1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ترکی اور یونان میں موسلا دھار بارشوں سے متعدد افراد ہلاک

6 ستمبر 2023

یونان، ترکی اور بلغاریہ میں طوفانی بارشوں کے سبب آنے والے سیلاب کی وجہ سے اب تک متعدد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ موسم گرما میں شدید گرمی کے دوران زبردست بارشوں سے سیلاب کی صورتحال پیدا ہوئی۔

یونان میں بارش اور سیلاب سے تباہی کا منظر
یونان کے محکمہ موسمیات کے مطابق وولوس میں تقریباً 200 ملی میٹر یعنی تقریباً آٹھ انچ کے قریب بارش ہوئی، جب کہ پڑوسی شہر زگورا میں تقریباً 600 ملی میٹر بارش درج کی گئیتصویر: Sevina Dariotou/Eurokinissi/ANE/IMAGO

وسطی یونان، ترکی اور بلغاریہ میں شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے اب تک کم از کم سات افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول میں زبردست بارشوں سے تقریباً پورے شہر کی گلیوں میں پانی بھر گیا ہے۔

جرمنی میں طوفانی بارشیں، 42 افراد ہلاک درجنوں لاپتہ

ترکی میں حکام نے بتایا کہ طوفانی بارشوں کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوئے جبکہ چار دیگر لاپتہ ہیں۔ ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول میں حالات کافی خراب ہوئے جہاں کئی علاقوں کی گلیوں اور گھروں میں بھی پانی بھر گیا۔

چند گھنٹوں کی بارش اور لاہور کا ’نظام ٹھپ‘

ترکی کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے کہا کہ بلغاریہ کی سرحد کے قریب شمال مغربی صوبہ کرکلریلی میں ایک کیمپ کے پاس سے سیلابی ریلا بہنے کے بعد امدادی ٹیموں نے دو لاشیں برآمد کیں جبکہ چار دیگر لاپتہ ہیں۔

اب زیادہ طوفانی بارشیں ہوا کریں گی کیونکہ ...

انہوں نے بتایا کہ جب بارش کا سیلابی ریلا یہاں پہنچا تو اس وقت تقریباً 12 افراد اپنی تعطیلات کے لیے اس مقام پر موجود تھے۔

کراچی میں تباہ کن بارش، 33 افراد ہلاک

ترکی کی انادولو خبر رساں ایجنسی کے مطابق پیر کے روز بھی جنوب مغربی ترکی میں شدید بارشیں ہوئی تھیں اور اس دوران آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے مختلف 36  مقامات پر آگ لگنے کے واقعات پیش آئے تھے۔

ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول میں حالات کافی خراب ہوئے جہاں کئی علاقوں کی گلیوں اور گھروں میں بھی پانی بھر گیا۔تصویر: Cem Tekkesinoglu/AA/picture alliance

یونان میں طوفانی بارشوں سے تباہی

یونان میں فائر ڈپارٹمنٹ نے بتایا کہ ایک شخص وسطی قصبے وولوس کے قریب ہلاک ہوا، جو بارش سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ قریب کے پہاڑی گاؤں پیلیون اورسیاحتی مقام جزیرہ سکیاتھوس بھی بارشوں سے بری طرح متاثر ہوئے۔

یونان کے محکمہ موسمیات کے مطابق وولوس میں تقریباً 200 ملی میٹر یعنی تقریباً آٹھ انچ کے قریب بارش ہوئی، جب کہ پڑوسی شہر زگورا میں تقریباً 600 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔

ملک کے ایک ماہر موسمیات نے سرکاری نشریاتی ادارے ای آر ٹی کو بتایا کہ ''24 گھنٹوں میں اتنی مقدار میں بارش ہوئی ہے کہ پورے موسم خزاں میں ہونے والی معمول کی بارشوں کے برابر پانی گرا ہے۔''

حکام کے مطابق طوفان سے ہونے والے نقصانات کا ابھی مکمل اندازہ لگایا جانا باقی ہے۔

ایک حکومتی ترجمان یانیس ارتوپیوز نے سرکاری نشریاتی ادارے سے بات چیت میں کہا کہ وولوس کے ایک ہسپتال کے تہہ خانے میں پانی بھر گیا ہے اور حکام ''پانی کو باہر نکالنے کے کام میں مصروف تھے۔''

یونان کے ایک ماہر موسمیات نے سرکاری نشریاتی ادارے ای آر ٹی کو بتایا کہ 24 گھنٹوں میں اتنی مقدار میں بارش ہوئی ہے کہ پورے موسم خزاں میں ہونے والی معمول کی بارشوں کے برابر پانی گرا تصویر: EUROKINISSI/AFP

آگ لگنے کے واقعات سے طغیانی تک

یہ زبردست بارشیں جنگل میں لگنے والی اس آگ کے فوری بعد پیش آئی ہیں، جس کی وجہ سے اس موسم گرما کے اوائل میں تمام طرح کی سروسز کو نقصان پہنچا تھا۔

شمال مشرقی یونان کو بڑے پیمانے پر جنگل کی آگ کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے جنگل کے کئی وسیع حصّے تباہ ہو گئے۔ تقریبا 17 دن تک بھڑکنے والی یہ آگ اس ہفتے کے اوائل میں کچھ نرمی پڑتی دکھائی دی۔

ترکی کی سرحد کے قریب ایوروس کے علاقے میں لگنے والی جنگل کی آگ کی وجہ سے وہ 20 افراد ہلاک بھی ہوئے،  جن کے بارے میں یہ خیال کیا جاتا ہے کہ وہ سب کے سب تارکین وطن تھے۔

سائنس دانوں نے خبردار کیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں شدیدگرمی کی لہروں کے ساتھ ہی طوفانوں سمیت شدید نوعیت کا موسم بار بار مزید شدید ہوتا جا رہا ہے، اور اس کی وجہ فوسل ایندھن ہے جس کے استعمال سے ایسا ہو رہا ہے۔

بلغاریہ میں بھی دو افراد ہلاک

بلغاریہ کے وزیر اعظم نکولے ڈینکوف نے کہا کہ ملک کے جنوبی بحیرہ اسود کے ساحل پر طوفانی بارشوں کے بعد سیلاب کی وجہ سے دو افراد ہلاک اور تین دیگر لاپتہ ہیں۔

خطرے کے نشان سے اوپر بہنے والے ندی نالوں سے علاقے کی سڑکوں اور پلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور اس کی وجہ سے بجلی کی ترسیل بھی متاثر ہوئی۔ حکام نے رہائشیوں کو خبردار کیا کہ وہ سیلابی پانی سے آلودہ ہونے کی وجہ سے نل کا پانی نہ پییں۔

ص ز/ ج ا (اے ایف پی، اے پی، ڈی پی اے)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں