1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تربوز میٹھا ہے یا نہیں؟ لیجیے جواب مل گیا

عاطف توقیر5 جنوری 2016

اسرائیل میں ایک نئی کمپنی نے ایک دستی مالیکیولر سکینر متعارف کروایا ہے، جس کا رخ جس چیز کی طرف کیا جائے، یہ اس میں مستعمل اشیاء، کیلوریز، شوگر اور دیگر اہم معلومات آپ کے سامنے رکھ دیتا ہے۔

Israel SCIO Scanner
تصویر: J. Guez/AFP/Getty Images

اس چھوٹے سے آلے کے ذریعے ہر کھانے یا پینے والی غذا میں موجود اشیاء کی مکمل فہرست، اس میں موجود توانائی اور شوگر اعداد و شمار کی صورت میں دکھائی دیتی ہے۔ صرف غذا ہی نہیں بلکہ اگر اس آلے کا رخ کسی دوا کی طرف کیا جائے، تو یہ اس دوا کا نام اور اس میں موجود اجزاء کا احوال بھی بیان کر دیتا ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق یہ آلہ بتا سکتا ہے کہ سامنے رکھے برگر میں کتنی کیلوریز ہیں۔

کنزیومر فزکس یا صارفی طبعیات نامی اس کمپنی کے مطابق ایس سی آئی او نامی یہ آلہ صارف کے موبائل فون سے منسلک ہوتا ہے اور جیب میں رکھے ہوئے اس آلے کے ذریعے کسی شے کی کیمیائی ترکیب موبائل فون کی اسکرین پر نمودار ہو جاتی ہے۔ اس اسرائیلی کمپنی کا کہنا ہے کہ متعدد ایپلیکشنز کے ذریعے اس آلے اور موبائل فون کو آپس میں جوڑا جا سکتا ہے۔

سمارٹ فونز کے ایپلیکشن اس آلے سے منسلک ہو جاتے ہیںتصویر: Fotolia/ExQuisine

SCiO نامی اس آلے کو گزشتہ ماہ مارکیٹ میں متعارف کرایا گیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اس آلے کو کسی شے سے طبعی طور پر مس کرنے کی بھی ضرورت نہیں ہوتی، کیوں کہ یہ نیئر انفراریڈ سپیکٹروسکوپی نامی شعاعیں خارج کر کے اشیاء کی کیمیائی ترکیب، ان میں موجود اجزاء، کیلوریز اور شوگر سے متعلق معلومات حاصل کر لیتا ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق کسی شے میں موجود ہرمالیکول اس آلے سے خارج ہونے والی شعاع کے ساتھ مل کر ایک خصوصی عکسی اظہاریہ پیدا کرتا ہے، جس سے اس شے کی کیمیائی خصوصیات بشمول نمی، چربی یا تیل اور شوگر وغیرہ کا پتہ چل جاتا ہے۔

یعنی کسی سپرمارکیٹ میں رکھے ٹماٹر کی بابت یہ معلوم کرنا ہو کہ اس میں کتنی شوگر موجود ہے، تو یہ آلہ نہایت آسانی سے یہ معلومات مہیا کر سکتا ہے۔ تاہم فی الحال اسے خصوصاﹰ تیار کھانوں مثلاﹰ پاستہ، شوربے، گوشت اور سبزیوں میں موجود اجزاء کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

اس کمپنی کا کہنا ہے کہ صارفین سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کو مسلسل ایک ذخیرے کی شکل دی جا رہی ہے، جس میں صارفین یہ بتا دیتے ہیں کہ کس غذا میں کس قدر تیل، چینی، یا دیگر اجزاء شامل کیے جا رہے ہیں اور یہی موجود معلومات یہ آلہ استعمال کرتا۔

تاہم اس کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ آپ بازار جائیے اور تربوز کی بابت اس آلے سے یہ پوچھ لیجیے کہ آیا، اس میں شوگر کی کتنی مقدار موجود ہے اور اگر آپ کو میٹھا تربوز کھانا ہے، تو سب سے زیادہ شوگر والا تربوز خرید لیجیے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں