1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ترکی اور شام ، تناؤ میں اضافہ

Adnan Ishaq23 جون 2012

ترکی کا شمار شام کے حلیف ملکوں میں ہوتا تھا اور انقرہ حکومت بھی شامی بحران کے حل میں خاص دلچسپی لیتی رہی ہے۔ اب شام کی جانب سے ترک جیٹ طیارے کو گرائے جانے کے واقعے سے خطے میں مزید کشیدگی پیدا ہونے کا امکان ہے۔

Türkische Kriegsflugzeuge ARCHIVBILD 2007
تصویر: AP

ترک حکومت کے بقول یہ واقعہ کسی صورت بھی نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ ترک صدر عبداللہ گل نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ’’ ہوسکتا ہے کہ ایف چار جنگی طیارہ شامی حدود میں داخل ہوگیا ہے‘‘۔ ان کے بقول دوران پرواز تیز رفتاری کی وجہ سے بغیر کسی غلط مقصد کے اکثر ایسا ہو بھی جاتا ہے۔ ترک وزیراعظم رجیب طیب ایردوان کی صدارت میں ایک ہنگامی اجلاس ہو چکا ہے جبکہ انہوں نے دوسرا طلب کر لیا ہے۔ اس اجلاس میں کابینہ کے چیدہ چیدہ وزراء، فوج کے سربراہان اور دیگر اعلی سرکاری اہلکار شرکت کریں گے۔ ایردوان نے کہا کہ بات چیت کے بعد انقرہ حکومت اپنا موقف واضح کرے گی اور اس تناظر میں تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انقرہ میں وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق شام نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے معذرت کی ہے۔ دمشق حکام کے بقول ایک نامعلوم ہدف شامی حدود میں داخل ہوا اور شناخت واضح نہ ہونے پر اسے نشانہ بنایا گیا۔ ترکی اور شام کی جانب سے بحیرہء روم میں دونوں پائلٹس کی تلاش کا کام جاری ہے۔

یہ واقعہ کسی صورت بھی نظر انداز نہیں کیا جائے گا، صدر عبداللہ گلتصویر: dapd

اس سے قبل اپریل کے مہینے میں شامی افواج نے ترکی کی حدود میں فائرنگ کرتے ہوئے متعدد شامی باشندوں کو ہلاک کر دیا تھا اور اس دوران ترک شہری بھی ہلاک ہو گئے تھے۔ اس وقت ترکی نے دمشق حکومت کو خبردار کیا تھا کہ نیٹو کا رکن ہونے کی صورت میں وہ آرٹیکل 5 پر عمل کرنے کی درخواست کر سکتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ نیٹو میں شامل کسی بھی ملک کے خلاف کارروائی، پورے اتحاد پر حملہ تصور کی جائے گی۔ سیاسی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد شام کے خلاف نیٹو کارروائی کے موضوع پر ایک مرتبہ پھر بحث شروع ہو سکتی ہے۔ ماہرین کے بقول جیٹ طیاروں کی جانب سے فضائی حدود اس نوعیت کی کی خلاف ورزی پر، ان کا پیچھا کیا جاتا ہے اور انہیں اترنے پر مجبور کیا جاتا ہے نا کہ گرا دیا جائے۔

گزشتہ برس مارچ میں شامی صدر بشارالاسد کے خلاف شروع ہونے والی تحریک کے بعد سے ہزاروں افراد ترکی ہجرت کر چکے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اب دونوں پڑوسی ممالک کے پہلے سے کشیدہ حالات میں اب مزید تناؤ پیدا ہو گا۔

ai /ah (Reuters, AFP)

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں