1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
اقتصادیاتترکی

ترکی اپنا میزائل شکن دفاعی نظام ’سٹیل ڈوم‘ تیار کرے گا

8 اگست 2024

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کا رکن ملک ترکی قومی سطح پر پہلی مرتبہ اپنا ایک ایسا میزائل شکن دفاعی نظام تیار کرے گا، جسے ’سٹیل ڈوم‘ کا نام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ترکی کا مکمل طور پر اندرون ملک تیار کردہ پہلا جنگی طیارہ ’کان‘، دوران پرواز کلی گئی ایک تصویر
ترکی کا مکمل طور پر اندرون ملک تیار کردہ پہلا جنگی طیارہ ’کان‘، اولین پرواز کے دوران لی گئی ایک تصویرتصویر: Turkish Defence Industry Agency/Anadolu/picture alliance

ترک دارالحکومت انقرہ سے جمعرات آٹھ اگست کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق ترکی میں دفاعی صنعت کے نگران قومی ادارے کے سربراہ نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں اعلان کیا کہ ترکی اپنا  ایک اینٹی میزائل ڈیفنس سسٹم تیار کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

یوکرین کے لیے بھاری ہتھیار: کونسے ممالک کس طرح کا اسلحہ فراہم کر رہے ہیں؟

ترکی میں ملکی دفاعی صنعت کے نگران ادارے کا نام ایس ایس بی (SSB) ہے، جس کے صدر ہالوک گورگن نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا، ''ہمارے سٹیل ڈوم نامی قومی منصوبے کے ذریعے ہمارے فضائی دفاعی نظام، ان کے سینسرز اور ہمارے ہتھیار سب کچھ ایک نیٹ ورک کی صورت میں مربوط ہو جائے گا۔‘‘

منصوبے کی قیادت ریاستی دفاعی اداروں کے پاس

ہالوک گورگن نے کہا کہ اس منصوبے کی قیادت ریاستی انتظام میں کام کرنے والی دفاعی شعبے کی کمپنیاں، جیسے آسیلسان (Aselsan)، روکٹسان (Roketsan) اور ایم کے ای (MKE) کریں گی، جنہیں پبلک ریسرچ گروپ Tubitak Sage جیسے اداروں کا مکمل تعاون بھی حاصل ہو گا۔

ریاستی انتظام میں کام کرنے والی دفاعی شعبے کی کمپنی آسیلسان ترکی کی بہت بڑی ڈیفنس کمپنی ہےتصویر: Pavlo Gonchar/ZUMAPRESS.com/picture alliance

ترک پبلک ٹیلی وژن 'ٹی آر ٹی خبر‘ نے بتایا کہ ایک اینٹی میزائل ڈیفنس سسٹم کے طور پر 'سٹیل ڈوم‘ ایک ایسی حفاظتی چھتری کا کام دے گا، جو ترک فضائی حدود کی حفاظت بھی کر سکے گی اور ساتھ ہی ہر طرح کے خطرات کے فوری جواب کی اہل بھی ہو گی۔

ترکی افریقہ میں اپنا اثر و رسوخ کیسے بڑھا رہا ہے؟

'ٹی آر ٹی خبر‘ نے ہالوک گورگن کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 'سٹیل ڈوم‘ سسٹم بہت مختصر فاصلے سے لے کر بہت طویل فاصلے تک، اور کم سے کم بلندی سے لے کر زیادہ سے زیادہ بلندی تک سے پیدا ہونے والے ہر طرح کے خطرات کا مقابلہ کرنے کا اہل ہو گا۔

ہالوک گورگن کے آج جاری کردہ ویڈیو پیغام کے بعد نیوز ایجنسی اے ایف پی نے جب مزید تفصیلات کے لیے ان کے ادارے ایس ایس بی سے رابطہ کیا، تو اس نے مزید کوئی بھی تفصیلات بتانے سے انکار کر دیا۔

بی وائے ڈی کا ترکی میں الیکٹرک کاروں کی تیاری کا منصوبہ

ترک صدر رجب طیب ایردوآن دفاعی پیداوار کی ملکی صنعت کو زیادہ سے زیادہ ترقی کرتا دیکھنا چاہتے ہیںتصویر: DHA

ترکی اب دفاعی مصنوعات کا اہم برآمد کنندہ ملک

بیک وقت ایشیا اور یورپ دونوں براعظموں میں واقع ترکی کے بارے میں یہ بات بھی اہم ہے کہ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے دفاعی شعبے کی مصنوعات کا ایک بڑا برآمد کنندہ ملک بن چکا ہے، خاص طور پر ڈرونز برآمد کرنے کے معاملے میں۔

اس کے علاوہ صدر رجب طیب ایردوآن بھی ملکی دفاعی صنعت کے بہت بڑے حامی ہیں اور اسے زیادہ سے زیادہ ترقی کرتا دیکھنا چاہتے ہیں۔

ترکی نے اسی سال اپنا مکمل طور پر اندرون ملک تیار کردہ پہلا جنگی طیارہ بھی بنا لیا تھا، جس نے فروری میں اپنی اولین کامیاب پرواز کی تھی۔

ترکی گزشتہ کچھ عرصے سے دفاعی شعبے کی مصنوعات کا ایک بڑا برآمد کنندہ ملک بن چکا ہےتصویر: Baykar/AA/picture alliance

'کان‘ نامی یہ قطعی طور پر 'ہوم میڈ‘ فائٹر جیٹ انقرہ میں ترک فضائیہ کے ایک اڈے سے اڑا تھا اور بعد میں وہیں پر اس نے کامیابی سے لینڈنگ کی تھی۔

م م / ش ر (اے ایف پی، ڈی پی اے)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں