاہت میں صدیوں پرانی روایت یہ ہے کہ کوئی بھی شہنشاہ جب ایک بار تخت سنبھال لے، تو وہ عمر بھر یہ ذمے داریاں انجام دیتا رہتا ہے۔
تصویر: Reuters/Japan Pool
تخت سے دستبرداری کی تقریبات
پچاسی سالہ آکی ہیٹو تین عشرے قبل ’چڑھتے ہوئے سورج کی سرزمین‘ جاپان میں تخت پر بیٹھے تھے۔ کل بدھ یکم مئی کو مذہبی اور روایتی تقریبات کے اختتام پر شہنشاہ آکی ہیٹو کی تخت سے دستبرداری کا عمل بھی مکمل ہو جائے گا، جس کی تکمیل صدیوں پرانی روایات پر سختی سے کاربند رہتے ہوئے کی جاتی ہے۔
تصویر: Reuters/Japan Pool
سورج کی دیوی سے دعا
ان کی شہنشاہ کے طور پر تخت سے دستبرداری کی شاہی تقریبات آج منگل 30 اپریل کو شروع ہوئیں، جو دو دن جاری رہیں گی۔ آج دن کے آغاز پر یہ تقریبات آکی ہیٹو کی طرف سے شِنٹو عقیدے کے مطابق سورج کی دیوی کی ایک عبادت گاہ میں دعائیہ تقریب کے ساتھ شروع ہوئیں۔
تصویر: Getty Images/AFP/Jiji Press
دیوتاؤں کو اطلاع دینے کی مذہبی تقریب
منگل تیس اپریل کی صبح جب شہنشاہ آکی ہیٹو روایتی جاپانی لباس پہنے ہوئے ’کاشی کودو کورو‘ کی شِنٹو عبادت گاہ گئے، تو اس کا مقصد وہاں عبادت کرتے ہوئے دیوتاؤں کو ان کی تخت سے دستبرداری کی اطلاع دینا تھا۔ یہ شِنٹو عبادت گاہ ’آماتےراسُو‘ نامی شِنٹو دیوی کے نام پر قائم کی گئی تھی، جنہیں جاپان میں شاہی خاندان کے ’براہ راست اجداد‘ میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔
تصویر: Reuters/Issei Kato
تخت سے دستبرداری کے روایتی تقاضے
آج منگل کے روز پہلے شہنشاہ آکی ہیٹو شاہی محل میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کریں گے، جس میں اعلیٰ ترین حکومتی نمائندوں کے علاوہ شاہی خاندان کے مرد ارکان بھی حصہ لیں گے۔ شاہی قانونی روایات کے مطابق آکی ہیٹو آج رات مقامی وقت کے مطابق بارہ بجے تک شہنشاہ رہیں گے۔ پھر اس کے بعد بدھ کو ان کے بیٹے اور ولی عہد ناروہیٹو نئے شہنشاہ کے طور پر تخت پر بیٹھیں گے۔
تصویر: picture-alliance/dpa
وراثت کی منتقلی
اس کے بعد ایک اور علیحدہ شاہی تقریب بھی منعقد ہو گی، جس میں نئے شہنشاہ کے طور پر ناروہیٹو کو شاہی تلوار، ہیرے جواہرات، شاہی خاندان کی مہر اور جملہ شاہی اختیارات منتقل کر دیے جائیں گے۔ جاپان میں یہ تقریب شاہی وراثت کی منتقلی کی تقریب کہلاتی ہے۔
تصویر: Reuters/Japan Pool
آکی ہیٹو کی شخصیت
جاپان دنیا کی قدیم ترین بادشاہت ہے، جہاں آکی ہیٹو سے پہلے ان کے والد ہیروہیٹو شہنشاہ تھے۔ ہیروہیٹو دوسری عالمی جنگ کے دوران بھی جاپانی تخت کے مالک تھے اور ان کا جاپانی عوام ایک دیوتا جیسا احترام کرتے تھے۔ اس لیے کہ جاپان میں بادشاہ کو انتہائی مقدس سمجھا جاتا ہے۔
تصویر: Reuters/Imperial Household Agency of Japan
آکی ہیٹو کا دور حکمرانی
آکی ہیٹو اپنے والد ہیروہیٹو کے انتقال کے بعد 1989ء میں تخت پر بیٹھے تھے اور 2016ء میں انہوں نے یہ اعلان کر کے ہر کسی کو حیران کر دیا تھا کہ وہ تخت سے دستبردار ہونا چاہتے تھے۔ انہیں ماضی میں سرطان کا مرض بھی لاحق رہا ہے اور ان کے دل کا آپریشن بھی ہو چکا ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/E. Hoshiko
ایک عام جاپانی خاتون سے شادی
جاپانی شاہی خاندان میں آکی ہیٹو کی شخصیت کی خاص بات یہ رہی ہے کہ انہوں نے اس گھرانے کے کردار کو جدید بنانے کی کوشش کی۔ وہ ایسے پہلے شہنشاہ تھے، جنہوں نے ایک عام جاپانی خاتون سے شادی کی تھی۔ یہی خاتون بعد میں ’ملکہ میچی کو‘ بنیں۔
تصویر: Reuters/Kyodo
ایک عوام دوست شہنشاہ
ان کے بارے میں یہ بھی کہا جاتا ہے کہ انہوں نے جاپانی عوام کے ساتھ اپنے رابطوں اور شاہی منصب پر فائز ہونے کے باوجود عام شہریوں کے لیے اپنی جذباتی قربت کا کئی بار مظاہرہ کیا، جسے بہت سراہا گیا تھا۔ اس انتہائی انسان دوست شاہی رویے کی بڑی مثالیں 2011ء میں آنے والے زلزلے اور سونامی طوفان اور اس سے قبل 1995ء میں کوبے شہر میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے موقع پر بھی دیکھی گئی تھیں۔
تصویر: Reuters/K. Kyung-Hoon
ولی عہد ناروہیٹو کون ہیں؟
آئندہ شہنشاہ ناروہیٹو کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ بھی اپنے والد کی طرح جاپانی شاہی خاندان کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا عمل جاری رکھیں گے۔ وہ آکسفورڈ یونیورسٹی سے تعلیم یافتہ ہیں اور انہوں نے آکسفورڈ اور ہارورڈ یونیورسٹیوں سے تعلیم یافتہ ماساکو اوواڈا سے شادی کر رکھی ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/T. Kawada
ناروہیٹو اور بیٹی کی پیدائش
ناروہیٹو کی عمر اس وقت 59 برس ہے اور وہ ماضی میں ملکی شاہی زندگی کے چند پہلوؤں پر تنقید کرنے سے بھی نہیں گھبرائے تھے۔ ناروہیٹو کی ماساکو اوواڈا سے شادی 1993ء میں ہوئی تھی اور اس سے قبل وہ ایک کامیاب سفارت کار تھیں۔ ماساکو اوواڈا پر جاپانی عوام کی توقعات کے حوالے سے ایک بڑا دباؤ یہ بھی تھا کہ وہ ایک بیٹے کو جنم دے کر ملک کو مستقبل کے لیے تخت کا ایک نیا وارث مہیا کریں، مگر ایسا ہو نہیں سکا تھا۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/Kyodo
تخت نشینی کے حقدار صرف مرد
ولی عہد ناروہیٹو اور شہزادی اوواڈا کی صرف ایک ہی اولاد ہے اور وہ شہزادی آئیکو ہیں، جو 2001ء میں پیدا ہوئی تھیں۔ لیکن شہزادی آئیکو مستقبل میں تخت پر ملکہ کے طور پر براجمان نہیں ہو سکیں گی، کیونکہ جاپان میں تخت کا وارث صرف کوئی بادشاہ ہی ہوتا ہے۔
تصویر: AP
مستقبل کے ممکنہ جانشین
ناروہیٹو کے تخت نشین ہونے کے بعد ان کے ممکنہ جانشین ان کے بھائی شہزادہ آکی شینو ہی ہو سکتے ہیں۔ لیکن آکی شینو کا اپنا بھی صرف ایک ہی بیٹا ہے، جس کی عمر اس وقت صرف 12 برس ہے۔ اس طرح ناروہیٹو کے بادشاہ بننے کے بعد دنیا کی اس قدیم ترین بادشاہت کے لیے آکی شینو اور ان کے اس وقت کم عمر بیٹے کے علاوہ ملکی تخت کا کوئی مرد وارث موجود ہی نہیں ہے۔